جمعہ, مئی 17, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 12888

بندر ڈاکٹروں کے نقش قدم پر چل پڑے

0

افریقی جنگلوں میں رہنے والے بندر ماہر ریسکیو اہلکاروں اور ڈاکٹروں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ساتھی بندروں کو سی پی آر دینے لگے۔

اکثر اوقات ایسے مناظر دیکھنے میں آتے ہیں کہ کسی حادثے میں زخمی ہونے والے یا پانی میں ڈوبنے والے شخص کی سانس بحال کرنے کےلیے ماہر ریسکیو اہلکار یا ڈاکٹر سی پی آر دیتا ہے۔

کسی ماہر ریسکیو اہلکار یا ڈاکٹر کی طرح براعظم افریقہ کے ملک بوستوانا کے جنگلات میں رہنے والے بندر نے سی پی آر کے ذریعے ساتھی بندر کی سانس بحال کی۔

جنگلی حیات کی تصاویر بنانے والے فوٹوگرافر نے بوستوانا کے جنگلات میں پیش آنے والے واقعے کو اپنے کیمرے میں قید کرلیا جو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہا ہے۔

فوٹوگرافر کا کہنا ہے کہ میں جنگلی جانوروں کی تصاویر بنارہا تھا کہ اچانک ایک بندر کھیلتے کھیلتے زمین ہر گر پڑا اور بے ہوش ہوگیا اتنے میں ایک اور بندر وہاں آیا اور ساتھی بندر کو سی پی آر دینے لگا جس کے باعث اس کی سانس بحال ہوگئی اور وہ دوبارہ اٹھا بیٹھا۔

واضح رہے کہ سی پی آر منہ کے ذریعے کسی دوسرے مریض کو سانس دینے کے عمل کو کہتے ہیں۔

Gone with the Wind کی ریلیز میں دو سال تاخیر کیوں‌ ہوئی؟

0

1939ء میں ہالی وڈ کی فلم Gone with the Wind (گون وِد دا وِنڈ) ریلیز ہوئی جس نے شائقین اور ناقدین سبھی کو اپنی طرف متوجہ کرلیا۔ اس فلم نے مختلف زمروں‌ میں اکیڈمی ایوارڈ حاصل کرنے کا ریکارڈ بنایا اور شان دار آرٹ فلم قرار پائی۔ اسے ہالی وڈ میں کلاسک کا درجہ حاصل ہے۔

ہدایت کار وکٹر فلیمنگ کی یہ شاہ کار بعد میں آنے والوں کے لیے مثال بنی جس کا سبب ان کی محنت اور کسی موقع پر سمجھوتا نہ کرنا تھا۔ اس کی تفصیل میں‌ جانے سے پہلے جان لیں‌ کہ فلم میں مرکزی کردار کس نے نبھایا۔ کلارک گیبل اور ویوین لیہہ وہ اداکار ہیں‌ جنھوں نے اپنی پرفارمنس سے اس کہانی میں‌ رنگ بھردیے، جب کہ لیزلی ہارورڈ اور اولیویا نے بھی مرکزی کردار نبھاتے ہوئے شان دار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور شائقین کی توجہ کا مرکز بنے۔

اس فلم کی کہانی ایک ایسی بُری عورت کے گرد گھومتی ہے جو مختلف حالات کا سامنا کرتی ہے اور پھر اسے اپنی غلطی کا احساس ہوتا ہے، تب وہ ایک وفادار بیوی بن جاتی ہے۔ یہ رومان پرور کہانی مارگریٹ مِچل کے ناول سے ماخوذ تھی۔ یہ ناول 1936 میں‌ منظرِ‌عام پر آیا تھا۔

اس فلم میں‌ رومانس کے ساتھ انسانی نفسیات کے پہلوؤں کو نہایت خوب صورتی کے عکس بند کیا گیا تھا جسے ناقدین اس فلم کی بڑی خصوصیت قرار دیتے ہیں۔

