ہوم بلاگ صفحہ 6298

‘آڈیو لیکس کے بعد پاکستان کی سلامتی پر بڑے سوالیہ نشان اٹھ گئے ہیں’

0

اسلام آباد : آڈیو لیکس کی عدالتی انکوائری کے لئے صدر پاکستان، وزیراعظم و کابینہ کو مراسلہ بھیج دیا گیا، جس میں کہا ہے کہ آڈیو لیکس کے بعد پاکستان کی سلامتی پر بڑے سوالیہ نشان اٹھ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آڈیو لیکس کی عدالتی انکوائری کے لئے مراسلہ صدر مملکت ، وزیراعظم وکابینہ کو بھیج دیا گیا ہے۔

قانون دان اظہر صدیق کی جانب سے مراسلہ بھجوایا گیا ہے ، مراسلے کےمتن میں کہا گیا ہے کہ آڈیو لیکس کے بعد پاکستان کی سلامتی پہ بڑے سوالیہ نشان اٹھ گئے ہیں، جس طرح سائبر سکیورٹی نے معاملات درہم برہم کیے، اس طرح یہ بڑے نظام خراب کرسکتا ہے۔

مراسلے میں کہنا ہے کہ اس عمل کے پیچھے چھپے تمام چہرے سامنے آنے چاہیں، آڈیولیکس سے پوری قوم ہیجان میں مبتلا اور سکیورٹی سے متعلق عوامی تحفظات سامنے آئے ہیں۔

مراسلے میں کہا ہے کہ قوم کے اعتماد کی بحالی کےلئے تمام حقائق سامنے لانا اداروں کی آئینی ذمہ داری ہے۔ضروری ہے کہ اس کی انکوائری جوڈیشل کمیشن کرے۔

مراسلے کے مطابق اگر اس کی انکوائری کے لیے کوئی ایکشن نہیں لیا جاتا تو اعلی عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا۔

عماد وسیم نے سی پی ایل میں تباہی مچادی

0

جمیکا: قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم  کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، آل راؤنڈر نے اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچادیا۔

تفصیلات کے مطابق کوالیفائر ٹو میں گیانا ایمازون واریئر کے ساتھ کھیلے گئے میچ میں پاکستانی آل راؤنڈر نے جارحانہ کھیل پیش کیا اورمیچ میں ناقابل شکست 15 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچادیا۔

عماد وسیم کی دھواں دار اننگز میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، اس سے قبل بولنگ میں بھی عماد وسیم نے مخالف ٹیم کے دو کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا جبکہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کے حصے میں بھی ایک وکٹ آئی۔

یہ بھی پڑھیں: حارث رؤف نے بھارتی بلے بازوں کو خبردار کردیا

جمیکا تلاواز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹ پر 226 رنز بنائے تھے جواب میں گیانا ایمازون واریئر 8 وکٹوں پر 189 رنز بنا سکی۔

واضح رہے کہ سی پی ایل میں عماد وسیم 16 وکٹوں کے ساتھ ٹورنامنٹ کے دوسرے بہترین بولر ہیں جبکہ بلے بازی میں اب تک وہ 138 رنز بناچکے ہیں۔

 

بلوچستان : کوہلو کے مرکزی بازار میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق ،20 زخمی

0
کراچی دھماکا

کوہلو : بلوچستان کے ضلع کوہلو کے مرکزی بازار میں مٹھائی کی دکان پر دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور بیس افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کوہلو کےمرکزی بازار میں مٹھائی کی دکان پر دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور بیس افراد زخمی ہوئے۔

دھماکے سے دکان مکمل طور پر منہدم ہوگئی اور متعدد لوگ ملبے تلے دب گئے۔

زخمیوں میں سے چھ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جبکہ کئی زخمیوں کو ملتان ریفر کردیا گیا ہے۔

دھماکے کے بعد پولیس، لیویز اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی۔

صوبائی وزیر میرنصیب اللہ مری ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹراسپتال پہنچے اور مریضوں کی عیادت کی۔

دھماکے کی نوعیت تاحال معلوم نہ ہوسکی تاہم سی ٹی ڈی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دھماکے کی نوعیت کی تحقیقات کررہے ہیں۔

مشیرداخلہ بلوچستان نے کوہلو میں دکان میں دھماکےکی شدید مذمت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوہلو سے رپورٹ طلب کرلی۔

مشیر داخلہ نے ہدایات جاری کی ہے کہ واقعےکی تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا جائے۔

