جمعہ, مئی 9, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 25273

راجھستان میں گائے خریدنے والوں پر انتہا پسندوں کا حملہ، بزرگ جاں بحق

0

جودھ پور: بھارت میں انتہا پسندی اور مسلمان دشمنی عروج پر پہنچ گئی۔ بھارتی ریاست راجھستان میں گائے خرید کے جانے والے مسلمان کو ہجوم نے شدید تشدد کا نشانہ بنا کر اسے بالآخر مار ڈالا۔

نریندر مودی کے انتہا پسند بھارت میں مسلمان ہونا جرم بن گیا۔ انتہا پسند دن دہاڑے مسلمانوں کی جان لینے لگے۔

بھارتی ریاست راجھستان کے شہر الور میں مویشی میلے سے گائے خریدنے والے 55 سال کے پہلو خان کو انتہا پسندوں کے ہجوم نے دن دہاڑے بد ترین تشددکا نشانہ بنایا۔

مزید پڑھیں: گوشت کے خلاف کریک ڈاؤن، جانور بھوکے رہنے پر مجبور

پہلو خان اور ان کے ساتھیوں نے مویشی میلے سے خرید ی گئی گائے کے دستاویزی ثبوت بھی دکھائے لیکن جنونی ہندوؤں نے ایک نہ سنی۔ پہلو خان کو  شدید ضربیں لگائی گئیں، جس کے بعد انہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم 2 دن بعد وہ زخموں کی تاب نہ لا کرجاں بحق ہوگئے۔

ہجوم کے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بننے والے ان کے ساتھیوں کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل وزیر اعظم نریندر مودی کے آبائی علاقے گجرات کی اسمبلی نے گائے ذبح کرنے والے کو عمر قید کی سزا دینے کا قانون منظور کرلیا۔

قید کے ساتھ ساتھ ایک لاکھ روپے کا جرمانہ بھی ادا کرنا پڑے گا۔

مزید پڑھیں: گجرات میں گائے ذبح کرنے پر عمر قید

اس سے قبل ریاست اتر پردیش کے نو منتخب وزیر اعلیٰ ادیتیہ ناتھ یوگی نے اپنے عہدے کا منصب سنبھالتے ہی ریاست بھر میں گوشت کی دکانوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد سے یو پی میں گوشت کی دکانیں اور مذبح خانے بند کروائے جا رہے ہیں۔

اس مسلم دشمن اقدام سے مسلمانوں سمیت دلتوں اور اس شعبے سے وابستہ دیگر افراد کا کاروبار بری طرح متاثر ہوا ہے۔

اتر پردیش میں ہی انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے گوشت کی دکانوں کو آگ لگا دینے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔

کراچی: سابق مشیر سندھ نواب علی لغاری اغوا

0

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے سابق مشیر سندھ نواب علی لغاری کو نامعلوم افراد اپنے ساتھ لے گئے۔ اہل خانہ نے پولیس کو اغوا کی رپورٹ درج کروا دی۔

یاد رہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب سندھ کی اہم سیاسی شخصیت کے قریبی ساتھی اور معروف بزنس گروپ سے تعلق رکھنے والے اشفاق لغاری بھی گزشتہ روز سے پراسرار طور پر لاپتہ ہیں۔

سابق مشیر سندھ نواب علی لغاری کے اہل خانہ نے تھانہ لوہی بھیر پولیس کو رپورٹ درج کروائی ہے کہ نواب لغاری کو اغوا کیا گیا ہے۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ سادہ لباس میں ملبوس چند افراد ان کی رہائش گاہ پر آئے اور نواب لغاری سے شناختی کارڈ طلب کیا۔ ان افراد نے خود کو سرکاری اہلکار ظاہر کیا۔

مذکورہ افراد نواب لغاری کی شناخت کے بعد انہیں زبردستی بلیک ویگو گاڑی میں ڈال کر ساتھ لے گئے جس کے بعد تاحال نواب لغاری کا رابطہ گھر والوں سے منقطع ہے۔

اشفاق لغاری کی گمشدگی

دوسری جانب سندھ کی اہم سیاسی شخصیت کے قریبی ساتھی اشفاق لغاری کل شام ساڑھے سات بجے اپنی رہائش گاہ سے نکلے اور 9 بجے ان کا اپنی بیٹی سے رابطہ ہوا۔ 40 منٹ بعد ان کا نمبر بند ہوگیا۔