اہم اور دل چسپ بات یہ ہے کہ فلم کے ڈائریکٹر نے اس کے اسکرپٹ پر کوئی سمجھوتا نہیں‌ کیا اور فلم کی کہانی متعدد بار لکھوائی گئی۔ کہانی کاروں‌ میں‌ سڈنی ہاورڈ ، جوسوارلنگ اور ربین ہیچ شامل تھے۔ انھوں نے ڈائریکٹر کے کہنے پر کئی بار اسکرپٹ میں‌ ترامیم کیں۔

آرٹ ڈیزائنر ولیم کیمرون نے بھی اس فلم کے لیے بہت محنت کی تھی جسے بہت سراہا گیا اور انھوں‌ نے اکیڈمی ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔ اس فلم کی تکمیل میں‌ دو سال کی تاخیر بھی ہوئی جس کا سبب کرداروں اور اسکرپٹ کے حوالے سے ڈائریکٹر کا مطمئن نہ ہونا تھا۔

مارگریٹ مِچل کا ناول بھی جس سے اس فلم کی کہانی ماخوذ تھی، 1936ء میں‌ اپنی اشاعت کے بعد خاصا مقبول ہوا۔ مارگریٹ مِچل کا تعلق امریکا سے تھا جہاں‌ وہ صحافت سے منسلک تھیں۔ یہ ناول ان کی واحد ادبی تخلیق تھی جس پر انھیں‌ اس سال نیشنل بک ایوارڈ دیا گیا اور اگلے برس پلٹزر پرائز کی حق دار قرار پائیں۔

فلم کی بات کی جائے تو اسے زبردست کام یابی ملی اور متعدد زمروں میں‌ اکیڈمی ایوارڈ کے لیے نام زد ہوئی۔ شان دار فلم، بہترین اداکارہ اور معاون اداکارہ، بہترین ڈائریکٹر، بیسٹ آرٹ ڈائریکشن اور ایڈٹنگ کے اعزازات اس فلم نے اپنے نام کیے۔

شادی تقریبات کی وجہ سے کرونا تیزی سے پھیل رہا ہے، معاون خصوصی

0
چیئرمین PTI کے حوالے سے سلو پوائزننگ کی بات درست نہیں، ڈاکٹر فیصل سلطان

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ شادی تقریبا ت کی وجہ سےکرونا تیزی سے پھیل رہا ہے، اب ہمیں مشکل اور سخت فیصلے کرنا ہوں گے ورنہ صورت حال بہت خراب ہوسکتی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاؤر پلے میں میزبان ارشد شریف کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں اس بات کا ادراک ہے کہ کرونا کیسز میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’عوام کی اکثریت کرونا کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی اسی وجہ سے اب مشکل اور سخت فیصلے کرنے کا وقت آگیا ہے کیونکہ کرونا کی دوسری لہر پہلے سے زیادہ خطرناک ہوسکتی ہے‘۔

معاونِ خصوصی کا کہنا تھا کہ شادی کی تقریبات میں بھی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے، اسی وجہ سے کرونا تیزی سے پھیل رہا ہے، اگر عوام نے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا تو ہم سخت فیصلے کریں گے‘۔

مزید پڑھیں: کورونا کے پھیلاؤ میں اضافہ ، این سی او سی اجلاس میں بڑے فیصلے

یہ بھی پڑھیں: کورونا کیسز میں تشویشناک اضافہ، 16 نومبر کو اسکولوں کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع

فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں کرونا ویکسین پہنچنے میں ابھی بہت وقت لگے گا، فائزر کمپنی نے مؤثر ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ تو کردیا مگر وہ دوا مارکیٹ میں آنے میں کافی وقت لگ سکتا ہے‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’مختلف ممالک نے ویکسین کے حصول کے لیے پہلے سے ہی رقم جمع کروادی ہیں، پاکستان ابھی ایسی پوزیشن میں نہیں کہ خوراک کے حصول کے لیے رقم جمع کراسکے‘۔

معاونِ خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کرونا فنڈز کی منظوری دی ہے، جس میں جمع ہونے والی رقم کو کرونا وبا کی ویکسین اور روک تھام کیلئےاستعمال کیا جائے گا۔