عرب امارات اور عمان کے درمیان ٹرین سروس کا اعلان

0

ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات اور سلطنت عمان کے درمیان ریلوے نیٹ ورک کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان نقل و حمل میں تیزی آئے گی۔

بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات اور سلطنت عمان کے درمیان طے پانے والے ایک اہم معاہدے میں ایک ریلوے نیٹ ورک کا قیام عمل میں لایا جائے گا جو دونوں ممالک کو آپس میں جوڑے گا۔

یو اے ای نیشنل ریل نیٹ ورک کے ڈویلپر اور آپریٹر نے سلطنت عمان ریل کے ساتھ مشترکہ طور پر مساوی ملکیت والی کمپنی قائم کرنے کے لیے ایک معاہدہ کیا ہے، جسے عمان اتحاد ریل کمپنی کہا جائے گا۔

3 بلین ڈالر کی مجموعی سرمایہ کاری کے ساتھ، یہ آنے والا انفراسٹرکچر عمان کی صحار بندرگاہ کو ابو ظہبی سے جوڑ دے گا۔

303 کلو میٹر پر محیط اس ریلوے میں جدید ترین مسافر ٹرینیں چلائی جائیں گی جو صحار سے ابو ظہبی کے سفر کے وقت کو ایک گھنٹہ 40 منٹ تک کم کر سکتی ہیں جبکہ زیادہ سے زیادہ 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے صحار سے العین تک کا سفر صرف 47 منٹ کا رہ جائے۔

اس دوران مال بردار ٹرینیں 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔ معاہدے پر اتحاد ریل کے سی ای او شادی مالک اور اسیاد گروپ کے سی ای او عبدالرحمن سالم الحاتمی نے دستخط کیے۔

ابو ظہبی گورنمنٹ میڈیا آفس نے بھی ایک ٹویٹ میں اعلان کیا کہ اس معاہدے کے تحت، نئی کمپنی اس اتحاد ریل منصوبے کے لیے بنیاد اور ورک پلان، بشمول اس کے مالیاتی طریقہ کار اور شیڈول بنائے گی۔

کمپنی دونوں ممالک کے معیارات کے مطابق ریل نیٹ ورک کے ڈیزائن، ترقی اور آپریشن کو بھی سنبھالے گی جو صحار اور ابو ظہبی کو جوڑتا ہے۔

ریلوے ٹریک کے ذریعے دونوں ممالک کو ایک دوسرے سے ساتھ جوڑ کر انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کی صنعتوں میں نئے امکانات پیدا ہوں گے۔

’’تصویر میں چھپے 16 جانور تلاش کریں‘‘ 150 سال سے لوگوں کے ذہن الجھاتی تصویری پہیلی

0

آج ہم آپ کے لیے 150 سال پرانی تصویری پہیلی لائے ہیں جس میں منظر میں چھپے 16 جانور اور انسانی چہرے آپ نے تلاش کرنے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ان دنوں بصری دھوکے پر مبنی پہیلیاں کچھ زیادہ ہی مقبولیت حاصل کر رہی ہیں یہی وجہ ہے کہ ان دنوں روزانہ انٹرنیٹ پر متعدد ایسی پہیلیاں بوجھی جا رہی ہیں جو آنکھوں کو دھوکا دیتی تصاویر پر مبنی ہوتی ہیں اور بعض اوقات پہیلی بوجھتے بوجھتے انسان کا ذہن ہی الجھنے لگتا ہے۔

آج جو ہم آپ کے سامنے ایسی دلچسپ تصویری پہیلی لائے ہیں یہ نہ صرف آپ کی ذہنی چوکسی کو ظاہر کرے گی بلکہ آپ کی بصارت کا بھی امتحان ہوگا مگر اس کے لیے آپ کو بظاہر نظر آنے والے منظر کو زرا گہرائی میں جاکر دیکھنا ہوگا۔

تو تصویر آپ کے سامنے ہے، جس میں بظاہر ایک جنگل اور درختوں کا جھنڈ نظر آ رہا ہے، ایک لومڑی نما جانور درخت پر چڑھنے کی کوشش کرتا اور دوسری جانب درخت کی شاخ پر بیٹھے تین عقاب نظر آ رہے ہیں، لیکن کیا تصویر میں صرف یہی ہے؟ نہیں بلکہ اس تصویر میں چھپے میں 16 انسانی اور جانوروں کے چہرے جن کو ڈھونڈنا ہی آپ کی اصل صلاحیتوں کا امتحان ہے لیکن یہ کام جوئے شیر لانے کے مترادف بھی ہوسکتا ہے۔