بعد ازاں اشفاق لغاری کی گاڑی سہراب گوٹھ پر واقع مکہ ہوٹل کے قریب لاوار4ث حالت میں ملی۔ گاڑی کے شیشے کھلے ہوئے تھے جبکہ چابی بھی گاڑی میں لگی ہوئی تھی۔

پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں اور ان کے مطابق تحقیقات کے بعد ابتدائی رپورٹ جاری کی جائے گی۔

پاکستانی کشتی کو صومالی قزاقوں نے اغوا کرلیا

0

موغا دیشو : بحری قزاقوں نے صومالیہ کے دار الخلافہ موغا دیشو کے قریب پاکستانی کشتی سلامہ ون اغوا کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق صومالیہ کے قریبی علاقے میں بحری قزاق ایک مرتبہ پھر سرگرم ہوگئے اور پاکستانی کشتی سلامہ ون اغوا کرلی،کشتی میں سوارعملے کی تعداد کا علم نہیں ہوسکا۔

امریکی میڈیا کے مطابق پاکستانی کشتی سلامہ ون کو موغادیشیو کے قریب سے اغوا کیا گیا،بحری قزاق سلامہ ون کو صومالی قصبے الحرکی طرف لے جارہے ہیں، یہ علاقہ بحری قزاقوں کے گڑھ سمجھا جاتا ہے۔

وسطی صومالیہ کے شہر ہوبویو کے میئر عبداللہ ہی احمد علی کا کہنا تھا ان کا شہر قزاقوں سے ‘پاک’ ہوچکا ہے لیک ایک مرتبہ پھر خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ قزاق واپس آگئے ہیں، اس لیے ہمیں مقابلہ کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔


مزید پڑھیں : بھارت کا کارگو بحری جہاز بحری قزاقوں نے اغوا کرلیا


خیال رہے کہ 48 گھنٹے میں بحری قزاقی کا یہ دوسرا واقعہ ہے، پاکستانی کشتی کو اغوا کر نے سے پہلے بحری قزاقوں نے بھارتی کشتی ایم ایس وی الکوثر کو اغوا کیا تھا، بھارتی کشتی میں عملے کے گیارہ ارکان سوارہیں۔

صومالی حکام کا کہنا ہے بحری قزاقوں پر قابوپانے کے لئے حکمت عملی طے کیجارہی ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ صومالیہ کے ساحل کے قریب بحری قزاقوں نے ‘ایریس 13’ نامی بحری جہاز کو اغوا کرلیا تھا ، جس میں بڑی مقدار میں خام تیل بھرا ہوا ہے۔

ایریس 13 کے اغوا کو گلوبل شپنگ انڈسٹری کے ماہرین حیران کن قرار دیا تھا کیوں کہ اہم سمندری راہداریوں پر نیٹو ممالک، چین، بھارت اور ایران وغیرہ کی بحریہ مسلسل گشت کرتی رہتی ہیں اور انہوں نے گزشتہ کئی برسوں سے صومالی قزاقوں کو کوئی جہاز اغوا نہیں کرنے دیا تھا۔

رشی کپور کے لیے آئی پی ایل پاکستانی کھلاڑیوں کے بغیر بے مزہ

0

ممبئی: معروف بالی ووڈ اداکار رشی کپور نے بھارتی پریمیئر لیگ آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی اپیل کردی۔

اپنے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل میں دنیا بھر کے کھلاڑی شامل ہیں۔ حتیٰ کہ افغانستان نے بھی اپنا ڈیبیو کرلیا۔ ’اب میری اپیل ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی اس میں شامل کیا جائے‘۔

مزید پڑھیں: رشی کپور پاکستان آنے کے خواہشمند

رشی کپور کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے آنے کے بعد ’پھر میچ ہوگا‘۔ انہوں نے بھارتی حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ، ’ہم بڑے لوگ ہیں‘۔

یاد رہے کہ آئی پی ایل کے دسویں ایڈیشن کا آج 5 اپریل سے آغاز ہوگیا ہے۔ رشی کپور کے ٹوئٹ سے بظاہر یوں محسوس ہو رہا ہے جیسے پاکستانی کھلاڑیوں کے بغیر انہیں آئی پی ایل کے میچز دیکھنے میں بالکل مزہ نہیں آرہا۔

بھارتی حکام اور کرکٹ بورڈ کے تعصب اور تنگ نظری کی وجہ سے آئی پی ایل میں سنہ 2008 کے بعد سے کسی پاکستانی کھلاڑی کو شامل نہیں کیا گیا۔