گردے کا ورم کتنا خطرناک ہے؟

0

گردوں کے امراض کے نتیجے میں ہونے والی سوزش (سوجن) بعض اوقات اس قدر حد تک بڑھ سکتی ہے کہ جس کی وجہ سے گردہ ضائع ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

عام طور پر جب بیکٹیریا گردے میں داخل ہوتا ہے تو انسان مختلف بیماریوں کا شکار ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے پیشاب میں جلن اور مثانے کی تکلیف شروع ہوجاتی ہے۔

عرب میڈیا رپورٹ نے سیدیتی شمارے میں شائع ہونے والے ایک مضمون کا ترجمہ کر کے اسے اپنی ویب سائٹ پر شائع کیا جس کے مطابق گردوں میں ہونے والا کسی بھی قسم کا انفکیشن دونوں گردوں کو بیک وقت متاثر کرسکتا ہے لہذا اسے معمولی نہ سمجھا جائے اور فوری طبیب سے رجوع کیا جائے۔

پروفیسر ڈاکٹر احمد شعبان نے عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گردے میں بیکٹیریا پیشاب کی نالی یا مثانے کے ذریعے گردوں میں داخل ہوکر انفکیشن پیدا کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: گردے کی پیوند کاری میں ڈرون کے استعمال کا کامیاب تجربہ۔ ویڈیو دیکھیں

انہوں نے بتایا کہ گردوں کو سب سے زیادہ متاثر کرنے والا بیکٹیریا کو ای کولی کے نام سے جانا جاتا ہے، یہ ایک عام قسم ہے۔

ڈاکٹر احمد شعبان نے بتایا کہ ’گردوں میں ہونے والے انفیکشن کی وجہ سے اُن پر ورم آجاتا ہے جس کی وجہ سے ناقابلِ برداشت درد محسوس ہوتا ہے، اگر ذیابیطس سے متاثرہ شخص کو گردے کی کوئی بھی بیماری ہو تو یہ اُس کے لیے بہت زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتی ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ گردوں کی بیماری مردوں کے مقابلے میں خواتین کو ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔

گردے کی سوزش کی علامات

بخار ہونا

کمر یا پشت پر شدید درد

پیشاب میں جلن

بار بار پیشاب آنا

گھبراہٹ

مرض کی تشخیص

گردوں میں ہونے والے انفیکشن کا علاج اینٹی بائیوٹکس کے ذریعے پیشاب سے ٹیسٹ کیا جاتا ہے جس کی رپورٹ میں انفیکشن کا سبب اور بیکٹیریا کے بارے میں معلوم کیا جاتا ہے۔

بلاول بھٹو، مریم نواز ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

0

لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کے درمیان ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بلاول بھٹو اور مریم نواز کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اپنے اپنے بیانیے کے ساتھ اتحاد قائم رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کراچی واقعے کی رپورٹ مثبت اور حوصلہ افزا ہے، رپورٹ میں صحیح ذمہ داروں کا تعین کیا گیا ہے، فوری ایکشن سے مستقبل میں ایسے واقعات نہیں ہوں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ کراچی واقعے کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہئے، ن لیگ اداروں کے خلاف نہیں کرداروں کے خلاف ہے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کے ساتھ ساتھ مستقبل کی حکمت عملی اور انتخابات پرتبادلہ خیال کیا۔

خیال رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات 15 نومبر کو ہوں گے جن میں پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور پی پی پی میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔

تاہم، گیلپ پاکستان اور پلس کنسلٹنٹ کے حالیہ ایک سروے میں گلگت بلتستان کے عوام کی اکثریت نے تحریک انصاف کو ووٹنگ کے لیے اپنی پہلی پسند قرار دیا جب کہ دوسرے نمبر پر پی پی پی ہے۔

گاڑی اچانک زمین میں دھنس گئی

0

اگر آپ رات میں اپنے گھر کے باہر گاڑی صحیح پارک کریں اور صبح وہ زمین میں دھنسی ہوئی ملے تو آپ کا ردعمل کیا ہوگا، ایسا ہی ایک واقعہ لاس اینجلس میں پیش آیا جہاں زمین کار نگل گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں کھڑی گاڑی اچانک سڑک میں دھنسے کے حیران کن واقعے نے دیکھنے والوں کو پریشان کردیا کہ آخر کس طرح زمین کا چھوٹا کا ٹکڑا اندر کی جانب دھنس گیا۔

