اتوار, جون 29, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 5120

بلاول بھٹو سندھ میں ایم کیو ایم کی زیادہ سیٹیں لینے پرحیران و پریشان

0
پہلے ہی کہا تھا پیپلز پارٹی کا اونٹ جہاں بیٹھے گا حکومت بنے گی، بلاول بھٹو

اسلام آباد : چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ایم کیوایم پاکستان کے مینڈیٹ پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیوایم کو 18 سیٹیں دیں 50 یا ہزار، ہم کراچی کےامن اورترقی پرسمجھوتہ نہیں کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ایم کیوایم کی سندھ سے زیادہ سیٹیں لینے پرحیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ سےاتنی زیادہ سیٹیں لینا بہت بڑی بات ہے، ایم کیوایم پاکستان کو اٹھارہ نشستیں مل گئیں، پیپلزپارٹی کواعتراضات ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ الیکشن میں ایم کیوایم نے تشدد کاراستہ اپنایا، الیکشن کیلئے ایم کیوایم کے دہشت گردوں کو جیلوں سے آزاد کروا کر ہمارےامیدواروں،ان کے افسروں پر حملے کروائے گئے، گاڑیاں جلائیں، فائرنگ کی۔

چیئرمین پی پی نے واضح کہا کہ ایم کیوایم کواٹھارہ سیٹیں دیں پچاس یا ہزاردیں ہم کراچی کےامن اورترقی پرسمجھوتہ نہیں کریں گے۔

انھوں نے ایم کیوایم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ انتہاپسندی اور نفرت کی سیاست کودفن کریں، لسانی بنیادوں پر کراچی کوتقسیم نہیں کرنے دیں گے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 9، کراچی کے شیر رنگ جمانے آج ملتان روانہ ہوں گے

0

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 9 کا آغاز ہفتہ 17 فروری سے ہو رہا ہے لیگ کی مقبول ترین فرنچائز کراچی کنگز کے شیر اپنا رنگ جمانے کیلیے آج ملتان روانہ ہوں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے نویں سیزن کا باقاعدہ آغاز ہفتہ 17 فروری سے ہو رہا ہے۔ افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پی ایس ایل کی مقبول ترین فرنچائز کراچی کنگز کے شیر لیگ کے نویں ایڈیشن میں دھاڑنے کے لیے بے قرار ہیں اور اپنا رنگ جمانے کے لیے آج ملتان روانہ ہوں گے، غیر ملکی کھلاڑی وہیں اسکواڈ جوائن کریں گے۔

کراچی کنگز کے مقامی کھلاڑیوں نے دو روز شہر قائد میں جم کر پریکٹس کی جس میں کوچز کی نگرانی میں پاور ہٹنگ پر خاص توجہ دی گئی۔ کنگز کے ہیڈ کوچ فل سمنز نے کھلاڑیوں سے کہہ دیا ہے کہ خوب محنت کریں اور کھیل کو انجوائے کریں۔

کراچی کے شیر اتوار 18 فروری کو اپنے پہلے مقابلے میں ملتان کے سلطانوں سے ٹکرائیں گے۔

کراچی کنگز کی نئی مینجمنٹ اور نیا کمبی نیشن ہے۔ کپتان شان مسعود کو نوجوان کھلاڑیوں سے بڑی امیدیں ہیں جب کہ آل راؤنڈر محمد نواز نے کراچی کو چیمپئن بنوانے اور ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی بننے کے ہدف کا تعین کر لیا ہے۔

پی ایس ایل 9 کی چمچاتی ٹرافی سے پردہ ہٹا دیا گیا، پروقار تقریب رونمائی

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے پولو گراؤنڈ میں پروقار تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں پی ایس ایل 9 کی ٹرافی کی رونمائی کی گئی تھی۔

رفح میں اسرائیلی زمینی آپریشن رکوانے کے لیے جنوبی افریقہ پھر عالمی عدالت پہنچ گیا

0

نیویارک: جنوبی غزہ کے شہر رفح میں اسرائیلی زمینی آپریشن رکوانے کے لیے جنوبی افریقہ پھر عالمی عدالت انصاف پہنچ گیا۔

عرب نیوز کے مطابق جنوبی افریقہ نے رفح میں اسرائیل کا زمینی آپریشن رکوانے کے لیے عالمی عدالت انصاف میں ہنگامی درخواست دائر کر دی ہے، جس میں جنوبی افریقہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عالمی عدالتِ انصاف رفح میں اسرائیلی فوجی آپریشن کا جائزہ لے۔

یہ ہنگامی درخواست جنوبی افریقہ نے منگل کے روز دائر کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ عدالت اس بات پر غور کرے کہ اسرائیل رفح میں جو فوجی آپریشن کرنے جا رہا ہے، کیا اس سے فلسطینیوں کے حقوق کی مزید خلاف ورزیاں ہوں گی، اور کیا عدالت کو اس سلسلے میں اپنے اختیارات استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔

