ہوم بلاگ صفحہ 9776

ایم ڈی کیٹ کے خلاف ڈی چوک پر طلبہ کا دھرنا چوتھے روز میں داخل

0

اسلام آباد: ایم ڈی کیٹ امتحان کے خلاف ڈی چوک پر طلبہ کا دھرنا چوتھے روز میں داخل ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایم ڈی کیٹ امتحان کے سلسلے میں طلبہ کئی دنوں سے سراپا احتجاج ہیں، اور انھوں نے اسلام آباد کے مشہور ڈی چوک پر دھرنا دے رکھا ہے۔

مظاہرے میں ایم ڈی کیٹ امتحان دینے والے طلبہ شریک ہیں، مظاہرین حکومت اور پاکستان میڈیکل کمیشن انتظامیہ کے خلاف نعرے لگا رہے ہیں۔

مظاہرین کا مؤقف ہے کہ پی ایم سی کی ناقص پالیسی نے طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگا دیا ہے، وہ کئی دنوں سے یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ پاکستان میڈیکل کمیشن ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا دوبارہ انعقاد کرے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ لینے والی فرم نے امتحان کے دوران ناقص انتظامات کیے تھے، جس کے باعث بڑی تعداد میں طلبہ ناکام ہو گئے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو وہ پارلیمنٹ کی طرف مارچ کریں گے، احتجاجی طلبہ نے آج پارلیمنٹ جانے کی کوشش بھی تاہم پولیس نے انھیں روک دیا، طلبہ احتجاج کے پیش نظر ڈی چوک پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

واضح رہے کہ پی ایم سی کی نااہلی اور ٹیسٹ میں بے ضابطگیوں کے خلاف اسلام آباد میں گزشتہ کئی روز سے طلبہ سراپا احتجاج ہیں، اور ان کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ٹیسٹ ایک دن اور دوبارہ لیے جائیں۔

ایم ڈی کیٹ امتحان ایک دن کی بجائے ایک ماہ پر طویل کر دیا گیا تھا، کچھ طلبہ سے یکم اگست اور کچھ سے یکم ستمبر کو ٹیسٹ لیا گیا تھا جس کی وجہ سے سب کو تیاری کا یکساں موقع نہ مل سکا، جب کہ دونوں پیپرز میں بھی فرق تھا، ایک بیج کے لیے ٹیسٹ آسان تھا، تو دوسرے بیج کو مشکل ٹیسٹ کے مرحلے سے گزارا گیا۔

شفاف کیڑا، جس کے اندرونی اعضا باہر سے دکھائی دیتے ہیں

0

قدرت کی صناعی ہمیشہ انسانوں کو حیران کرتی آ رہی ہے، دنیا حیرت انگیز چیزوں سے بھری ہوئی ہے، حشرات کی دنیا کے عجائبات بھی کم حیران نہیں کرتے۔

ان عجائبات میں یہ برازیلی اسکِپر بٹر فلائی کیڑا بھی شامل ہے، یعنی اسکپر تتلی مکمل شکل میں نمودار ہونے سے قبل اس حیرت انگیز طور پر شفاف کیڑے کی صورت میں ہوتی ہے۔

یہ کیٹرپلر (سنڈی) اتنا شفاف ہوتا ہے کہ اس کے اندر موجود ہاضمے اور دیگر نظام ہائے جسم باہر ہی سے دکھائی دیتے ہیں، اسے پہلی مرتبہ دیکھ کر ہر کوئی حیران رہ جاتا ہے اور قدرت کی صناعی کا معترف ہو جاتا ہے۔

اسکپر تتلی بھی عام تتلیوں سے بڑی ہوتی ہے، لیکن جب یہ کیٹرپلر کے مرحلے پر ہوتی ہے تو اس کی بیرونی جلد نیم شفاف ہوتی ہے، اور اس کے پار اندر کے اعضا اور نظام دیکھے جا سکتے ہیں، اس کے سر سے ہوتی ہوئی ایک گہری سیاہ لکیر نیچے تک جاتی ہے، اسے کیڑے کا دل کہا جاتا ہے۔

