بدھ, مئی 7, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 18520

برطانیہ: گھروں میں کروناوائرس ٹیسٹ کی سہولت

0

لندن: برطانوی دارالحکومت میں جلد گھر پر کروناوائرس ٹیسٹ کی سہولت میسر ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں پبلک ہیلتھ انگلینڈ نے سائنس اینڈٹیکنالوجی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جلد لندن میں کروناوائرسٹ ٹیسٹ کی سہولت گھروں میں فراہم کی جاسکے گی۔

کٹ کے ذریعے گھر بیٹھے 15منٹ میں ٹیسٹ ہوجائے گا۔ کروناوائرس کٹ امازون یاہائی اسٹریٹ سے خریدی جاسکے گی۔ جس پر کام جاری ہے جلد عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

برطانوی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ برطانوی حکومت 35لاکھ کٹس خرید چکی ہے، ٹیسٹ کٹ سستے داموں دستیاب ہوگی جو کروناوائرس سے لڑنے میں معاون ثابت ہوں گی۔

کروناوائرس کا خوف : برطانیہ میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان

خیال رہے کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے تین ہفتوں کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کر رکھا ہے، لاک ڈاؤن کے دوران دو سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہے۔

کرونا وائرس کی وبا نے چین کے بعد سب سے زیادہ نقصان یورپی ممالک کو پہنچا رہا ہے جس میں سب سے زیادہ متاثر اٹلی اور اسپین ہیں جہاں اموات کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ برطانیہ میں بھی حالات انتہائی تشویش ناک ہیں جس پر قابو پانے کے لیے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا۔

300 لوگوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے والی بھارتی گلوکارہ کا کرونا ٹیسٹ پھر پازیٹیو آگیا

0

ممبئی: بھارتی گلوکارہ کانیکا کپور کا کرونا ٹیسٹ ایک بار پھر پازیٹیو آگیا جس کے بعد وہ خود ہی قرنطینہ میں چلی گئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کے مشہور گانے گانے والی گلوکارہ حال ہی میں امریکا سے بھارت واپس پہنچیں تھیں، انہیں وطن واپسی کے بعد کرونا کی علامات ظاہر بھی ہوئیں مگر انہوں نے اسے نظر انداز کیا اور لوگوں سے میل جول رکھا۔

کانیکا نے ایک تقریب میں شرکت کی تھی جس میں تین سو سے زائد اعلیٰ شخصیات شریک تھیں جن میں ججز، اراکین اسمبلی شامل تھے۔

مزید پڑھیں: کرونا وائرس : بے بی ڈول سنگر کانیکا کپور کے خلاف تین مقدمات درج

کرونا وائرس کے ٹیسٹ کی رپورٹ آنے کے بعد پولیس نے گلوکارہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جس کے بعد اُن کا دوبارہ ٹیسٹ کیا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کانیکا کپور کے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ ایک بار پھر پازیٹیو آئی ہے جس کے بعد پولیس اب اُن لوگوں کی تلاش میں ہے جن سے اداکارہ نے پارٹیوں میں ملاقات کی۔

محکمہ صحت کے مطابق کانیکا سے رابطے میں رہنے والے تمام لوگوں کا کرونا ٹیسٹ کرونا ناگزیر ہے کیونکہ اگر کسی ایک کو بھی وائرس منتقل ہوگیا تو یہ بڑی تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کرونا وائرس کی شکار بھارتی گلوکارہ نے 300 لوگوں کی زندگی خطرے میں‌ ڈال دی

یاد رہے کہ چند روز قبل بھارتی گلوکارہ نے کرونا کی تشخیص کی تصدیق کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’مجھے نزلہ زکام کی شکایت تھی جس کے بعد میں نے کرونا کا ٹیسٹ کروایا اور اس کی رپورٹ مثبت آئی‘۔ انہوں نے لکھا تھا کہ ’اب میں اور میرے تمام گھر والے قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔

"ہمارے ہاں مینڈک کی کچھ قدر نہیں”

0

ہمارے ہاں تو بے چارے مینڈک کی کچھ قدر نہیں، لیکن دنیا کے اکثر ممالک میں انہیں نہایت رغبت سے کھایا جاتا ہے۔

فرانسیسیوں کا تو نام ہی اس لیے فراگ پڑ گیا کہ وہ مینڈکوں کے بے حد شوقین ہیں، لیکن ذرا کوریا، چین اور ویت نام وغیرہ جا کر دیکھیے جہاں مینڈک کڑاہی، مینڈک فرائی اور مینڈک پلاؤ وغیرہ نہایت پسندیدہ ڈشیں ہیں۔