جنوبی افریقہ کا کہنا تھا کہ رفح میں اسرائیلی فوجی آپریشن کے نتیجے میں مزید ہلاکتیں، مزید نقصان اور تباہی ہوگی، اور یہ آپریشن عالمی عدالت کے 26 جنوری کے دیے جانے والے فیصلے کی خلاف ورزی ہوگا۔

واضح رہے کہ بے گھر فلسطینیوں کی آخری پناہ گاہ رفح حالیہ دنوں میں اسرائیلی فضائی حملوں کی زد میں آ چکا ہے، جہاں روزانہ کے حساب سے 100 فلسیطینی مارے جا رہے ہیں، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے پیر کو متنبہ کیا تھا کہ رفح میں کوئی بھی حملہ ’’خوفناک ہوگا، اور اس میں زیادہ تر عام شہری، اور ان میں بھی زیادہ تر بچے اور خواتین مارے جانے کا امکان ہے۔‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کو بین الاقوامی عدالت انصاف کے جاری کردہ احکامات اور بین الاقوامی انسانی قانون کی مکمل تعمیل کرنی چاہیے، اور جو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتا ہے اس کا نوٹس لیا جانا اور احتساب کا عمل ہونا چاہیے۔

لطیف کھوسہ نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام پیر پگارا کو پہنچا دیا

0

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور نو منتخب رکن قومی اسمبلی لطیف کھوسہ نے پیر پگارا کو بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچایا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور لاہور سے نو منتخب رکن قومی اسمبلی سردار لطیف کھوسہ نے جی ڈی اے سربراہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچایا۔

لطیف کھوسہ نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے 2022 میں وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں ووٹ نہ دینے پر جی ڈی اے کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے انتخابات کے بعد سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور پی ٹی آئی، جی ڈی اے نے ساتھ مل کر چلنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور کو وزیراعلیٰ کے پی نامزد کر دیا

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور ن لیگ سے کوئی بات نہیں ہو گی۔ ہم دھاندلی کے خلاف اواز اٹھانے والی تمام جماعتوں کو اکٹھا کر رہے ہیں اور ترجمان رؤف حسن کو ملاقات میں ان 3 جماعتوں کے سواسب کو اکٹھا کرنے کا کہا ہے۔

کراچی: ٹرالر کی زد میں آکر مبینہ ڈاکو ہلاک

0
ٹریلر کراچی

کراچی میں ڈیفنس موڑ لائبریری سگنل کے قریب ٹرالر کی زد میں آکر مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے شناخت کا عمل جاری ہے۔

 پولیس حکام کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار دو ڈاکو لوٹ مار کے بعد فرار ہورہئے تھے راہ فرار کے بعد ٹرالر کی زد میں آکر مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگیا۔

اس کے علاوہ کراچی کے علاقے جہانگیر روڈ کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے جبکہ ڈاکوؤں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب  یونیورسٹی روڈ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی کی شناخت محمد آصف  کے نام سے ہوئی ہے۔

پی ٹی آئی کسی دوسری پارٹی میں ضم نہیں ہو رہی، بیرسٹر گوہر

0

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما بیرسٹر گوہر علی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کسی بھی دوسری جماعت میں ضم نہیں ہو رہی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور نومنتخب رکن قومی اسمبلی بیرسٹر گوہر علی خان نے ایک مقامی نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کسی پارٹی میں ضم نہیں ہو رہی تاہم مخصوص نشستوں کے حصول کے لیے ہم مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کا سہارا لیں گے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں بنائیں گے۔ پی ٹی آئی اپوزیشن میں بیٹھے گی اور تگڑی اپوزیشن کا کردار ادا  کرے گی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے مطابق ہمارے پاس 90 نشستیں ہیں جب کہ ہم ایک سو اسی سیٹیں جیت چکے ہیں۔ ایک کے سوا تمام منتخب ارکان ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔

ہمارے ارکان کو 25 کروڑ کی پیشکش کی جارہی ہے، بیرسٹر گوہر

واضح رہے کہ بیرسٹر گوہر نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد ایک ایک امیدوار کو پچیس 25 کروڑ کی آفرہوئی ہے۔

کراچی میں پولیس اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ کا مقدمہ درج

0
پولیس اہلکار ٹارگٹ کلنگ

کراچی :نارتھ کراچی سیکٹر 5 ایم میں پولیس اہلکار واحد پرویز کی ٹارگٹ کلنگ کا مقدمہ درج کرلیا گیا، واحد پرویز پولیس سیکیورٹی زون ون میں تعینات تھا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر 5 ایم میں پولیس اہلکار واحد پرویز کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعے کا مقدمہ بلال کالونی تھانے میں چھوٹے بھائی واجد کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

مقدمہ قتل اور دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا، جس میں مدعی مقدمے نے کہا کہ میں پولیس میں ہوں بڑا بھائی پولیس سیکیورٹی زون ون میں تعینات تھا اور سٹی کورٹ میں اے ڈی جی ویسٹ کا گن میں تھا۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ میرا بھائی حسب معمول ڈیوٹی کے لیے گھر سے نکلا، میں گھر کے بالکونی سے اسے جاتے ہوئے دیکھ رہا تھا
کہ اچانک موٹر سائیکل پردو افراد آئے اور بھائی کو ٹارگٹ کیا۔