یہ تتلیاں فلوریڈا، ٹیکساس، ویسٹ انڈیز، وسطی امریکا، ارجنیٹیا اور جنوبی امریکا میں عام پائی جاتی ہیں، اس کا کیٹرپلر ایک کینا للیز نامی درخت کے پتے کھاتا ہے۔

شروع میں یہ سبز مائل بھورا ہوتا ہے، لیکن پتے کھا کر اس کا رنگ قدرے گہرا ہوتا جاتا ہے۔

اداکارہ اپنے حق میں‌ دلائل دیتے ہوئے پھوٹ‌ پھوٹ‌ کر رونے لگیں

0

لاہور: پاکستانی اداکارہ میرا کمرہ عدالت میں اپنے حق میں صفائی پیش کرنے کے لیے جذباتی انداز اختیار کیا تو عدالت نے انہیں خاموش ہونے کا حکم دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے سیشن کورٹ میں اداکارہ میرا کے تکذیب نکاح  کیس کی سماعت سیشن جج رائے احمد خان نے کی۔ میرا اپنے وکلا کے ساتھ چہرے پر سیاہ ماسک لگا کر عدالت میں پیش ہوئی۔

جج کی جانب سے روسٹروم پر جب اداکارہ کو طلب کیا گیا تو انہوں نے جذباتی انداز اختیار کیا اور رو رو کر اپنے حق میں صفائی پیش کرتی رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’جج صاحب میں دس سال سے انصاف کے لیے در بدر پھر رہی ہوں، مگر میری داد رسی نہیں ہوئی، امریکا کی عدالت میں  پیش ہوئی تو وہاں میری بات کو مکمل سنا گیا‘۔

عدالت نے اداکارہ میرا کو چیخ چیخ کر بولنے سے منع کیا اور کہا کہ اگر ایسے ہی گفتگو کرنا ہے تو آپ اپنی نشست پر  بیٹھ جائیں۔

عدالت نے ترمیمی شواہد پر وکلا کو بحث کے لیے طلب کرتے ہوئے سماعت پانچ اکتوبر تک ملتوی کر دی۔میرا نے میڈیا سے مختصر گفتگو میں کہا کہ میں نے نکاح نہیں کیا، دس سال سے انصاف کے لیے بھٹک رہی ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ ’شوٹنگ کو نکاح کا نام دیا جارہا ہے، فلموں میں پیار، محبت،نکاح سب جھوٹ ہوتاہے‘۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’مجھ پر دائر ہونے مقدمےکی وجہ سے شوبز انڈسٹری کا اربوں روپے کا سرمایہ ڈوب گیا‘۔

ایڈیشنل سیشن جج لاہور راٸے احمد خان  نے اداکارہ میرا کے تکذیب نکاح کیس میں  اپیل پر سماعت کی،اداکارہ میرا اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں ۔

چمگاڈر قاتل بن گئی، امریکی خوف کا شکار

0

امریکی ریاست الینوائے میں چمگاڈر کے کاٹنے سے ایک شخص کی موت واقع ہوگئی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق الینوائے ڈیپارٹمنٹ آف پبلک ہیلتھ (آئی ڈی پی ایچ) نے چمگاڈر کے کاٹنے سے ایک شخص کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انیس سو چون کے بعد ریاست میں ‘ ریبیز ‘ سے انسان کی ہلاکت کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

