بدھ, مئی 29, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 8178

برطانوی وزیر اعظم نے جرمانہ ادا کر دیا

0
human-rights-council

لندن: برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کرونا پابندیوں کی خلاف ورزی پر عائد جرمانہ ادا کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق بورس جانسن نے کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر آخر کار جرمانہ ادا کر دیا، تاہم استعفے کے حوالے سے انھوں نے دو ٹوک مؤقف اپنایا۔

برطانوی وزیر اعظم سے جب مستعفی ہونے سے متعلق استفسار کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ مجھے عوام نے مینڈیٹ دیا ہے، مستعفی نہیں ہوں گا۔

بورس جانسن نے کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مرتکب ہونے پر معذرت بھی کی ہے، اس سے قبل جنوری میں بھی وہ اس پر معافی مانگ چکے ہیں۔

یاد رہے کہ 20 مئی 2020 کو ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کے پائیں باغ میں پارٹی ہوئی تھی، لاک ڈاؤن کی اس خلاف ورزی پر اپوزیشن کی جانب سے بورس جانسن کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ بورس جانسن نے اس سے قبل ان خبروں کی تردید کی تھی کہ وہ اور ان کی اہلیہ کیری جانسن نے اس تقریب میں شرکت کی ہے۔

12 جنوری کو بورس جانسن نے کہا کہ وہ اندر کام پر جانے سے قبل 25 منٹ تک پارٹی میں شریک ہوئے تھے، انھوں نے کہا کہ ان کا خیال تھا کہ یہ کام کے سلسلے کی تقریب ہوگی، تاہم وزیر اعظم نے اعتراف کیا کہ پتا چلنے پر انھیں حاضرین کو بھی واپس اندر بھیج دینا چاہیے تھا۔

قائد حزب اختلاف کیئر اسٹارمر نے کہا کہ برطانیہ کے وزیر اعظم کا یہ عذر کہ "انھیں احساس نہ تھا کہ وہ پارٹی میں تھے” ایک "مضحکہ خیز” اور "دل شکن” عذر ہے، لیبر پارٹی کے رہنما نے سوال کیا کہ کیا وزیر اعظم استعفیٰ دیں گے۔

تاوان وصول کرنے کے باوجود مغوی بچہ قتل، ملزمان کی سزا کالعدم

0

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں تاوان وصول کرنے کے باوجود 9 سالہ مغوی بچے کو قتل کرنے والے ملزمان کی سزا کالعدم قرار دے دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں اغوا برائے تاوان کے جرم میں 3 ملزمان کی سزا کے خلاف اپیل منظور کرلی گئی، پولیس اور استغاثہ ملزمان کی سزا برقرار رکھنے کے لیے شواہد پیش کرنے میں ناکام رہے۔

استغاثہ کی جانب سے کہا گیا کہ ملزمان نے سنہ 2017 میں اتحاد ٹاؤن سے 9 سالہ آصف کو اغوا کیا تھا اور بچے کے والد سے 15 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔

استغاثہ کے مطابق ملزمان نے 1 لاکھ 3 ہزار وصول کرنے کے باوجود بچے کو قتل کردیا تھا۔

سندھ ہائی کورٹ نے ملزم اللہ دتہ، حفیظ اور محمدعرفان کی سزا کالعدم قرار دے دی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ تینوں ملزمان کے خلاف کوئی اور کیس نہیں تو جیل سے رہا کیا جائے۔

سعودی عرب : ٹیکسی ڈرائیوروں کیلئے بڑی خبر

0
ٹیکسی

ریاض : سعودی عرب میں ٹیکسی ڈرائیونگ کرنے والے افراد کا زیادہ تر تعلق بیرون ممالک سے ہوتا ہے، مملکت کے سخت ٹریفک قوانین کے سبب انہیں مشکلات سے بھی گزرنا پڑتا ہے۔

سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ2017-2016 ماڈل والی گاڑیوں کو ٹیکسی کے طور پر چلانے کے لیے31 دسمبر2022 تک کی مہلت دی گئی ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجسنی کے مطابق پرانے ماڈلز کی گاڑیوں کو ٹیکسی میں چلانے کی اجازت استثنائی طور پر دی گئی ہے۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس سے قبل پابندی لگائی گئی تھی کہ ٹیکسی میں زیادہ سے زیادہ پانچ سال پرانی گاڑیاں چلائی جاسکیں گی، اس حوالے سے گاڑیوں کو ٹیکسی کے طور پر چلانے کی مہلت دی گئی تھی، اس مہلت میں مزید توسیع کردی گئی ہے۔

اتھارٹی نے کہا ہے کہ ایسی گاڑیاں جو ماڈل کی شرط پوری نہیں کریں گی انہیں سروس سے خارج کردیا جائے گا۔ اس حوالے سے جو نیا ضابطہ مقرر کیا گیا ہے اس پر سال رواں کے آخر میں عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا۔

اس سے ٹیکسی سروس کا معیار بلند اور امن و سلامتی کا ماحول بہتر ہوگا۔ 8 لاکھ سے زیادہ سعودی ان دنوں ایپ ٹیکسی سے منسلک ہیں۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وہ ٹیکسی سروس کو مزید بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرے گی۔

نئی حکومت آتے ہی راولپنڈی میں شوکت خانم اسپتال کے بینرز اتار دیئے گئے

0

اسلام آباد : نئی حکومت آتے ہی راولپنڈی انتظامیہ نے شوکت خانم اسپتال کے بینرز اتارنا شروع کردیے، شہباز گل نے کہا کہ شوکت خانم اسپتال غریب کینسر کے مریضوں کی آخری امید ہے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں انتظامیہ نے شوکت خانم اسپتال کے بینرز اتارنا شروع کردیے ، پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب پر شوکت خانم اسپتال کے بینرز اتارنے کی ویڈیو شیئر کردی۔

شہباز گل نے کہا ان کی بے حسی اور سفاکیت کااندازہ لگائیں،شوکت خانم اسپتال غریب کینسرکے مریضوں کی آخری امید ہے ، انہیں شوکت خانم کینسراسپتال کے بینرز تک برداشت نہیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے مزیدکہا کہ شہباز شریف خود کینسر سروائیور ہیں جبکہ نواز شریف کی اہلیہ کینسر کے میں مبتلا ہو کر فوت ہوئیں۔

وزیراعلیٰ کا انتخاب، پرویز الہٰی کے ارکان اسمبلی سے رابطے

0

پنجاب میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلیے سیاسی جوڑ توڑ تیز ہوگیا ہے اور چوہدری پرویز الٰہی کے ارکان اسمبلی سے رابطے جاری ہیں۔

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا ہے کہ پنجاب میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے سلسلے میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ہونے کے ساتھ وزارت اعلیٰ کے امیدوار چوہدری پرویز الہٰی آج ڈی جی خان، بہاولپور اور ساہیوال سے منتخب ارکان پنجاب اسمبلی سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق ارکان صوبائی اسمبلی کے اعزاز میں افطار ڈنر بھی دیا جائیگا اس موقع پر ہونے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لئے حکمت عملی پر مشاورت ہوگی۔

وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے سابق وزرا، ارکان اسمبلی کو مختلف ٹاسک سونپے جائیں گے اور سابق صوبائی وزرا پر مشتمل کمیٹی کو ناراض ارکان سے رابطوں کی ہدایت بھی کی جائیگی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ سے ملاقات کے دوران چوہدری پرویز الہٰی نے دعویٰ کیا تھا کہ ہمارے ممبران پورے ہیں۔

مزید پڑھیں: ہمارے ممبران کی تعداد اللہ کے فضل سے پوری ہے، پرویز الٰہی

ان کا کہنا تھا کہ ناراض اراکین سمیت سب سے رابطے میں ہیں اور جلد سب متحد ہوجائیں گے۔