شام میں کیمیائی حملے میں مرنے والوں کی تعداد 70 ہوگئی

0

دمشق: شام کے شہر ادلب پر مبینہ کیمیائی حملے میں مرنے والوں کی تعداد 70 سے زائد ہوگئی۔ امریکا، برطانیہ اور فرانس نے حملے کا ذمہ دار شامی حکومت کو ٹھہرا دیا۔ اقوام متحدہ نے بھی ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل شام کے شمال مغربی حصے میں واقع باغیوں کے زیر کنٹرول علاقے میں جنگی جہازوں کے ذریعے کیے گئے مبینہ مہلک گیس حملے میں بچوں سمیت متعدد افراد ہلاک ہوئے۔

انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق شام کے صوبے ادلب میں خان شیخون نامی شہر میں مرنے والے افراد کسی مہلک گیس سے متاثر ہوئے۔ مرنے والوں کی تعداد 70 تک جا پہنچی ہے جبکہ دیگر درجنوں افراد تنفس کے مسائل کا شکار ہیں۔

syria-2

تنظیم کے مطابق گیس سے متاثر ہونے والے افراد میں بے ہوشی اور قے کی علامات سامنے آئیں جبکہ کئی افراد کے منہ سے جھاگ نکلتی بھی دکھائی دی۔

یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کس عنصر سے شہر پر حملہ کیا گیا جبکہ یہ بھی علم نہیں ہوسکا کہ حملہ کرنے والے طیارے شام کے تھے یا اتحادی روس کے۔ فرانس، برطانیہ اور امریکا نے الزام عائد کیا ہے کہ مبینہ کیمیکل حملہ شامی حکومت نے کروایا۔

حملے کے بعد اسپتال زخمیوں سے بھر گئے جن کے لیے دوائیں کم پڑ گئیں۔ متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے اور شامی حکام نے ہلاکتوں میں مزدی اضافے کا خدشہ ظاہرکیا ہے۔

اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس

دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان نے کیمیکل حملے کو عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دے دیا۔

مبینہ کیمیکل حملے کے بعد اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس آج ہو رہا ہے۔ اجلاس میں امریکا، برطانیہ اور فرانس کی جانب سے مذمتی قرارداد پیش کی جائے گی۔

شامی حکومت نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔

آپریشن رد الفساد: ملک بھر سے غیر ملکیوں سمیت درجنوں افراد گرفتار

0

دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن رد الفساد پوری قوت کے ساتھ جاری ہے۔ پشاور میں دہشت گردوں کے 2 سہولت کاروں اور غیر ملکیوں سمیت ملک بھر سے 40 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق امن دشمن عناصر کے خاتمے کے لیے آپریشن رد الفساد جاری ہے۔ صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے کارروائی کی۔

کارروائی میں چمکنی موڑ سے افغانستان سے تعلق رکھنے والے 2 سہولت کار وں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان نے تہکال میں پولیس موبائل پر حملے میں سہولت فراہم کی تھی۔

ادھر صوبہ پنجاب کے شہر قصور میں ریلوے اسٹیشن پھاٹک کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو مارے گئے۔ ڈاکو مظہر اور لیاقت 40 سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھے۔

مزید پڑھیں: بین المذاہب ہم آہنگی کانفرس میں آپریشن رد الفساد کی حمایت

لاہور میں یکی گیٹ کے علاقے میں پولیس اور رینجرز نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 10 افراد کو حراست میں لے لیا۔

شاہ کوٹ پولیس نے پنواں کے قریب ہوٹل میں کارروائی کی جس میں 3 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔ کارروائی میں ملزمان سے چرس برآمد کرلی گئی۔

جہانیاں میں پولیس اور حساس اداروں نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

صوبہ سندھ میں کراچی کے علاقے سول لائن میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کرایہ داری ایکٹ کے تحت 2 افراد کو حراست میں لے لیا۔ نارتھ ناظم آباد سے دو منشیات فروش گرفتار کرلیے گئے۔

عمران خان شروع سے منفی سیاست کرتے آئے ہیں، گورنر سندھ

0

کراچی : گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ عمران خان شروع سے منفی سیاست کرتے آئے ہیں، ہماری کسی سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی، عدالت کے ہر فیصلے کا احترام کریں گے۔