آئی ڈی پی ایچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چمگاڈر کے کاٹنے کا واقعہ گذشتہ ماہ جھیل کاؤنٹی میں پیش آیا تھا جب اسی سالہ شخص نیند سے بیدار ہوا تو چمگاڈر اس کے گلے سے چمٹا ہوا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ماہ ستمبر کے آغاز تک اس میں ‘ ریبیز ‘ کے کاٹنے کی کوئی علامات ظاہر نہ ہوئی تھی، ضروری ٹیسٹوں کے بعد متاثرہ شخص نے ریبیز سے وابستہ علامات کا سامنا کرنا شروع کیا جن میں گردن میں درد ، سر درد ، اعضاء پر قابو پانے میں دشواری ، آنکھوں میں دھندلاہٹ اور الفاظ کی ٹھیک طرح سے عدم ادائیگی شامل تھی۔

الینوائے ڈیپارٹمنٹ آف پبلک ہیلتھ (آئی ڈی پی ایچ) کے مطابق اگرچہ ریبیز کے علاج کے لئے ویکسین موجود ہے جو موت کو روک سکتی ہے، مگر متاثرہ شخص کو فوری طور پر علاج کرانا ہوتا ہے، ایک بار جب کوئی علامات ظاہر ہونا شروع ہوجائے تو،عام طور پر انہیں بچانے میں بہت دیر ہوجاتی ہے۔

واضح رہے کہ ‘ ریبیز’ کے باعث شرح اموات سب سے زیادہ ہے، کیونکہ علامات ظاہر ہونے کے بعد ہفتوں میں مریض ہلاک ہوجاتے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق چمگادڑ اس بیماری کو لے جانے کے لیے جانا جاتا ہے جبکہ ‘کتے’ انسانی ریبیز سے ہونے والی اموات کا بنیادی ذریعہ ہیں، جس کے زریعے ننانوے فیصد ‘ ریبیز’ کی منتقلی ہوتی ہے۔

ٹونی کرٹس کا تذکرہ جس نے عورت کا بہروپ بھر کر شہرت حاصل کی

0

1959ء میں ہالی وڈ کے شائقین فلم ’سَم لائیک اٹ ہاٹ‘ سے محظوظ ہوئے اس فلم کو کلاسک کامیڈی مانا جاتا ہے۔

فلم کا ایک کردار ٹونی کرٹس نے ادا کیا تھا جب کہ ساتھی فن کار جیک لیمن تھے۔ ان دونوں مرد اداکاروں نے فلم میں عورتوں کا بہروپ بھرا تھا جسے شائقین نے بہت پسند کیا۔ اسی فلم میں ان کے ساتھ اپنے وقت کی مقبول ترین اداکارہ مارلن منرو نے بھی اپنا کردار نبھایا تھا۔ فلم میں ٹونی کرٹس اسی اداکارہ کے محبوب کے طور پر نظر آئے تھے۔

اس فلم نے اداکار کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔

2010ء میں آج ہی کے دن ٹونی کرٹس نے دنیا کو ہمیشہ کے لیے چھوڑ دیا تھا۔ آئیے برنارڈ شوارٹز المعروف ٹونی کرٹس کی زندگی اور فلمی سفر کے بارے میں جانتے ہیں۔

وہ 3 جون 1925ء کو نیویارک میں پیدا ہوئے۔ اداکاری کے بعد ان کا دوسرا مشغلہ آرٹ اور مصوّری تھا۔

کلاسک کا درجہ رکھنے والی ہالی وڈ کی کئی فلموں میں اس فن کار نے اپنی شان دار اداکاری سے شائقین کو محظوظ کیا جن میں مذکورہ فلم کے علاوہ ’سپارٹیکس‘ اور ’دی ڈیفینیٹ ونس‘ شامل ہیں۔

ٹونی 1950ء کی دہائی کے مقبول، کام یاب ترین اور وجیہ صورت اداکاروں میں سے ایک تھے۔ انھوں نے فلموں اور ڈراموں دونوں میں کام کیا اور ہر جگہ کام یاب رہے۔