نئی حکومت کی آتے ہی بجٹ کی تیاریاں

0

اسلام آباد: نئی حکومت نے آتے ہی بجٹ کی تیاریاں شروع کردیں، بجٹ ترجیحات کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق شہباز شریف حکومت نے بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں مختلف وزارتوں کی بجٹ ترجیحات کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا، بجٹ ترجیحات کمیٹی کا اجلاس آج سے شروع ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ ترجیحات کمیٹی 19 اپریل تک وزارتوں کی ڈیمانڈ کا جائزہ لے گی، وزارت خزانہ نے ترجیحی کمیٹیوں کے اجلاس کا شیڈول جاری کردیا۔

دستاویز کے مطابق وفاقی وزارتیں اور ڈویژنز ترجیحی کمیٹیوں کے اجلاس میں سفارشات دیں گے، وزارت خزانہ وزارتوں کی ڈیمانڈزاور بجٹ کا جائزہ لے گی۔

حکومت کے خاتمے کے بعد تحریک انصاف کا پہلا جلسہ آج پشاور میں ہوگا

0
پی ٹی آئی

پشاور : حکومت کے خاتمے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کا پہلا جلسہ آج پشاور میں ہوگا ، عمران خان جلسے سے خطاب کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کے خاتمے کے بعد تحریک انصاف آج سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کرے گی ، پہلا جلسہ آج رات پشاور میں ہوگا، سابق وزیراعظم عمران خان خطاب کریں گے۔

جلسے کے لیے پنڈال کی تیاری زورشور سے جاری ہے، پنڈال میں پارٹی پرچموں کی بہار ہے جبکہ جلسہ گاہ کے اطراف ایک ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے۔

یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین سابق وزیر اعظم عمران خان نے پشاور سے رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

عمران خان کا پیغام میں کہنا تھا کہ پشاور کے لوگو، آپ کے پاس آرہا ہوں اور امپورٹڈ حکومت قوم پر مسلط ہونے کے بعد پہلا جلسہ کررہا ہوں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جلسے میں پیغام دوں گا کہ اپنی آزادی اور جمہوریت کی حفاظت قوم کرتی ہے، جمہوریت اور اپنی آزادی کی حفاظت کوئی فوج اور باہرکی قوت نہیں کرسکتی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ سب نے ملکر تحریک چلانی ہے کہ فوری ملک میں الیکشن کرائے جائیں۔

کتنے سال بعد وزیراعلیٰ سندھ ہاؤس آج وزیراعظم کی میزبانی کریگا؟

0

وزیراعظم شہباز شریف آج دورہ کراچی کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ ہاؤس بھی آئیں گے یہ کسی وزیراعظم کا 5 سال بعد وزیراعلیٰ سندھ ہاؤس کا دورہ ہوگا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ رہے ہیں وہ مزار قائد پر حاضری کے بعد ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادر آباد کا دورہ کرنے کے ساتھ وزیراعلیٰ سندھ ہاؤس بھی جائیں گے۔

یہ 5 سال بعد ہوگا کہ کوئی وزیراعظم وزیراعلیٰ سندھ ہاؤس آئے گا اس سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف نے 2017 میں وزیراعلیٰ سندھ ہاؤس کا دورہ کیا تھا۔

نواز شریف کی نااہلی کے بعد ان ہی کی جماعت سے بننے والے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی تقریبا ڈیڑھ سال وزیراعظم رہے لیکن انہوں ںے اس مدت کے دوران وزیراعلیٰ سندھ ہاؤس کا دورہ نہیں کیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنے پونے چار سالہ دور اقتدار میں کئی بار کراچی کا دورہ ضرور کیا لیکن وزیراعلیٰ سندھ ہاؤس نہیں آئے اور تمام سرکاری اجلاس گورنر ہاؤس میں کیے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کا شہزاد اکبر اور شہباز گل پر سفری پابندیاں ختم کرنے کا حکم