پاکستانی ادیبوں کے وفد کے ساتھ چین جانے کا اتفاق ہوا تو ایک صبح ہوٹل کے ڈائننگ روم میں ناشتے کے لیے اترے، وہاں ایک جانب مغربی ناشتے کا اہتمام تھا اور برابر میں چینی ناشتا سجا ہوا تھا، میں نے سوچا کہ انڈہ ٹوسٹ وغیرہ تو کھاتے ہی رہتے ہیں کیوں نہ چینی ناشتا نوش کیا جائے۔

اب وہاں پہنچے تو کوئی شے ایسی نہ تھی جس سے کچھ واقفیت ہو۔ ایک تشتری میں سفید رنگ کے نہایت خوش نظر قتلے سجے تھے جو نہایت ذائقہ دار لگ رہے تھے۔

ذرا قریب ہو کر ملاحظہ کیا تو ہر قتلے کے سرے پر دو آنکھیں نظر آئیں جو شناسا سی لگتی تھیں، پھر یاد آگیا کہ انہیں کہاں دیکھا ہے، اپنے گاؤں کے جوہڑ کی سطح پر دیکھا تھا!

یعنی مینڈک تھے، جی تو چاہا کہ ذرا ٹرائی کر لیے جائیں، لیکن آس پاس اپنی ادیب برادری تھی جس نے پاکستان واپسی پر مشہور کر دینا تھا کہ جی یہ تارڑ تو وہاں دن رات مینڈک کھاتا رہتا تھا۔

یہ بھی شنید ہے کہ آپ جس جانور کا گوشت کھائیں آپ میں اس کی خصلتیں پیدا ہو جاتی ہیں تو کہیں ایسا نہ ہو کہ وطن واپسی پر گھر میں اچھلتے پھریں اور بچہ لوگ کو بھی پتہ چل جائے کہ والد صاحب تو ڈڈو کھاتے ہیں۔

ویسے اس کا امکان تو نہ تھا کیوں کہ یہ مفروضہ درست نہیں کہ انسان جس جانور کا گوشت کھائے اس میں اسی جانور کی خصلتیں نمودار ہو جاتی ہیں۔

وہ جو کہتے ہیں کہ مینڈکی کو زکام ہونا تو اس کے علاوہ ایک اور محاورہ ہے جس سے آپ واقف نہیں ہوں گے کہ مینڈک چلا مینڈک کی چال اپنی چال بھی بھول گیا۔

یہ اس لیے معرضِ وجود میں آیا کہ دنیا بھر میں ہر مینڈک کی چال الگ الگ ہوتی ہے، چال سے مراد ان کا اچھل اچھل کر سفر کرنا ہے۔

ہر مینڈک کے اچھل کر آگے جانے کا فاصلہ کسی اور مینڈک سے مختلف ہوتا ہے۔ کئی بار کوئی مینڈک کسی خوش رفتار مینڈک کی اچھل کود کی کاپی کرنے کی کوشش کرتا ہے تو بری طرح ناکام رہتا ہے۔

اگر آپ کو یقین نہیں آتا تو کہیں سے دو مینڈک حاصل کیجیے اور پھر جب وہ اچھلنے لگیں تو ان کی چھلانگوں کا فاصلہ ناپیے، آپ دیکھیں گے کہ دونوں میں زمین آسمان کا فرق ہوتا ہے۔

(مستنصر حسین تارڑ کے "ڈڈو” سے انتخاب)

پنجاب پولیس کا تدفین کے موقع پر چھاپہ، متعدد افراد گرفتار

0

راولپنڈی: پولیس نے سوہاوہ کے علاقے میں تدفین کے موقع پر چھاپہ مار کر پیپلزپارٹی کے رہنما سمیت 25 افراد کو حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن اور افراد کے مجتمع ہونے پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں، بلا ضرورت گھر سے باہر نکلنے والے، ڈبل سواری اور مجتمع افراد کی گرفتاریاں کی جاری ہیں۔

سوہاوہ کے علاقے میں مقامی پولیس نے تدفین کے موقع پر جمع ہونے والے افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا۔

یہ بھی پڑھیں: لاک ڈاؤن مزید سخت، کراچی میں سناٹے کے ڈیرے

زیرحراست افراد میں پیپلز پارٹی کےمرکزی رہنماسلیم چیمہ سمیت 20 سے زائد اہل علاقہ شامل ہیں، پولیس نے زیر حراست افراد کو قرنطینہ منتقل کر دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے غیر معمولی حالات میں خصوصی اقدامات کے تحت پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر 25 افراد کو پکڑا گیا ہے اور انہیں قرنطینہ منتقل کر کے تمام افراد کےٹیسٹ این آئی ایچ کو بھجوائےجا رہےہیں۔