کرٹس کو دی ڈیفینیٹ ونس میں عمدہ کردار نگاری پر ‘اکیڈمی ایورڈ’ کے لیے بھی منتخب کیا گیا تھا، مگر وہ یہ ایوارڈ نہ جیت سکے۔ انھیں فلمی دنیا کے دیگر کئی اعزازات سے نوازا گیا جب کہ لاس اینجلس میں ان کا نام ‘والک آف دے فیم’ پر بھی روشن ہوا۔

2008ء میں ٹونی کرٹس کی سوانحِ حیات بھی شائع ہوئی، جس میں انھوں نے اپنے زمانے کے بڑے بڑے فن کاروں سے اپنے تعلقات اور اپنے بچپن کی یادوں کے ساتھ اداکاری کے میدان میں اپنے سفر کی روداد بیان کی ہے۔

ٹونی کرٹس نے اپنے فلمی کیریئر میں 140 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ انھوں نے زیادہ تر میں فلموں میں مزاحیہ کردار ادا کیے۔

ٹونی کرٹس نے چھے شادیاں کی تھیں۔ وہ ایک زمانے میں آوارہ مزاج اور عیّاش بھی مشہور تھے۔

امریکا نے بھی آواز کی رفتار سے تیز میزائل کا تجربہ کر لیا

0

واشنگٹن: امریکا نے بھی روس کے بعد آواز سے 5 گنا تیز رفتار ہائپر سانک کروز میزائل کا تجربہ کر لیا، چند دن قبل شمالی کوریا نے بھی ہائپرسانک میزائل کا تجربہ کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق پینٹاگون نے 2013 کے بعد پہلی بار ہائپر سانک کروز کا کامیاب تجربہ کیا ہے، امریکا کی ڈیفنس ایڈوانسڈ ریسرچ پراجیکٹس ایجنسی کی طرف سے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس میزائل کا تجربہ گزشتہ ہفتے کیا گیا۔

پینٹاگون کے مطابق امریکا کے اس نئے میزائل نظام کی رفتار اور خفیہ رہنے کی صلاحیت دشمن کو حیران کر سکتی ہے، امریکی میزائل نظام کو ‘ہائپر سانک ایئر بریدنگ ویپن کنسپٹ‘ کا نام دیا گیا ہے، یہ نظام ایرو اسپیس اور ڈیفنس کے شعبے کی دو بڑی کمپنیوں ریتھیون ٹیکنالوجیز اور نارتھروپ گرومان کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔

رواں برس جولائی میں امریکی ہائپرسانک میزائل کا تجربہ ناکام ہو گیا تھا

امریکی ہائپرسانک میزائل کا یہ تجربہ روس کی طرف سے اسی طرح کے ایک میزائل تجربے کے چند ماہ بعد ہی ہوا ہے، رواں برس جولائی میں روس نے بھی ہائپر سانک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا، روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے اس موقع پر کہا تھا کہ اس میزائل کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں ہے۔

شمالی کوریا کے اخبار نے میزائل تجربے کی تصدیق کر دی

نئے ہائپر سانک کروز میزائل کی رفتار اور حرکت کرنے کی صلاحیت کے سبب بروقت اس کا کھوج لگایا جانا مشکل ہوتا ہے، یہ بہت زیادہ دھماکا خیز مواد کے بغیر بھی بہت زیادہ توانائی کے سبب زیادہ تباہ کن ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ آج شمالی کوریا کے حکمران ورکرز پارٹی کے اخبار رودونگ سنمُن نے تصدیق کی ہے کہ اس کے ملک نے نئے تیار کردہ، آواز سے پانچ گنا تیز رفتار میزائل کا منگل کی صبح پہلی مرتبہ تجربہ کیا۔

خواتین کی دلکشی کا راز، خوبصورتی یا زیورات؟

0

خواتین سجنے سنورنے کیلئے صدیوں سے زیورات کا استعمال کر رہی ہیں، ان کی زیب و زینت کے لئے زیورات کا ایک خصوصی مقام رہا ہے، البتہ وقت بدلنے کے ساتھ زیورات کی دھات اور اس کی بناوٹ میں تبدیلیاں ہوتی رہتی ہیں۔