جنگل کے منظر والی یہ پہیلی دماغ کو الجھانے کی اچھی صلاحیت رکھتی ہے، The Puzzled Fox کے نام سے یہ دماغ الجھانے والی تصویری پہیلی 150 سال سے یہ لوگوں کے ذہنوں کو جھنجھوڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔

اس دلچسپ اور نظروں کو دھوکا دیتی پینٹنگ کو 1872 میں امریکی پرنٹ میکرز کریئر اور آئیوس نے تیار کیا تھا، ڈیڑھ صدی گزر جانے کے باوجود اس کا سحر اب تک ختم نہیں ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ دی پزلڈ فوکس نے اسے انٹرنیٹ پر نئے صارفین کیلیے پیش کردیا ہے۔

اگر آپ کو تصویر میں مطلوبہ جانور اور انسانی چہرے تلاش کرنے میں مشکل پیش آ رہی ہے تو ہم آپ کی آسانی کے لیے کچھ اشارے دیتے ہیں شاید یہ آپ کی مدد کرسکیں۔

جنگل کی اس تصویر میں ایک لومڑی اور تین عقاب کے علاوہ گھوڑا، بھیڑ کا بچہ، کبوتر، سؤر کے علاوہ دیگر جانور بھی چھپے ہیں، اس کے علاوہ بائیں طرف درخت کے تنے میں کوشش کرنے سے تین انسانی چہرے بھی بھیس بدلے ہوئے ملیں گے، جب کہ دو انسانی چہرے دائیں جانب درخت میں موجود ہیں، صرف یہی نہیں بلکہ جنگل کی زمین پر کچھ اور چہرے بھی موجود ہیں۔

اگر اتنے واضح اشاروں کے باوجود آپ تصویر میں چھپے تمام 16 جانور اور انسانوں کو نہیں ڈھونڈ سکیں ہیں تو پھر نیچے جاکر تصویر میں جواب دیکھیں۔

کٹک کی آسیب زدہ کوٹھی اور بملا کماری کی چِتا

0

قدرت اللہ شہاب پاکستان کے نام وَر ادیب اور مشہور بیورو کریٹ تھے۔ ’’شہاب نامہ‘‘ ان کی خود نوشت سوانح عمری ہے جو بہت مقبول ہے۔ قدرت اللہ شہاب نے ادب کے میدان میں اور بیوروکریسی میں رہتے ہوئے اپنی خدمات اور کاموں‌ کے وہ نقوش چھوڑے جو دوسروں کے لیے چراغِ راہ ثابت ہوئے۔

قدرت اللہ شہاب کو پاکستان بننے سے قبل کٹک (انڈیا) میں جو سرکاری رہائش گاہ ملی وہ کوٹھی آسیب زدہ مشہور تھی۔ اس کا ایڈریس 81 سول لائنز تھا۔ اس رہائش گاہ میں پیش آنے والے بعض دہشت انگیز اور سنسنی خیز واقعات کا بھی قدرت اللہ شہاب نے اپنی اس کتاب میں تذکرہ کیا ہے جو ہر نہایت دل چسپ بھی ہے۔ یہاں ہم بملا کماری کا آسیب نامی واقعے کی تفصیل قارئین کی توجہ کے لیے پیش کررہے ہیں۔

قدرت اللہ شہاب نے اپنی خود نوشت کے اس پراسرار اور آسیبی واقعات کے باب میں بتایا ہے کہ ہلکے زرد رنگ کی خوش نما کوٹھی کے اطراف ڈیڑھ دو ایکڑ پر وسیع لان پھیلا ہوا تھا، جس میں گھٹنوں گھٹنوں تک گھاس اگی تھی، ہر طرف سوکھے کالے اور پیلے پتوں کے انبار، ایک طرف آم اور جامن کے کچھ درخت جن کے نیچے کتّے اور بلیاں روتے رہتے تھے۔ دوسری طرف برگد کا ایک گھنا پیڑ تھا جس سے سیکڑوں چمگادڑیں الٹی لٹکی رہتی تھیں۔

کوٹھی کے عقب میں ایک کچا تالاب تھا جس پر سرسبز کائی کی دبیز تہ جمی ہوئی تھی۔ کوٹھی سے کوئی دو سو گز کے فاصلے پر باورچی خانہ اور سرونٹ کوارٹرز تھے جہاں میرا خانساماں اور ڈرائیور رہائش پذیر تھے۔