متاثرہ گاڑی کے مالک نے رات کو گھر کے باہر صحیح سلامت گاڑی پارک کی تھی لیکن صبح پانچ بجے اچانک سڑک ٹوٹ گئی اور تقریباً گاڑی منہ کے بل زمین میں چلی گئی۔

فائر فائٹر اہلکاروں کا کہنا ہے کہ زمین دھنسے کی وجہ کوئی زلزلہ کا دھماکہ ہیں بلکہ پانی کی لائن پھٹنے کا نتیجہ ہے۔

فائر فائٹر عملے نے گاڑی کو گھڑے سے نکال کر متاثرہ سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے تاکہ سڑک کی مرمت کی جاسکے۔

آئی سی سی نے ٹی ٹوینٹی کی رینکنگ جاری کردی

0

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل کی نئی رینکنگ جاری کردی۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے پاکستان اور زمبابوے کی سیریز کے اختتام پر ٹی ٹوینٹی کی نئی رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی ریٹنگ پوائنٹس میں اضافہ ہوا ہے۔

بابر اعظم دوسری پوزیشن پر برقرار ہیں لیکن پہلے نمبر پرموجود انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان سے فرق صرف 6 پوائنٹس کا باقی رہ گیا ہے۔

بولرز رینکنگ میں عماد وسیم دسویں نمبر پر براجمان ہیں، آل راؤنڈرز رینکنگ میں افغانستان کے محمد نبی بدستور سرفہرست ہیں۔

بیٹسمین رینکنگ میں ڈیوڈ ملان پہلے نمبر پر براجمان ہیں، بابر اعظم دوسرے، آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ تیسرے، بھارت کے کے ایل راہول چوتھے، نیوزی لینڈ کے کولن منرو پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔

بولرز رینکنگ میں افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان کا پہلی پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے، افغانستان کے مجیب الرحمان دوسرے، آسٹریلوی اسپنر ایشٹن اگر تیسرے، جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی چوتھے، آسٹریلوی اسپنر ایڈم زمپا پانچویں جبکہ عماد وسیم دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

آل راؤنڈرز رینکنگ میں افغانستان کے محمد نبی کا پہلا نمبر ہے، شکیب الحسن دوسرے، آسٹریلیا کے گلین میکسویل تیسرے، اسکاٹ لینڈ کے رچرڈ بیرنگٹن چوتھے اور زمبابوے کے سین ولیمز پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔

وزیراعظم کی ایرانی وزیرخارجہ سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

0

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، تجارت اور معاشی تعلقات بڑھانے پر زور دیا۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ و وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقات کے دوران کیا، اس دوران وزیر اعظم نے کرونا کے باعث ایران میں ہونے والی اموات پر شدید غم کو اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے جواد ظریف سے ملاقات کے دوران ایران سے تعلقات اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اسمارٹ لاک ڈاون پالیسی اور دیگر اقدامات سود مند ثابت ہوئے۔

وزیراعظم عمران خان نےکوروناوباسےنمٹنےکےلیےپاکستانی تجربےسےآگاہ کیا اور دو طرفہ تعاون، تجارت اور معاشی تعلقات بڑھانے پر زور دیا۔

وزیراعظم سے چینی سفیر کی ملاقات، اہم قومی معاملات پر دو طرفہ تعاون کا عزم

خیال رہے کہ کچھ دیر قبل وزیر اعظم عمران خان نے نئے چینی سفیر نونگ رونگ سے ملاقات کے دورا کہا تھا کہ خصوصی اقتصافی زونز، صنعت اور زرعی شعبے کا فروغ اہمیت رکھتا ہے۔

