بدھ, جنوری 15, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 19947

پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث 3 ملزمان کو عمر قید کی سزا، دس دس لاکھ روپے جرمانہ

0

کراچی : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پولیس اہلکار نوید تنولی کے قتل میں ملوث تین ملزمان کو عمر قید کی سزا سنادی ہے، ملزمان پر دس دس لاکھ روپے جرمانہ عائد جبکہ دو ملزمان کو عدم ثبوت کی بناء پر بری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پولیس اہلکار نوید تنولی قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر تین ملزمان کو عمر قید کی سزا سنادی۔

ملزمان میں حاجی نیک محمد، خالد منشا اور شیر زمان شامل ہیں۔ سرکاری وکیل کے مطابق ملزمان پر دس دس لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے ،عدالت نے دو ملزمان سائیں بخش اور علی سولنگی کو بری کردیا، ملزمان نے2011 میں کورنگی انڈسٹریل ایریا میں فائرنگ کرکے پولیس اہلکار کو قتل کیا تھا۔

عدالت نے ایک اور پولیس مقابلے کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر تین ملزمان کو سزا سنادی، عدالت نے ملزمان کو پندرہ پندرہ سال قید کی سزا سنائی، ملزمان میں فرحان میمن، شاہ نواز اور عبد الحق شامل ہیں، ملزمان کے خلاف شاہراہ فیصل تھانے میں پولیس مقابلہ اور غیر قانونی اسلحے کا مقدمہ درج ہے۔

علاوہ ازیں احتساب عدالت نے سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کے فرنٹ مین اظہار حسین کو 9مئی تک جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا ہے۔

منگل کو احتساب عدالت میں سابق وزیر شرجیل میمن کے فرنٹ میں اظہار حسین کو پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ملزم کو نو مئی تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔

نیب کے مطابق ملزم سابق وزیر شرجیل میمن کا فرنٹ مین ہے، ملزم پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے، ملزم کے قبضے سے مختلف پراپرٹیز کے دستاویزات ملی ہیں، ملزم کو گذشتہ رات ڈیفنس کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا۔

پنجاب میں 4 ڈی آئی جیز سمیت 29 پولیس افسران کے تقرر و تبادلے

0

لاہور: پنجاب میں 4 ڈی آئی جیز سمیت 29 پولیس افسران کے تقرر و تبادلے کر دیے گئے ہیں، شہزاد اکبر کو ڈی آئی جی پولیس اسٹیبلشمنٹ سی پی او آفس تعینات کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں محکمہ پولیس میں تقرر و تبادلے عمل میں لائے گئے ہیں، شہزاد اکبر کو ڈی آئی جی پولیس اسٹیبلشمنٹ سی پی او آفس، جب کہ سی پی او فیصل آباد اشفاق احمد خان کو ڈی آئی جی آپریشنز لاہور بنا دیا گیا ہے۔

وقاص نذیر کو سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے اور ایس ایس پی موٹر ٹرانسپورٹ پنجاب محمد اظہر اکرام کو سی پی او فیصل آباد تعینات کر دیا گیا۔

ایس ایس پی آپریشنز فیصل آباد اسماعیل الرحمان کو ایس ایس پی آپریشنز لاہور مقرر کر دیا گیا، جب کہ ایس ایس پی اسد سرفراز خان کو ڈی پی او خانیوال تعینات کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  سابق آئی جی پنجاب کے تبادلے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج

ایس ایس پی مستنصر فیروز کو ڈی پی او سیالکوٹ، ایس ایس پی صادق علی کو ڈی پی او مظفر گڑھ اور ایس ایس پی وقار شعیب انور کو ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ تعینات کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ 19 اپریل کو سابق آئی جی پنجاب پولیس امجد جاوید سلیمی کے تبادلے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے، درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ پولیس آرڈر 2002 میں آئی جی کی پوسٹنگ کا دورانیہ تین سال ہے، جاوید سلیمی کا چھ ماہ کے بعد تبادلہ کر دیا گیا۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت 8 ماہ کے عرصے میں تین آئی جی پنجاب تبدیل کر چکی ہے۔

ہیں تلخ بہت بندہ مزدور کے اوقات، دنیا بھرمیں آج مزدوروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

0

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مزدوروں کے حقوق کا عالمی دن منایا جارہا ہے، یہ دن شکاگو میں مزدوروں کی جانب سے کے جانے والے احتجاج پر امریکی حکومت کی جانب سے تشدد کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے مزدوروں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