یہ ایک طویل باب ہے جس میں کئی محیّرالعقل اور خوف زدہ کردینے والے واقعات لکھے ہوئے ہیں کہ شہاب صاحب کے بیڈ روم کی روشنی خود بخود جلتی بجھتی رہتی اور سوئچ کے اوپر نیچے ہونے کی آواز آتی۔ عطر حنا اور انگریزی پرفیوم کی خوشبو پھیل جاتی۔ ایک لڑکی کا ہیولا بھی نظر آتا۔ اس کے بعد اچانک غیظ وغضب کا طوفان آجاتا۔ پتھروں کی بارش ہونے لگتی۔ کمرے کا فرنیچر فضا میں معلق ہو جاتا۔ شہاب صاحب صبح سویرے یہ پتھر ٹوکروں کے حساب سے اٹھا کر تالاب میں ڈال آتے تاکہ خانساماں اور ڈرائیور یہ سب دیکھ کر خوف زدہ نہ ہوں۔

اس عمارت میں رہائش کے دوران مصنّف کو مختلف واقعات کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ واقعات تواتر سے رات دس ساڑھے دس بجے شروع ہوتے اور صبح تین بجے تک جاری رہتے۔ اس کے بعد مکمل امن ہوجاتا تھا۔ ایک رات پتھروں کے بجائے انسانی ہڈیوں کی برسات شروع ہوگئی جن میں چند انسانی کھوپڑیاں بھی شامل تھیں۔ یہ منظر ایسا کریہہ اور گھناؤنا تھا کہ شہاب صاحب نے صبح کا انتظار کیے بغیر ان ہڈیوں کو ایک چادر میں لپیٹا اور تالاب میں ڈالنے کی غرض سے پچھلے حصّے کی طرف نکلے تو تالاب سے سبز کائی میں لپٹا ایک ہیولا ان کی جانب بڑھا۔ یہ جناب ہڈیوں کو وہیں پھینک کر گرتے پڑتے اپنے کمرے کی طرف بھاگے۔ یہ شہاب نامہ کے کئی صفحات پر پھیلے ہوئے واقعات ہیں جن کے پیش آنے کا سبب قدرت اللہ شہاب نے یوں بیان کیا ہے:

"کئی ماہ کی لگاتار ہیبت، وحشت اور آسیب کی تہ میں انجامِ کار یہ راز کھلا کہ اٹھارہ بیس برس پہلے اس گھر میں آئی سی ایس کا ایک اوباش افسر رہا کرتا تھا۔شادی کا جھانسہ دے کر اس نے الٰہ آباد میں کالج کی ایک طالبہ بملا کماری کو ورغلایا اور خفیہ طور پر اسے اپنے ساتھ کٹک لے آیا۔ شادی اس نے کرنی تھی نہ کی۔ سات آٹھ ماہ بعد جب بملا ماں بننے کے قریب ہوئی تو ظالم نے اس کا گلا گھونٹ کر مار ڈالا اور لاش کو ڈرائنگ روم کے جنوب مشرقی کونے میں دفن کر دیا۔”

"اس وقت سے بملا کی نخیف و نزارماں الٰہ آباد میں بیٹھی بڑی شدّت سے اپنی بیٹی کا انتظار کر رہی تھی۔ اُسی وقت سے بملا کماری بھی اسی کوشش میں سرگرداں تھی کہ کسی طرح وہ اپنی ماں تک صحیح صورت حال کی خبر پہنچا دے تاکہ انتظار کے اس کرب ناک عذاب سے اسے نجات حاصل ہو۔ اس کے علاوہ اس کی اپنی خواہش بھی تھی کہ اس کی ہڈیوں کا ڈھانچہ کھود کر باہر نکالا جائے اور اس کے دھرم کے مطابق اس کا کِریا کرم کیا جائے۔ اس عرصہ میں قاتل خود بھی مر چکا تھا اور اب بملا کی طرف سے پیغام رسانی کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے سرگرم عمل تھا۔”