بھائی واجد کا کہنا تھا کہ اسلحے سے پیچھے بیٹھے شخص نے فائرنگ کرکے زخمی کیا اور ملزمان اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

مدعی مقدمے نے مزید بتایا کہ میں نیچے آیا بھائی سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی تھافوری طور پراسپتال پہنچے جہاں ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کردی۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے اور فرار ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کرلی ہیں۔

صدر بائیڈن پاکستان میں انتخابات سے بالکل باخبر ہیں، ترجمان وائٹ ہاؤس

0
وائٹ ہاؤس انتخابات

واشنگٹن : وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرین یاں پیئر کا کہنا ہے کہ صدربائیڈن پاکستان میں انتخابات سےبالکل باخبر ہیں ،پاکستانی عوام کی مرضی کا احترام اورشفاف انتخابی عمل کویقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرین یاں پیئر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ صدر بائیڈن پاکستان میں انتخابات سے بالکل باخبر ہیں کہ گزشتہ ہفتے لاکھوں پاکستانی ووٹ ڈالنے نکلے، جن میں پاکستانی خواتین، مذہبی اور نسلی اقلیتی گروپوں کے ارکان اور نوجوان ووٹرز کی ریکارڈ تعداد شامل تھی۔

کیرین یاں پیئر کا کہنا تھا کہ ہمیں ہم خیال جمہوری نظام کے ساتھ کھڑے ہونے پر فخر ہے، ہم مسلسل پاکستانی حکومت اور سیاسی جماعتوں کو واضح طور پر بتاتے رہتے ہیں کہ پاکستانی عوام کی مرضی کا احترام کرنے اور شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

گذشتہ روز ترجمان امریکی محکمہ خارجی میتھیوملر نے کہا تھا کہ پاکستانی عوام کی منتخب حکومت کےساتھ کام کریں گے اور دھاندلی کے دعوؤں پر مکمل تحقیقات چاہتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین، برطانیہ اور دیگرملکوں نے بھی پاکستانی حکومت سے خدشات کا اظہارکیا ہے، پاکستانی حکومت سےکہاہےوہ انتخابات کے نتائج کا احترام کرے۔

نواز شریف نے وزارت عظمیٰ کیلئے شہباز شریف کو امیدوار نامزد کردیا

0
شہباز وزارت عظمیٰ

لاہور : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے وزارت عظمیٰ کیلئے شہباز شریف کو امیدوار نامزد کردیا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے مریم نواز کو نامزد کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ نوازشریف نے وزارت عظمیٰ کیلئے شہباز شریف کو امیدوار نامزد کردیا۔

،مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے مریم نواز کو نامزد کیا ہے ، نوازشریف نےعوام اور سیاسی تعاون کرنے والی تمام جماعتوں کاشکریہ ادا کیا، ان کاپختہ یقین ہےفیصلوں سےمعاشی خطرات،مہنگائی سےنجات ملےگی۔

یاد رہے پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے بھائی نواز شریف سے وزارت عظمیٰ کا عہدہ قبول کرنے کی درخواست کی تھی۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز پارٹی کی مشاورت کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کی امیدوار ہوں گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم کی ترقی کے لیے ہم تمام اختلافات کو بھلا کر اکٹھے ہوں، اختلافی مسائل کو دفن کریں، انا کا مسئلہ ختم کریں، پاکستان کے مفاد میں ذاتی مفاد کو ختم کریں اور ساتھ چلیں۔

کراچی : 8 گھنٹے کے دوران فائرنگ سے دو افراد جاں بحق

0
دو قتل

کراچی : شہر قائد کے مختلف علاقوں میں 8 گھنٹے کے دوران فائرنگ کے واقعات میں دو افراد جاں بحق جبکہ پانچ شہری زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے ہلاکتوں کے واقعات بلدیہ اتحاد ٹاؤن اور لانڈھی منزل پمپ کے قریب پیش آئے۔

لانڈھی منزل پمپ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول صحبت علی فیکٹری میں کام کرتا تھا۔

پولیس کے مطابق فیکٹری سے باہر نکلنے پرموٹرسائیکل سوار2ملزمان نے فائرنگ کی، مقتول لاڑکانہ کارہائشی تھا جسے 4گولیاں لگیں۔

دوسرے واقعے میں بلدیہ ٹاؤن میں پیدل چلنے والے ایک نامعلوم ملزم نے فائرنگ کی، فائرنگ سے مقتول کو پانچ گولیاں لگیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات میں مقتولین سے کسی قسم کی کوئی لوٹ مار نہیں کی گئی، فائرنگ کے دیگر واقعات مشرف کالونی، اورنگی ٹاؤن، کھارادر اور لانڈھی میں پیش آئے، جہاں پانچ شہریوں کو زخمی کیا گیا۔