کرونا وائرس، رونالڈو اور میسی نے لاکھوں یوروز عطیہ کردئیے

0

بارسلونا: کرونا وائرس کے خلاف کرکٹرز کے بعد فٹبالرز بھی میدان میں آگئے ، معروف فٹبالرز کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی نے لاکھوں یوروز عطیہ کردئیے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کے پیش نظر ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے بارسلونا کے دو اسپتالوں کو 10 لاکھ یوروز عطیہ کردئیے۔

پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو نے بھی ملک کے تین اسپتالوں کے لیے مشترکہ طور پر 10 لاکھ یوروز عطیہ کیے ہیں۔

لسبون اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رونالڈو کی جانب سے عطیہ کی گئی رقم سے اسپتال کے لیے 10 بستر، وینٹی لیٹرز، دل کی مانیٹرنگ مشین اور سرنجز خریدی گئی ہیں جس کے لیے ان کے شکر گزار ہیں۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی، سہیل تنویر کا ضرورت مندوں میں راشن تقسیم کرنے کا اعلان

دوسری جانب سینٹو اسپتال کونسل کے صدر کا کہنا تھا کہ ہم رونالڈو کی جانب سے کارخیر میں حصہ ڈالنے پر ان کے شکر گزار ہیں، رونالڈو کی امداد ملک کی موجودہ صورتحال میں کافی مددگار ہے۔

واضح رہے کہ پرتگال میں اب تک 2 ہزار 300 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 30 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، ارجنٹائن میں کرونا وائرس کے 300 مریض زیرعلاج ہیں اور 6 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

یاد رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 40 ہزار 359 ہوگئی ہے، وائرس کے باعث اموات 19 ہزار 753 سے تجاوز کرگئی ہیں، دنیا میں کرونا کے صحت یاب مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 12 ہزار 32 ہوگئی ہے۔

لاک ڈاؤن مزید سخت، کراچی میں سناٹے کے ڈیرے

0

کراچی: کروناوائرس کے پیش نظر شہرقائد میں لاک ڈاؤن مزید سخت کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں 8 بجے کے بعد تمام دکانیں بند کرادی گئیں۔ پرچون، دودھ اور دیگردکانیں، سی این جی اسٹیشنز اور پیٹرول پمپس بھی بند ہیں۔

البتہ شہر کے میڈیکل اسٹورز اور ٹیسٹنگ لیبارٹریز کھولی ہیں۔ خیال رہے کہ کروناوائرس کے نتاظر میں صوبے میں لاک ڈاؤن مزید سخت کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اشیائے خوردونوش کی دکانیں 12 گھنٹے بند رکھنے کا اعلان کیا اور دکانداروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ مقررہ 12 گھنٹوں یعنی صبح 8 سے رات 8 تک کاروبار کریں۔ صوبائی حکومت ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔

لاک ڈاؤن: سندھ حکومت نے صحافیوں کے ساتھ بدسلوکی کا نوٹس لے لیا

کراچی سمیت سندھ بھر میں آج لاک ڈاؤن کا تیسرا روز ہے، حکومتی احکامات کی ہدایات کی روشنی میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر کی مختلف شاہراؤں پر ناکے لگائے ہوئے ہیں جہاں سڑک پر چلنے والے شہریوں کو روک کر اُن سے گھروں میں نہ بیٹھنے کی وجوہات پوچھی جارہی ہیں۔

کرونا وائرس، دبئی میں مریض تیزی سے صحت یاب ہونے لگے

0

دبئی: متحدہ عرب امارات کے محکمہ صحت نے تصدیق کی ہے کہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے 52 مریض صحت یاب ہوگئے۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت کی جانب سے کرونا وائرس کی حالیہ صورت حال کے حوالے سے اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں کرونا کے 85 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مریضوں کی تعداد 333 تک پہنچ گئی۔ محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ مریضوں کی عمریں بیس سے چوالیس سال کے درمیان ہیں۔

ایک خوشی کی بات یہ بھی ہے کہ دبئی میں کرونا کے 52 مریض صحت یاب ہوگئے اور اُن کے ٹیسٹ نیگیٹیو آئے ہیں۔

مزید پڑھیں: کرونا بیماری یا علامات چھپانے پر قید اور ہزاروں درہم جرمانہ

ترجمان محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ہیں، مقامی اور غیر ملکی شہریوں، زائرین کو حکومت کی جانب سے جاری کی جانے والی احتیاطی تدابیر پر ہر صورت عمل کرنا ہوگا۔