"جس روز بملا کی ماں کو اصل صورتِ حال کی خبر ملی اور بملا کی بوسیدہ لاش کو چِتا میں رکھ کر جلا دیا گیا اسی روز 81 سول لائنز کے در و دیوار، سقف و فرش سے آسیب کا سایہ اس طرح اٹھ گیا جیسے آسمان پر چھائے ہوئے بادل یکایک چھٹ جاتے ہیں۔ اس رات نہ مینڈکوں کا ٹرّانا بند ہوا نہ جھینگروں کی آواز خاموش ہوئی، نہ پیپل کے درخت سے لٹکی ہوئی چمگادڑوں کا شور کم ہوا۔”

"صبح تین بجے کے قریب اچانک فضا میں لا الٰہ الا اللہ کی بے حد خوش الحان صدا بلند ہوئی، ایسے محسوس ہوتا تھا کہ یہ آواز مشرق کے افق سے اُبھرتی ہے، 81 سول لائنز کے اوپر قوس بناتی ہوئی گزرتی ہے اور مغرب کے افق کو جا کر چھوتی ہے۔ تین بار ایسے ہی ہوا اور اس کے بعد اس مکان پر امن اور سکون کا طبعی دور دورہ از سرِ نو بحال ہو گیا۔ اس عجیب وغریب واقعہ نے ایک طرف تو خوف و ہیبت کے تھپیڑوں سے میرا اچھا خاصا کچومر نکال دیا اور دوسری طرف اس کی بدولت مجھے حقیقتِ روح کا قلیل سا ادراک حاصل ہوا۔”

نوجوان خاتون کا قتل: نامناسب بیان پر آر ایس ایس کارکن کے خلاف مقدمہ

0

نئی دہلی: بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے ریزورٹ میں پراسرار حالات میں قتل ہونے والی مقتول انکیتا کے خلاف نامناسب فیس بک پوسٹ پر آر ایس ایس کے کارکن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انکیتا بھنڈاری کے قتل کیس میں اتراکھنڈ پولیس نے جمعرات کے روز راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے کارکن وپن کرنوال کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

وپن کرنوال پر الزام ہے کہ انہوں نے انکیتا بھنڈاری پر قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا اور ان کے والد کو ان کی موت کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔

کرنوال کی فیس بک پوسٹ پر عوام میں غم و غصہ پایا جارہا ہے جس پر لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے کرنوال کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا۔

خواتین کمیشن کی چیئر پرسن کسم کنڈوال نے بھی کرنوال کو تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد کرنوال نے زبانی اور تحریری طور پر معافی مانگی۔

ان کی پوسٹ کے بعد رشی کیش اور رائے والا کے علاقے میں ہنگامہ آرائی بھی ہوئی جس کے بعد ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی گئی۔

خیال رہے کہ اتراکھنڈ کے ریزورٹ میں چند روز قبل ایک نوجوان خاتون کا پراسرار حالات میں قتل ہوا تھا۔ خاتون کے آخری میسجز کے اسکرین شاٹس بھی منظر عام پر آئے ہیں جس میں انہوں نے ریزورٹ کے مالک پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