یکم مئی 1886 میں چند مزدور رہنماؤں کی اپیل پرشکاگو کی فیکٹریوں میں کام کرنے والے 4 لاکھ مزدوروں کی جانب سے ہڑتال کی گئی، ہڑتال اس قدر کامیاب تھی کہ ایک امریکی اخبار نے لکھا کہ کسی ایک بھی فیکٹری کی چمنی سے دھواں اٹھتا دکھائی نہیں دیا۔

مزدوروں نے نا صرف یہ کہ ہڑتال کی بلکہ شکاگو کے’ہے مارکیٹ اسکوائر‘پراحتجاج کے لیے جمع ہونے لگے، ایک محتاط اندازے کے مطابق 25،000 مزدور احتجاج کے لیے جمع ہوئے تھے۔

مزدوروں کا مطالبہ تھا کہ ان کے کام کرنے کے اوقات 14 گھنٹے سے گھٹا کر 08 گھنٹے کیے جائیں اور اس مطالبے میں مقامی، غیر مقامی، ہنرمنداور مزدور سب ہی شامل تھے۔

مئی کی چار تاریخ تک یہ احتجاج پرامن طریقے سے جاری رہا لیکن 4 مئی کی رات کواچانک کہیں سے 180 پولیس افسران کا دستہ نمودارہوا جس نے مظاہرین سے منتشرہونے کو کہا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم پر امن احتجاج کررہے ہیں کہ اچانک کہیں سے ایک بم پولیس اہلکاروں پرآگرا جس کے بعد پولیس نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق اس میں 4 افراد جاں بحق اور 70 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ جاں بحق اورزخمی ہونے والے افراد کی درست تعداد آج تک طے نہیں کی جاسکی۔

 

یکم مئی اپنے خونِ ناحق کی سرخ پیغمبری کا دن ہے
یکم مئی زندگی کا اعلان رنگ ہے زندگی کا دن ہے

اس واقعے کے چارسال بعد 4 مئی کو ہونے والے سانحے میں جاں بحق ہونے والے مزدوروں کوخراج تحسین پیش کرنے کے لیے عالمگیرمظاہروں کا اعلان کیا گیا جو انتہائی کامیاب رہا۔

اس واقعے کے تقریباً 51 سال بعد 1937 میں امریکہ کے زیادہ ترمزدور آٹھ گھنٹے کام کرنے کا حق حاصل کرچکے تھے۔

افسوس کی بات یہ ہے کہ آج 2019 میں جب دنیا بھر میں آٹھ گھنٹے کام کا حصول رائج ہوچکا ہے لیکن پاکستان میں یہ اصول صرف کاغذوں کی حد تک رائج ہے لیکن مزدوروں کے حالات آج بھی بہت خراب ہیں۔

اس شہرمیں مزدورجیسا دربدرکوئی نہیں
جس نے سب کے گھر بنائے اس کا گھر کوئی نہیں

حکومت مخالفین کی جاسوسی کے لیے روبوٹ چوہے استعمال کر رہی ہے: نبیل گبول کا عجیب دعویٰ

0

کراچی: پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نبیل گبول نے عجیب و غریب دعویٰ کر دیا ہے کہ حکومت کی جانب سے مخالفین کی جاسوسی کے لیے ان کے کمروں میں روبوٹ چوہے چھوڑے جا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے نبیل گبول نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے آئی بی کو روبوٹ چوہے چھوڑنے کا کہا ہے۔

نبیل گبول نے دعویٰ کیا کہ سیکریٹری قومی اسمبلی میرا لگایا ہوا ہے، یہ بات اس نے مجھے بتائی ہے، جن پر عمران خان کو شک ہے ان کے کمروں میں روبوٹ چوہے چھوڑے گئے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ رہنما ن لیگ رانا ثنا اللہ پر بھی نظر رکھنے کے لیے ان کے کمرے میں روبوٹ چوہا چھوڑا گیا ہے۔ اس پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے اس وقت ہر آدمی پر نظر رکھی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  چوہے نے نجی ایئر لائن کی پرواز روک کر طیارہ گراؤنڈ کروا دیا