ان خیلات کا اظہار انہوں نے دو دریا سی ویو پر دیئے گئے عشائیے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، گورنر سندھ محمد زبیر کا پانامہ کیس کے فیصلے سے متعلق کہنا تھا کہ ہم کسی ڈیل کا حصہ نہیں ہیں، ن لیگ نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے آئندہ بھی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان شروع دن سے منفی سیاست کرتے آئے ہیں، وقافی حکومت کراچی میں پانی کے مسئلے کے حل کیلئے ہر طرح کا تعاون کررہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگلے سال اپریل تک کے فور اورگرین بس منصوبے جلد مکمل کرلئے جائیں گے،اس موقع پر سینیٹرنہال ہاشمی نے کہا کہ پی پی نے عوام پر بہت ظلم کیے ہیں، ان سے کہتا ہوں صراط مستقیم پر آجائیں۔

منظور وسان روز نواز شریف اور ان کے ترقیاتی کاموں کے خواب دیکھتے ہیں، پاناما کے حوالے سے کئے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے خلاف ماضی میں بھی بہت غلط فیصلے آئے ہیں پاناما کو بھی اسی کی کڑی سمجھ کر قبول کرلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن بھٹو صاحب کی روح پی پی پی کی موجودہ عوام دشمن پالیسیاں دیکھ کر شرمندہ ہوگی، ن لیگ کراچی کی قیادت کیلئے نرم رویہ رکھتی ہے، تقریب میں ن لیگ کے دیگر رہنماؤں سمیت غیرملکی کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی۔

ہالی موٹرزاسکینڈل : مرکزی ملزم شفیق کو نیب نے گرفتارکرلیا

0

لاہور : نیب لاہور نے کروڑوں روپے کے فراڈ میں ملوث ہالی موٹرز اسکینڈل کے مرکزی ملزم شفیق ہالی کو گرفتار کرلیا، ملزم کے خلاف شہریوں کو گاڑیاں دلوانے کے نام پرایڈوانس رقم جمع کروانے کے عوض خطیر رقم لوٹنے کا الزام ہے۔

تفصیلات کے مطابق تین کروڑ پچاس لاکھ روپے سے محروم ہونے والے ایک سو پچاس سے زائد شہریوں نے ملزم کیخلاف ماہ جولائی دوہزار سولہ میں نیب لاہور سے رجوع کیا تھا جبکہ دیگر متاثرین نے بھی ملزم کے خلاف درخواستیں نیب لاہور کے دفتر میں جمع کروائی ہیں۔

ڈی جی نیب کی جانب سے انکوائری کی منظوری کے بعد نیب لاہور نے تحقیقیات کا آغاز کیا، شفیق ہالی کا ایک شریک ملزم کیشیئر محمد اعظم اکتوبر دوہزار سولہ سے گرفتار ہے جبکہ نیب کی جانب سے ملزم کے پارٹنر نعیم عرفان کو بھی گرفتارکیا جاچکا ہے۔

ہالی موٹرز کے مرکزی ملزم شفیق ہالی نے جو لائی 2015 میں مین بلیورڈ, فیصل ٹاؤن لاہور میں واقع اپنے دفتر میں لوگوں کو 2 سے 3 لاکھ ایڈوانس رقم پرگاڑی دینے کا لالچ دینا شروع کیا۔

ملزم نے پبلسٹی کے ذریعے شہریوں کو دو سے تین لاکھ ایڈوانس جمع کروانے اور پندرہ سے بیس دن میں صرف بارہ ہزار روپے ماہانہ کی اقساط پر گاڑی دینے کا جھانسہ دیا اور شہریوں کو کروڑوں روپے کا چونا لگا کرغائب ہوگیا۔

شفیق ہالی جون دوہزار سولہ سے فرارتھا، جسے آج نیب لاہور نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گرفتارکرلیا، ملزم کو کل احتساب عدالت میں جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے پیش کیا جائے گا۔

ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی کیوں‌ دی گئی؟ مقدمہ تھا کیا؟

0

ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی کیوں دی گئی؟ یہ بات آج بھی بہت سارے لوگوں کے علم میں درست طور پر نہیں ہے۔

گیارہ نومبر 1974ء کو رکن قومی اسمبلی احمد رضا قصوری لاہور میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ گاڑی میں جارہے تھے کہ اچانک گاڑی پر فائرنگ ہوئی جس سے ان کے والد نواب محمد احمد خان جاں بحق ہوگئے۔