لیکن خوبصورت نظر آنے کے لئے زیورات کا استعمال کبھی ترک نہیں کیا گیا، ہر عورت کی یہ خواہش رہتی ہے کہ وہ سب پر سبقت لے جائے اور سب سے منفرد اور جدا نظر آئے اسی لئے وہ زیورات کے استعما ل سے کبھی غافل نہیں رہتی۔

کچھ زیورات ایسے ہیں جو عام طور پر سب ہی خواتین استعمال کرتی ہیں، ان میں بندے، جھمکے، بالیاں، گلے کی چین، انگوٹھی اور بریسلٹ شامل ہیں۔ آج کل نازک چین سے بنی پازیب بھی خواتین خصوصاً لڑکیوں میں مقبول ہے۔

اسی مناسبت سے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ‘ گڈ مارننگ پاکستان’ میں دیدہ زیب زیورات سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی، جہاں ایکسپرٹ نے جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے زیورات کے ڈیزائن متعارف کرائے۔

ہلکے اور بھاری بھر کم زیورات کی دلکشی دیکھنے سے تعلق رکھتی تھی، پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ایکسپرٹ کا کہنا تھا کہ یہاں موجود ڈیزائن شادی بیاہ کے علاوہ دیگر تقاریب میں بھی پہنا جاسکتا ہے یہی نہیں جو خواتین روز مرہ امور کے دوران زیورات کو پہننا پسند کرتی ہیں، ان کے لئے ہلکے وزن کے زیورات موجود ہیں۔

 

افغان جنگ میں ناکامی کیوں ہوئی؟ اعلیٰ فوجی قیادت نے سب بتا دیا

0

امریکی فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل مارک ملی نے افغان جنگ کو اسٹریٹجک ناکامی قرار ‏دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان سے انخلا نے امریکا کی ساکھ کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔

امریکی سینیٹ کی آرمڈ فورسز کی کے اراکین نے افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا، دوحا معاہدے کی بعد کی ‏صورتحال اور طالبان کے اقتدار میں آنے سمیت افغانستان کی موجودہ صورتحال پر وزیردفاع لائیڈ آسٹن، جوائنٹ ‏چیف کے چیئرمین جنرل مارک ملی اور امریکی سینٹرل کمان کے سربراہ جنرل فرینک سے 6 گھنٹے تک سخت ‏سوالات کیے۔

جنرل مارک ملی نے کہا کہ اس وقت کے وزیرخارجہ پومپیو کو بتایا چین کے ساتھ میرے رابطےمیں کیا ہوا اور ‏میں نےچینیوں سےکہاٹرمپ ان پرحملہ نہیں کریں گے اپنےفرائض کےحصےکےطورپرچین سےرابطہ کیاتھا۔

انہوں نے کہا کہ میرافرض امریکاکواندرونی و بیرونی دشمنوں سے بچاؤں، افغانستان سےدہشت گردی کاخطرہ اب ‏بھی موجود ہے افغانستان کی جنگ ایک اسٹریٹیجک ناکامی تھی یہ جنگ شرائط پر ختم نہیں ہوئی جو چاہتے ‏تھے۔

امریکی وزیردفاع نے سوال کے جواب میں کہا کہ ایک گولی چلائے بغیر افغان فوج کے ہتھیار ڈالنے پرحیران ہوئے ‏ماننا پڑے گا ہمیں افغان حکومت میں کرپشن کی سطح کا اندازہ نہیں تھا۔

کمانڈرسینٹرل کمانڈ نے کہا کہ توقع نہ تھی طالبان چندگھنٹےمیں کنٹرول حاصل کرلیں گے افغانستان میں جنگی ‏مشن پیچیدہ تھا جیساکہ انخلا تھا۔