میڈیکل کالج داخلہ ٹیسٹ منسوخ، عدالت کا اکیڈمک بورڈ اور اتھارٹی بنانے کا حکم

0

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے وفاق اورسندھ کے درمیان جاری میڈیکل کالجز میں داخلے کا ٹیسٹ منسوخ کرنے کا حکم دے دیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق  وفاق اور صوبے کے درمیان ایم بی بی ایس میں داخلے کےلئے انٹری ٹیسٹ تنازع کے حوالے سے دائر درخواست پرسندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔

جج نے سماعت کے آغاز پر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وکیل کو روسٹروم پر بلا کر مؤقف پیش کرنے کا حکم دیا۔  پی ایم سی کے وکیل صفائی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے میڈیکل کالجز میں داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ 15 نومبر کو لیا جارہا ہے۔

فاضل جج نے وکیل سے استفسار کیا کہ امتحانی مراکز کہاں قائم کیے گئے ہیں؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ 200 سینٹر زقائم کیے گئے ہیں جبکہ خواہش مند طالب علموں کو رول نمبر بھی جاری کیے گئے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے پی ایم سی کے وکیل سے سوال کیا کہ ’کیا طالب علموں کو امتحانی مراکز کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے؟‘۔

این ٹی ایس وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ’ہمیں امتحانی مراکز کے حوالے سے کوئی علم نہیں، بچوں کو میسج کے ذریعے مراکز کا بتایا جارہا ہے، کچھ طلبہ کو صرف ایڈمٹ کارڈ سے متعلق ہی آگاہ کیا گیا‘۔

این ٹی ایس وکیل نے بتایا کہ ’پہلا ٹیسٹ 18 اکتوبرکو تھاجو عدالت کےحکم سےمنسوخ  کیا گیا، ٹیسٹ کی منسوخی سے ہمیں معاشی نقصان کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ ہم نے تمام انتظامات مکمل کرلیے تھے، جو نقصان ہوا عدالت اس کا معاوضہ دلوائے‘۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وکیل نے بتایا کہ ’ٹیسٹ کے لیے اسکول اور کالجز میں سینٹرز بنائے گئے ہیں، ایس ایم ایس کے ذریعے بتایا گیا ہے، طلبہ کو ایڈمٹ کارڈ مل چکے ہیں‘۔

سندھ ہائی کورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کیس کا مختصر فیصلہ محفوظ کیا جسے اب سے کچھ دیر قبل جاری کیا گیا۔

عدالت نے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے تحت 15 نومبر کو منعقد ہونے والے انٹری ٹیسٹ منسوخ کرنے کا حکم دیا جبکہ 15 روز میں اکیڈمک بورڈ اور اتھارٹی بنانے کا بھی حکم جاری کیا۔

عدالتی فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ ’اکیڈمک بورڈ10دن میں سلیبس تیار کرے کیونکہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے تیار کردہ سیلیبس سے طلبہ تذبذب اور پریشانی کا شکار ہوئے‘۔

یاد رہے کہ سندھ کی 5 جامعات اور طلبہ نے یکساں ٹیسٹ کے قانون کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا جبکہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ٹیسٹ کے لیے 15 نومبر کی تاریخ مقرر کی تھی۔

کراچی ایئرپورٹ پر تعینات 6 ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق

0

کراچی : جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات سول ایوی ایشن اتھارٹی کے چھ ملازمین کرونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق شہر قائد میں واقع جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد انہیں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مہلک ترین وائرس کوویڈ 19 کا شکار ہونے والے چھ ملازمین میں ڈومیسٹک ٹرمینل منیجر طارق حمید، انٹرنیشنل ٹرمینل منیجر نعمان خان شامل ہیں۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز نے بتایا کہ سینئر اسسٹنٹ ڈائریکٹر اے پی ایس ذوالفقار وحید اور اسسٹنٹ محمد شمیم شیخ بھی کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

سی اے اے کے چھ ملازمین میں جان لیوا وائرس کی تصدیق کے بعد اعلیٰ حکام نے متاثرہ متاثرین کی جگہ متبادل افسران و اہلکار کی تعیناتی کے احکامات جاری کردئیے۔