0

اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے شہزاد اکبر اور شہباز گل پر سفری پابندیاں ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا آج ہی تمام کے نام اسٹاپ لسٹ سے نکالیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی رہنماوں شہزاد اکبر اور شہباز گل کااسٹاپ لسٹ سےنام نکلوانے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

اسلام آبادہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کیس کی سماعت کی، چیف جسٹس نے کہا کہ 2 سے 3 سال میں ایف آئی اے کا کردار انتہائی مایوس کن رہا ہے، حکومت کو ظاہر کرنا ہوگا کہ کوئی زیادتی نہیں ہورہی ہے، ایف آئی اے کب سے اتنی آزاد ہوگئی رات کو انکوائری شروع کردی۔

جس پر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ہمیں 2 دن کا وقت دیا جائے شہزاد اکبر کیس کا مکمل جواب دیں گے تو جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ یہ ہتھکنڈے بہت پرانے ہوچکے ہیں، یہ ادارےعوام کی خدمت کے لیے ہیں حکومتوں کی خدمت کے لیے نہیں۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ میرےعلاوہ 6 اور لوگوں کے نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالے گئے ، جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے اپنے اختیارات سے تجاوز کیوں کرتا ہے، جو کہانی ایف آئی اے حکام کی جانب سے بتائی جارہی ہے ناقابل فہم ہے، ہر حکومت ایف آئی اے کو غلط استعمال کرتی ہے، ان کو ہراساں نہیں کریں۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ میں خوداڈیالہ جانے کو تیار ہوں اگر ایف آئی اے نے گرفتار کرنا ہے، جس پر چیف جسٹس نے شہزاد اکبر سے استفسار کیا کیاآپ اڈیالہ جانا چاہیے، تو شہزاد اکبر نے جواب دیا کہ نہیں نہیں سر۔

اسلام آبا دہائی کورٹ کاشہزاد اکبر اور شہباز گل پر سفری پابندیاں ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے دونوں کے نام اسٹاپ لسٹ سے نکالنے کے حکم امتناع میں توسیع کردی۔

عدالت نے ایف آئی اے کی جواب جمع کرانے کی مزید مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے 18 اپریل تک درخواستوں پر جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کل کے حکم پرابھی تک عمل درآمدنہیں ہوا، آج ہی تمام کے نام اسٹاپ لسٹ سے نکالیں ، آج عدالتی حکم پرعمل درآمد نہیں ہوا تو اس کے نقصانات کی ذمہ داری اٹھانہ پڑےگی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پرسیکرٹری داخلہ ،ڈی جی ایف آئی اے سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ادارے عوام کی خدمت کیلئے ہیں حکومتوں کی خدمت کیلئےنہیں۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت پیر کے روز تک کے لئے ملتوی کر دی۔

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں پھر اضافہ

0

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے اور برینٹ خام تیل 4 ڈالر 25 سینٹ اضافے سے 105.23 ڈالرفی بیرل کا ہوگیا ہے۔

روس یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد سے خام تیل کی قیمتوں میں کمی وبیشی کا سلسلہ جاری ہے اور عالمی مارکیٹ میں ایک بار پھر خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل 4 ڈالر 25 سینٹ اضافے سے 105.23 ڈالرفی بیرل کا ہوگیا ہے جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 3 ڈالر 56 سینٹ اضافے سے 101.20 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ روس یوکرین جنگ شروع ہونے کے چند دن بعد ہی گزشتہ ماہ مارچ کے اوائل میں خام تیل کی قیمتیں ریکارڈ 10 سال کی بلندی کو چھوگئی تھیں اور خام تیل پہلی بار 119.84 ڈالر فی بیرل ہوگیا تھا۔

مزید پڑھیں: روس یوکرین جنگ کے بدترین اثرات، خام تیل کی قیمتیں ریکارڈ10 سال کی بَلندی کو چھونے  لگیں

بعد ازاں تیل کی قیمتوں میں گراوٹ نظر آئی جس کے بعد تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ جاری ہے۔