جب کال دوں گا تو اس کے بعد کوئی واپسی نہیں ہوگی، عمران خان

0

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اس ظلم کے خلاف نکلنے کے لئے قوم کو جلد کال دوں گا اور جب کال دوں گا تو اس کے بعد کوئی واپسی نہیں ہوگی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ایڈورڈز کالج میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بدترین مہنگائی ہے، قوم نیچے جا رہی ہے، بڑے بڑے ڈاکو ملک کا پیسہ چوری کرکے باہر لے گئے، ان چوروں کو این آراو دیا جارہا ہے جن کے اربوں روپے کے لندن میں فلیٹس ہیں، یہ ملک کو لوٹتے ہیں، بھاگ جاتے ہیں اور ڈیل کرکے دوبارہ آجاتے ہیں، ایسے چوروں کو یوں ہی بری کیا جاتا رہا تو یہ آپ کے مستقبل کے لیے خطرناک ہے، آنے والے دنوں میں تباہی کا راستہ آپ کے سامنے آرہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ 1100 ارب روپے کی چوری بھی معاف کی جا رہی ہے، انہوں نے اپنے لیے قانون بنایا ہے باہر سے آئی معلومات قابل قبول نہیں، آپ کے پیسے باہر لندن یا آف شور میں پڑے تھے تو آمدن میں 33 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کی آمدنی بڑھے تو اسی کی ذمے داری ہوتی ہے کہ بتائے پیسے کہاں سے آئے؟ لیکن انہوں نے اس قانون کو بھی تبدیل کردیا، نیب کو کہہ رہے ہیں تم ثابت کرو، یہ پاکستانیوں کو پیغام دے رہے ہیں کہ ڈاکا مارنا ہے تو بڑا ڈاکا مارو، کیونکہ بڑے ڈاکو آزاد اور چھوٹے چور پکڑے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاں طاقتور اور کمزور کے لیے الگ الگ قانون ہوں وہ قوم کبھی ترقی نہیں کرتی، جہاں انصاف نہیں ہوتا وہاں غربت ہوتی ہے، جب ظلم کے سامنے سر جھکاتے ہیں تو معاشرہ تباہ ہوجاتا ہے، پچھلے 5 ماہ میں جب سے یہ حکومت آئی ہے روپیہ 33 فیصد گرگیا ہے، قوم پر جو ڈاکا ڈالا جا رہا ہے یہ میں کبھی برداشت نہیں کروں گا، مجھے اکیلے بھی نکلنا پڑے تو میں ان کے خلاف نکلوں گا، مجھے کسی چیز کا خوف نہیں نہ جیل کا خوف ہے نہ اپنی جان کا، عوام کو بھی خوف نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ کلمہ پڑھنے والے اللہ کے سوا کسی کے آگے نہیں جھکتے، آپ نے ہمیشہ انصاف کے ساتھ کھڑا ہونا ہے ظلم کا مقابلہ کرنا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ وزیراعظم آفس سے جو آڈیو لیکس ہوئی ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے پیٹ ابھی بھی نہیں بھرے ہیں، مریم داماد کیلئے پیسہ بنانے کی کوشش کر رہی ہیں اور شہبازشریف کہہ رہا ہے فکر نہ کرو اسحاق ڈار آئے گا تو پیسے بن جائیں گے، وزیراعظم آفس کی سیکیورٹی لیپس ہونے کا مطلب ہے کہ دشمنوں کے پاس ہماری حساس معلومات چلی گئی ہیں۔

5 منٹ سے زیادہ موبائل فون کال پر ٹیکس : صارفین کے لئے اہم خبر آگئی

0

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے 5 منٹ سے زیادہ موبائل فون کال ہونے پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی چارج کرنے کے معاملے پر ایف بی آر کی اپیل منظور کرلی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں موبائل کال 5 منٹ سے زیادہ ہونے پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی چارج کرنے کے معاملے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

سپریم کورٹ نے موبائل کال 5 منٹ سے زیادہ ہونے پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی چارج کرنے کے معاملے پر ایف بی آر کی سندھ ہائی کورٹ فیصلے کے خلاف اپیل منظورکرلی۔

سپریم کورٹ نے ایف بی آر کی اپیل کو دیگر اپیلوں کے ساتھ یکجا کرنے اور تمام اپیلوں کو ایک ماہ کے اندر سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

ایف بی آر نے موبائل کال 5 منٹ سے بڑھنے پر 75پیسے فی کال ایکسائز ڈیوٹی عائد کی تھی ، جس کے بعد موبائل کمپنیوں نے ایکسائزڈیوٹی عائد کرنے کے فیصلے کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

امریکی سائفر سے پردہ اٹھانے والے سابق پاکستانی سفیر پر مریم نواز اور بلاول بھٹو آمنے سامنے

0

اسلام آباد : امریکی سائفر سے پردہ اٹھانے والے امریکہ میں تعینات سابق پاکستانی سفیر اسد مجید کیخلاف تحقیقات پر مریم نواز اور بلاول بھٹو آمنے سامنے آگئے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی سائفر سے پردہ اٹھانے والے امریکہ میں تعینات سابق پاکستانی سفیر اسد مجید پر مریم نواز اور بلاول بھٹو تقسیم ہوگئے۔

مریم نواز نے سفیر کو قصور وار اور بلاول بھٹو نے بے قصور قرار دے دیا۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ غلطی عمران خان کی ہے، سزا اسد مجید کوکیوں دی جائے ،وہ اپنی ذمہ داری پوری کررہےتھے ،انہیں سزا دینا مناسب نہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے مطالبہ کیا ہے ایک اعلیٰ سطحی جی آئی ٹی بناکر اس وقت کے سفیراسد مجید اور دیگر کے خلاف تحقیقات کی جائے۔

خیال رہے حکومت نے امریکی سائفر پر عمران خان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملکی مفاد سے خطرناک کھیل کھیلا، ایسےمراسلےروٹین میں آتے ہیں اور وزارت خارجہ جواب دیتا ہے۔