پاک روس مشترکہ فوجی مشقوں‌ کا آغاز

0

راولپنڈی: پاکستان اور روس کی خصوصی فورسز کی مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق روس کے علاقے مولکینو میں پاک فوج اور روسی فوج کی مشقوں ’دروزبہ 6 کرسنودر‘ کا آغاز ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب  روس میں منعقد ہوئی، جس میں کلوچ کے میئرسرگئی بلوپولسکی مہمان خصوصی تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان ، روس اسپیشل فورسزکے دستے2 ہفتے انسداد دہشتگردی کی ڈرلز میں حصہ لیں گے۔

افتتاحی تقریب میں پاکستان اور روس کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ دونوں ممالک کے دستوں کے ہتھیار اور آلات کے استعمال کی مہارت بھی دکھائی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل روس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے کثیرالملکی فوجی امن مشن مشقوں کا انعقاد کیا گیا تھا، جو 25 ستمبر 2021 کو اختتام پذیر ہوئیں تھیں۔

فوجی مشقیں روس کےاورنبرگ ریجن میں ڈونگزٹریننگ ایریامیں کی گئیں، روسی سینٹرل ملٹری ڈسٹرکٹ کمانڈرکرنل جنرل الگزینڈرلاتن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی تھی۔  شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے دستوں نے تربیتی فوجی مشقوں میں حصہ لیا، مشقوں میں شریک فوجی دستوں نےایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا۔

یاد رہے اس سے قبل آذربائیجان میں کثیرالملکی فوجی مشقیں ہوئیں تھیں ، 3بھائیوں کےعنوان سےمشقوں میں ‏پاکستان، ترکی، آذربائیجان نے شرکت کی تھی۔ مشقوں میں انسداددہشتگردی، خطرات، ہائبرڈ صورتحال کی ڈرلز کی گئیں۔ 2ہفتےجاری رہنےوالی مشقوں میں ‏کمبائنڈ آپریشنز کیے گئے۔

کویتی فنکار کو قید و جرمانے کی سزا

0

 کویت سٹی: منشیات کے استعمال پر ایک کویتی فنکار کو قید و جرمانے کی سزا ہو گئی، فن کار نے ایک عرب ملک میں عکس بندی کے دوران نشے میں مبتلا ہونے کا اعتراف کیا۔

تفصیلات کے مطابق کویت میں فوجداری عدالت نے منشیات استعمال کرنے کا الزام ثابت ہو جانے پر معروف فن کار کو 5 برس قید بامشقت اور 5 ہزار دینار جرمانے کی سزا سنا دی۔

کویتی جرائد میں چھپنے والی خبروں میں کویتی فن کار کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے، صرف یہ بتایا گیا کہ وہ کویت کا مشہور فن کار ہے اور وہ رمضان سے متعلق ٹی وی پروگرامز میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے، تاہم بڑی تعداد میں سوشل میڈیا پر صارفین کا کہنا ہے کہ یہ اداکار علی کاکولی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق فن کار بیرون ملک سے کویت پہنچا تھا، تلاشی پر اس کے سامان میں سے نشہ آور اشیا برآمد ہوئی تھیں۔

کویتی فن کار پر نشہ آور اشیا کی اسمگلنگ کا بھی الزام تھا، تاہم عدالت نے اس پر منشیات استعمال کرنے پر پانچ ہزار دینار کا جرمانہ کیا، اور منشیات کی اسمگلنگ کے الزام سے بری کر دیا۔

کویتی جریدے الرائی کے مطابق کویت کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچنے پر کویتی فن کار کو حراست میں لیا گیا تھا، پبلک پراسیکیوشن نے ملزم سے پوچھ گچھ کی تو تحقیقات کے دوران اس نے اعتراف کیا کہ وہ ایک عرب ملک میں عکس بندی کے دوران نشے کا عادی ہوا تھا۔