عرب میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہفتے کے روز کرونا وائرس سے متاثر دو افراد جاں بحق ہوئے تھے جن میں سے ایک مریض عرب اور دوسرا ایشیائی باشندہ تھا۔

پاکستان میں کرونا مریضوں کی تعداد 1022 ہوگئی، ڈاکٹر ظفر مرزا

0

اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1022 ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1022 ہوگئی ہے، مجموعی طور پر اب تک 21 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور 8 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

ظفر مرزا نے کہا کہ ملک میں کرونا کے 64 فیصد مرد اور 26 فیصد خواتین ہیں، ملک میں اس وقت 5 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، زیادہ تر مریضوں کی عمریں 25 سے 40 سال کے درمیان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں سب رہنما متفق تھے کہ ملک کو کرونا سے پاک کرنا ہے، رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ سیاسی اختلافات الگ رکھ کر سب ساتھ چلیں گے اور کرونا کی وبا سے ہم نے مل کر لڑنا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک اور موت ، تعداد 8 ہوگئی

ظفر مرزا نے کہا کہ دوحہ سے گزشتہ رات ایک فلائٹ آئی اور 148 مسافروں کے ٹیسٹ کیے گئے، بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ سب کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کل وزیراعظم کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس ہورہا ہے، اجلاس میں نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے فیصلوں کا ریویو کیا جائے گا۔

معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ آج ہمیں 5 لاکھ این 95 ماسک چین کی جانب سے موصول ہوئے ہیں، 27 مارچ کو پرسنل پروٹیکشن سمیت دیگر سامان پاکستان لایا جائے گا، تقریباً 12 ٹن طبی سامان پاکستان پہنچ جائے گا۔

ظفر مرزا نے کہا کہ روزانہ کہتا ہوں اس بیماری کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوگی، بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں صرف بنیادی ضرورت کے لیے باہر نکلیں، احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کریں گے تو ملک میں بیماری کو روکنا مشکل ہوگا۔

پاکستان آرڈیننس فیکٹری میں بڑے پیمانے پر ماسک اور سینیٹائزر کی تیاری

0

واہ کینٹ: وزیر دفاعی پیدواری زبیدہ جلال کا کہنا ہے کہ پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ نے 25ہزار ماسک اور 10ہزار لیٹر سینیٹائزر روزانہ بنانے کی صلاحیت حاصل کر لی ہے۔

کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے وزیر دفاعی پیداوار نے اچھی خبر سناتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ یومیہ 25ہزار ماسک اور 10ہزار لیٹر سینیٹائزر بنا سکتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ خصوصی کپڑے سےتیار فیس ماسک دھو کر دوبارہ استعمال کیے جاسکیں گے، دفاعی پیداواری صلاحیت سے فیس ماسک اور سینیٹائزرکی پیداوارلی جارہی ہے۔

زبیدہ جلال کا کہنا ہے کہ آرڈیننس فیکٹری کی قابل ستائش کوششوں سےقومی کوششوں کوتقویت ملےگی اور اس ضمن میں مزیدکامیابیوں کی امیدبھی کی جارہی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے چین سے ملنے والے کے این95 ماسک میں 2 لاکھ رکھنےکا فیصلہ کیا ہے جب کہ 3لاکھ ماسک پنجاب، کےپی، بلوچستان، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کو دیئے جائیں گے۔

کروناوائرس: سعودی عرب میں دوسری موت کی تصدیق

0

ریاض: سعودی عرب میں کروناوائرس سے ایک اور مریض جاں بحق ہوگیا۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مملکت میں کروناوائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔ سعودی عرب میں مہلک وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 900 ریکارڈ کی گئی۔

سعودی محکمہ صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 46 سالہ شخص مکہ شہر میں کروناوائرس سے ہلاک ہوگیا ہے جس کے بعد مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہوگئی۔ ملک میں آج 133 نئے کیسز سامنے آئے۔

ترجمان کے مطابق نئے کیسز میں 18 افراد ایسے ہیں جنہوں نے کروناوائرس سے متاثرہ ممالک کا سفر کیا جس کے بعد سعودی عرب پہنچے۔ تمام مریضوں کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

سعودی عرب میں کروناوائرس سے پہلی موت

خیال رہے کہ ہلاک خیز وائرس کے پیش نظر سعودی عرب میں کرفیو نافذ ہے۔ وزارت داخلہ نے شہریوں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غیرضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

دوسری جانب سعودی عرب نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کرفیو کے اوقات میں اضافہ کردیا اور اوقات دوپہر3بجے سے صبح 6بجے تک کر دیئے گئے ہیں، اقدامات کا نفاذ کل سے ہوگا۔