احمد رضا قصوری نے موقف اختیار کیا کہ ان پر فائرنگ بھٹو کے کہنے پر کی گئی، بھٹو نے ایک بار قومی اسمبلی میں مجھے دھمکیاں دیتے ہوئے کہا تھا کہ اب خاموش ہوجائو تمہیں بہت برداشت کرلیا اب تمہیں مزید برداشت نہیں کریں گے۔


یہ بھی پڑھیں: بھٹو کا جیل سے بے نظیر کو آخری خط، پڑھنے والے رو گئے


قصوری نے ایف آئی آر درج کرائی، وہ مارشل لا کے نفاذ تک چپ رہے لیکن مارشل لا لگتے ہی انہوں نے یہ معاملہ دوبارہ اٹھادیا۔

بالآخر 24 اکتوبر 1977ء کو لاہور ہائی کورٹ میں یہ معاملہ جاپہنچا جہاں مولوی مشتاق حسین چیف جسٹس ہائی کورٹ تھے۔

18 مارچ 1978ء کو لاہور ہائی کورٹ نے ذوالفقار علی بھٹو کو اس مقدمے میں پھانسی کی سزا سنائی جس کے بعد بھٹو کے وکلا نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں اپیل کی۔

سپریم کورٹ کے سات ججز تھے جس میں سے چار نے سزا برقرار رکھی اور تین نے فیصلے سے اختلاف کیا۔

ذوالفقار علی بھٹو قانون کے مطابق اس وقت کے صدر ضیا الحق سے رحم کی اپیل کرسکتے تھے لیکن انہوں نے اپیل دائر نہیں کی اور انکار کردیا جس کے بعد چار اپریل کو بھٹو کو پھانسی دے دی گئی۔

سمندر کے پانی کو قابل استعمال بنانے کے لیے چھلنی تیار

0

پانی وہ نعمت جس کے بغیر زندگی کا تصور نا ممکن ہے جب کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور صنعتی سرگرمیوں میں اضافے کی وجہ سے دنیا میں پانی کی کمی کا خدشہ بڑھتا جا رہا ہے جس کے لیے سائنس دانوں نے نئی منصوبہ بندی شروع کردی ہے جس کے تحت سمندر کے پانی کو استعمال کے قابل بنایا جا رہا ہے۔

سمندر کے پانی کو استعمال کے قابل بنانے کے لیے کئی طریقے پہلے سے ہی استعمال کیے جا رہے ہیں جن میں سے ایک گریفین آکسائڈ بھی ہے جس کی مدد سے سمندر کے پانی سے نمک کو نکال کر اسے پینے کے قابل بنایا جا سکتا ہے تاہم یہ طریقہ قدرے مہنگا ثابت ہو رہا ہے اس لیے قبولِ سند عام نہیں مل سکی ہے۔
sea1
ایک تحقیقی جریدے کے مطابق سائنس دان ڈاکٹر راہل نائر کی قیادت میں یونیورسٹی آف مانچسٹر کے سائنسدانوں کی ٹیم نے گریفین آکسائڈ سے کھارے پانی کو پینے لائق بنانا کا آسان اور سستا طریقہ ایجاد کیا ہے جس کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ یہ ٹیکنالوجی بڑے پیمانے پر استعمال ہو سکے گی۔

ڈاکٹر نائر نے بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ اس طریقے میں گریفين آکسائڈ کو لیب میں عمل تکسید کے ذریعے بہ آسانی تیار کیا جا سکتا ہے اور کسی جال یا چھلنی میں چھڑک اس سے سمندر کے پانی کو گذارا جائے گا جس کے دوران چھلنی میں موجود گریفین آکسائڈ پانی میں سے نمک کو علیحدہ کر لے گی۔
sea2
واضح رہے اقوام متحدہ ایک سروے کے مطابق 2025 تک دنیا کی 14 فیصد آبادی کو پانی کے بحران کا سامنا ہوگااور پانی کی اتنی کمی پیدا ہوجائے گی کہ آئندہ ہونے والی جنگیں پانی کے مسئلے پر ہوا کریں گی۔

یاد رہے کہ سمندر کے کھارے پانی کو پینے کے قابل بنانے کے لیے جو ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے اس میں پولیمر فلٹر استعمال کیا جاتا ہے جو مہنگا بھی پڑتا ہے اور بڑے پیمانے اس کا استعمال قریبآ نا ممکن ہے اور دنیا میں پانی صاف کرنے کی موجودہ ٹیکنالوجی پولیمر فلٹر پر مبنی ہے۔