دریں اثنا نبیل گبول نے کراچی کے سمندر سے تیل نکلنے کے حوالے سے بھی دعویٰ کیا، اور کہا کہ آج ایگزون کی رپورٹ آئی ہے کہ سمندر سے تیل نہیں نکلا۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا پاکستان کو بہت بڑی خوش خبری ملنے والی ہے، بعد میں پتا چلا کہ کراچی کے سمندر سے تیل نکالنے کے لیے ڈرلنگ ہو رہی ہے، لیکن آج معلوم ہوا ہے کہ تیل نہیں نکلا۔

نبیل گبول کا یہ بھی کہنا تھا کہ آنے والا دور بلاول بھٹو کا ہے، 2020 الیکشن کا سال ہے، الیکشن نہیں ہوا توسیاست چھوڑ دوں گا، جنرل الیکشن نہیں بلکہ بہت بڑی تبدیلی آنے والی ہے، 2020 میں آنے والی تبدیلی ملک کے لیے اچھی ہوگی۔

ایڈز کا شکار ہونے والے 46 بچے تھیلیسمیا کے بھی مریض ہیں: تحقیقاتی رپورٹ

0

لاڑکانہ : رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی ایڈز کا شکار ہونے والے46بچے تھیلیسمیا کے بھی مریض ہیں، واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرکے وزارت قومی صحت کو ارسال کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی ایڈز کے کیسز کے بارے میں ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام نے واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرکے وزارت قومی صحت کو ارسال کر دی ہے۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ایچ آئی وی ایڈز کا شکار ہونے والے46بچے تھیلیسمیا کے مرض میں مبتلا ہیں،ان بچوں کی عمریں دو تا چودہ برس ہیں، بچوں میں ایڈز کی تصدیق غیر سرکاری ادارے کے سینٹرمیں ہوئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غیر سرکاری ادارے کے تھلیسمیا سینٹر میں بچوں کو خون لگایا جاتا ہے، بچوں کو ایچ آئی وی ایڈز غیر معیاری انتقال خون سے ہوا، ایڈز سے متاثرہ 46 بچوں کو دیگر امراض بھی لاحق ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کو تین ہزار ایڈز ٹیسٹ کٹس فراہم کر دیں، چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ میں ایڈز کا تشخیصی مرکز قائم کر دیا گیا ہے، ایچ آئی وی ایڈز کا شکار بچوں کے خاندان والوں کے ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا قطر کے ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطہ

0

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قطر کے ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے، رابطے میں دو طرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق آج وزیر خارجہ شاہ محمود نے قطر کے ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر دونوں ممالک کے باہمی تعلقات پر گفتگو کی۔

گفتگو کے دوران پاک قطر دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورت حال اور باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے اے سی ڈی منسٹیریل کانفرنس کے کام یاب انعقاد پر قطری ہم منصب کو مبارک باد دی اور وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے امیر قطر کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ ہم قطر سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے خواہش مند ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  دوحہ:پاک قطرتجارت وسرمایہ کاری کانفرنس، دوطرفہ تجارتی فروغ پر زور

قطری وزیر خارجہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قطر کی تعمیر و ترقی میں پاکستانیوں کا کردار قابل تحسین ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ دوحہ میں پاک قطر تجارت و سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں دو طرفہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

کانفرنس کا انعقاد سرمایہ کاری بورڈ، پاکستانی سفارت خانے اور قطر فنانس سینٹر نے کیا، دنوں ممالک کے معاشی ماہرین نے دو طرفہ تجارتی معاملات کی بہتری اور مضبوطی پر گفتگو کی۔

عدالت نے میشا شفیع پر دس ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا، قانونی ٹیم علی ظفر

0

کراچی : نامور گلوکار علی ظفر کی قانونی ٹیم نے کہا ہے کہ محتسب نے میشا شفیع کی درخواست مسترد کردی تھی، گواہوں سے جرح نہ کرنے پر میشا پر دس ہزار روپے کا جرمانہ عائد ہوا۔

تفصیلات کے مطابق گلوکارہ میشا شفیع کے تازہ الزامات کے جواب میں گلوکار علی ظفر کی قانونی ٹیم کی جانب سے بیان جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ محتسب نے میشا شفیع کی درخواست مسترد کردی تھی۔

عدالت نے متعدد بار میشا شفیع سے جواب طلب کیا، میشا شفیع کی لیگل ٹیم نے مواقع ملنے کے باوجود علی ظفر کی طرف سے پیش گواہوں پر جرح نہیں کی، جرح نہ کرنے پرعدالت نے میشا شفیع کو 10ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔

لیگل ٹیم کے مطابق گورنر پنجاب نے بھی اسی بنیاد پرمیشا شفیع کی اپیل مسترد کی تھی، گلوکارہ نے محتسب کے حکم کی معطلی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا، ہائیکورٹ نے محتسب اور گورنر کے احکامات کو کالعدم قرار نہیں دیا، میشا کی شکایت مسترد ہونے سے متعلق محتسب اور گورنر کے احکامات برقرار ہیں۔

علی ظفر کی لیگل ٹیم نے کہا ہے کہ گلوکار نے درست کہا کہ ان کے خلاف شکایت مسترد ہوچکی ہے، جھوٹے الزامات پر میشا شفیع کو علی ظفر نے قانونی نوٹس بھجوایا، علی ظفرنے 23جون2018کو میشا شفیع کےخلاف دعویٰ دائر کیا، عدالت نے میشا شفیع کو5جولائی کیلئے نوٹس جاری کیا ہے۔

لیگل ٹیم کے مطابق ہائی کورٹ کا واضح حکم ہے کہ میشا پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر علی ظفر کےخلاف نہیں بولیں گی، اس کے علاوہ میڈیا پر تشہیر کے باوجود میشا شفیع نے نوٹس وصول نہیں کیے، 13اگست 2018 کو میشا شفیع نے اپنی لیگل ٹیم کے ذریعے پاور آف اٹارنی جمع کروایا۔

مزید پڑھیں: علی ظفر عدالت میں پیش، میشا شفیع غائب، اسٹار کا قانونی جنگ جاری رکھنے کا اعلان

اگر یہ تاخیری حربے نہیں تو اسے کیا کہیں گے، میشا شفیع کے وکلاء کےجھوٹے بیانات کا جواب دیا جارہا ہے، علی ظفر ایسے بیانات پر قانونی چارہ جوئی کاحق محفوظ رکھتے ہیں۔

وزیر اعظم کا سات سال سے وطن واپس نہ آنے والے مزدوروں کے لیے بڑا اعلان

0
Imran Khan

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سات سال سے وطن واپس نہ آنے والے مزدوروں کو ائیر ٹکٹ پر سبسڈی فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق آج وزیراعظم کی زیر صدارت مزدوروں کی فلاح و بہبود سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں "مزدورکا احساس پروگرام” کے انعقاد کی منظوری دی گئی، پروگرام کی تقریب کل احساس پروگرام کے تحت منعقد ہو گی.

اجلاس میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر، معاون خصوصی زلفی بخاری، فردوس عاشق اعوان، ندیم افضل چن شریک ہوئے.

اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ سات تک پاکستان نہ آ سکنے والے مزدوروں کو حکومت سبسڈی فراہم کرے گی.

معاشرے کے کمزور طبقوں، مزدوروں بشمول گھروں میں کام کرنے والے افراد کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے. اس موقع پر حکومت پنجاب کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی تعریف کی گئی.

اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے مطابق مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے سلسلے میں اقدامات کو مرحلہ وار مکمل کیا جائے، ابتدا رجسٹریشن کے عمل سے کی جائے گئی، تاکہ تمام مزدوروں کا مکمل ریکارڈ میسر آسکے.

مزید پڑھیں: وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی سمری پر نظرثانی کی ہدایت کر دی

اس موقع پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ احساس روگرام غربت میں کمی کے لئے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے، کمزور طبقوں کے لئے 115 سماجی فلاحی پروگرام ترتیب دیے جا رہے ہیں.

پروگرام کے تحت آئندہ ایک سال میں روایتی اور غیر روایتی شعبوں سے منسلک مزدوروں کی رجسٹریشن عمل میں لائی جائے گی.

کیا شہزادہ ہیری اور مرکل کے نومولود کا نام ’الیگرا‘ رکھا جائے گا؟

0

لندن: برطانوی شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کے یہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے لیکن ان کے نومولود بچے کے نام کو لے کر میڈیا میں نت نئی خبریں منظرعام پر آرہی ہیں۔

ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق برطانوی شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کے یہاں آنے والے نئے مہمان کا اٹالین نام ’الیگرا‘ رکھا جائے گا کیونکہ آنجہانی لیڈی ڈیانا کو اٹالین نام بہت پسند تھا۔

رپورٹ کے مطابق برطانوی شہزادہ اور میگھن مرکل کے یہاں ننھے مہمان کی آمد آئندہ چند روز میں متوقع ہے تاہم رائل فیملی کی جانب سے صحیح تاریخ نہیں بتائی گئی ہے۔

’الیگرا‘ ان چھ ناموں میں سے ایک ہوسکتا ہے جو رائل فیملی کی جانب سے منتخب کیا جائے گا، 2004 میں اگر لیڈی ڈیانا کے یہاں بیٹی کی پیدائش ہوتی تو وہ اس کا نام الیگرا رکھتیں۔

مزید پڑھیں: برطانوی شاہی جوڑے کا بچے کی پیدائش کو لوگوں سے دور رکھنے کا اعلان

اس علاوہ دیگر ناموں میں ڈیانا، البرٹ، وکٹوریا، گریس، آرتھر اور الزبتھ شامل ہیں لیکن رپورٹ کے مطابق الیگرا وہ نام ہے جسے رائل فیملی کی جانب سے منتخب کیا جاسکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لیڈی ڈیانا حسنات خان سے محبت کرتی تھیں اور ان سے شادی کی خواہش تھی اور یہ بھی خواب تھا کہ ان کے یہاں پہلے بیٹی کی پیدائش ہو۔

واضح رہے کہ رواں ماہ برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل نے اعلان کیا تھا کہ وہ بچے کی پیدائش کو لوگوں کی نظروں سے دور رکھنا چاہتے ہیں جس کے تحت میگھن بچے کو اسپتال میں جنم نہیں دیں گی۔

داعش سربراہ کا ویڈیو بیان سامنے آنے کے بعد امریکا کا دو ٹوک اعلان

0

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ داعش تنظیم کے آزاد رہنماؤں کا مقام معلوم کر کے انہیں ہزیمت سے دوچار کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کا پانچ برس بعد نیا ویڈیو بیان سامنے آیا جس کے امریکا سمیت دنیا بھر میں‌ کھلبھلی مچ گئیں وہی امریکا کو بھی پریشانی شروع ہوگئی۔

امریکا کی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ داعش تنظیم کے آزاد رہنماؤں کا پتہ چلا کر انہیں ہزیمت سے دوچار کیا جائے گا، ابوبکر البغدادی سمیت تمام شرپسندوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ شدت پسند تنظیم کے خلاف امریکا کی زیر قیادت بنایا جانے والے بین الاقوامی اتحاد پوری دنیا میں لڑے گا تا کہ ان دہشت گردوں کو دائمی شکست دی جاسکے اور تنظیم کی جو قیادت ابھی تک آزاد پھر رہی ہے اسے عدالت کے کٹہرے میں پہنچایا جائے۔

مزید پڑھیں: داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی 5 سال بعد ویڈیو میں منظر عام پر آگئے

اعلامیے میں کہا گیا کہ داعش کے تمام اراکین کو عدالتوں سے وہ سزائیں دلوائی جائیں گی جس کے وہ مستحق ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی حکومت کے تجزیہ کار البغدادی کی وڈیو ریکارڈنگ کا جائزہ لیں گے اور اسے انٹیلی جنس ایجنسیوں کو پیش کریں گے تا کہ اس کی تصدیق ہو سکے۔

ترجمان کے مطابق عراق اور شام میں داعش کی ہزیمت اس تنظیم کے لیے جان لیوا اور نفسیاتی ضرب تھی کیونکہ اُن کی نام نہاد خلاف کا خاتمہ ہوا جبکہ شدت پسند تنظیم کی قیادت یا تو ماری گئی یا پھر چند بچ جانے والے رہنما چھپ گئے۔

داعش کے خلیفہ کی اس نئی ویڈیو ریکارڈنگ سے ان کی موت کے تمام دعوے بھی جھوٹ ثابت ہوئے ہیں۔ گذشتہ برسوں کے دوران میں روسی اور امریکی حکام نے متعدد مرتبہ شام اور عراق میں فضائی حملوں میں ان کی ہلاکت کے دعوے کیے تھے لیکن کسی مستند ذریعے سے ان کی موت کی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔

یاد رہے شامی جمہوری فورسز(ایس ڈی ایف) نے امریکا کی قیادت میں اتحاد کی فضائی مدد سے گذشتہ ماہ داعش کے اس آخری مضبوط مرکز پر قبضہ کر لیا تھا اور وہاں سے سینکڑوں کی تعداد میں داعش کے جنگجو پکڑے گئے تھے یا انھوں نے خود ہتھیار ڈال دیے تھے۔