منگل, جون 17, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 6590

’اندھے کو بھی نظر آرہا ہے سسٹم ن لیگ کو فیور دے رہا ہے‘

0
فیصل واوڈا

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے سابق رہنما فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ اندھے کو بھی نظر آرہا ہے کہ سسٹم ن لیگ کو فیور دے رہی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا نے کہا کہ جو الیکشن جیتے گا اس کی مدت 13 ماہ ہوگی وہ بھی گھر جائے گا اور آگے پھر جھگڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہوریت کے نام پر 18 لیڈروں کا جنازہ لے کر 35 سال سے چل رہے ہیں، یہ لوگ ہی ہیں جو پاکستان کی تباہی کی وجوہات ہیں، غریب ماتم کرتا ہے، میڈیا دکھاتا ہے اور ماتم کرکے ہم گھر چلے جاتے ہیں۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ 18 کھرب پتی چور کہتے ہیں کہ ہماری نالائق اولاد کو بھی بطور لیڈر قبول کریں، آج تک پاکستان میں شفاف الیکشن ہوئے ہی نہیں نہ آگے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی مقبولیت کا گراف پی ڈی ایم سے نفرت بڑھاتی ہے، آج لوگ پی ڈی ایم میں جانے کو تیار نہیں کیونکہ عوام ان سے نفرت کرتے ہیں۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کل پاکستان کی سمت دکھائی ہے جس سے میں مطمئن ہوا، پی ڈی ایم نے چیف جسٹس سے فرمائشوں کا ایک بیانیہ بنایا تھا لیکن قاضی فائز عیسیٰ کا ماضی دیکھیں وہ فرنٹ فٹ پر کھیلتے ہیں، وہ کسی کے تابع ہیں نہ کسی کو تابع مانتے ہیں اور اس وقت ڈنڈا ہی لیڈر شپ کو ٹھیک کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ آج غریب آدمی کا ہے، ملک جس سمت جارہا ہے توجہ کی ضرورت ہے، عوام کی جو ضروریات ہیں ان کی فیکٹریاں ان سیاست دانوں کے پاس ہے، چینی، چاول، گندم اور آٹے کی فیکٹریاں ان سیاست دانوں کے پاس ہے، میرا بس چلے تو 18 پارٹیوں کو فیلڈ میں دفن ہی کردیں اور نئے لوگ لے آئیں۔

سارہ شریف کے قتل کا مقدمہ آئندہ سال سنا جائے گا

0

دس سالہ بچی سارہ شریف کے قتل کا مقدمہ آئندہ سال سنا جائے گا،ابتدائی سماعت اسی سال کے آخر میں کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق اولڈ بیلی کورٹ کا کہنا ہے کہ دس سالہ سارہ شریف کے قتل کا مقدمہ آئندہ سال 24 ستمبر کو سنا جائے گا۔ جج مارک لوکرافٹ کے مطابق عدالت ابتدائی سماعت اسی سال یکم دسمبر کو کرے گی ۔

حالیہ سماعت کے دوران ملزمان ہائی سیکیورٹی بیل مارش جیل سے بذریعہ ویڈیو لنک شامل ہوئے، مقدمہ مسلسل چھ ہفتے سنا جائے گا۔

پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت کو سارہ کی موت کے اسباب بتائے گئے۔ پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ سارہ کے جسم پر شدید تشدد کے نشانات پائے گئے تھے۔

عدالت کو پراسیکیوٹر نے بتایا کہ سارہ کی پسلیاں فریکچرڈ تھیں، سارہ شریف کا برین ہیمبرج بھی ہوا تھا۔ سارہ کی باڈی 10 اگست کو گھر کے بیڈ روم سے ملی تھی۔

سارہ کا والد، سوتیلی ماں اور چچا 9 اگست کو پاکستان چلے گئے تھے۔ تینوں افراد کو 13 ستمبر کو لندن واپسی پر حراست میں لیا گیا تھا۔ پولیس نے تینوں افراد کو قتل اور وجہ قتل کے جرم میں چارج کیا تھا۔

یہ کس معروف پاکستانی اداکارہ کی بچپن کی تصویر ہے؟

0
عینا آصف

سوشل میڈیا پر معروف اداکاروں کی بچپن کی تصاویر وائرل ہوجاتی ہیں یا پھر خود اداکار بھی اپنی بچپن کی تصاویر شیئر کرتے ہیں جسے دیکھ کر مداح حیران رہ جاتے ہیں۔

ایسی ہی ایک معروف پاکستانی اداکارہ کی بچپن کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

یہ اداکارہ پاکستانی ڈراموں کے سب سے مقبول ترین نوجوان اداکاروں میں سے ایک ہیں جنہیں آپ روزانہ شام کو اپنی ٹی وی اسکرینوں پر دیکھتے ہیں۔

کیا آپ ابھی تک نہیں پہچان سکے کہ یہ کونسی اداکارہ ہیں، آئیے ہم آپ کو کچھ ٹپس دیتے ہیں جس سے آپ کے لیے اداکارہ کو پہچاننا آسان ہوجائے گا۔

مذکورہ تصویر میں اداکارہ اپنی سالگرہ منارہی ہیں۔

اداکارہ نے ماڈلنگ کے بعد 2021 میں ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھا اور مایا علی کے بچپن کا کردار بھی نبھایا۔

یہ اداکارہ کوئی اور نہیں عینا آصف ہیں جو آج کل اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’مائی ری‘ میں ’عینی‘ کا کردار نبھا رہی ہیں جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

عینا آصف نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’پنجرہ‘ میں ’ابیر‘ کا کردار نبھایا تھا جبکہ وہ ’بے بی باجی‘ میں بھی ’ثمن‘ کا کردار ادا کرچکی ہیں۔

اداکارہ ’مائی ری‘ میں ثمر عباس ’فاخر‘ کی اہلیہ ’عینی‘ کا کردار نبھا رہی ہیں۔

’مائی ری‘ کی کہانی صنا فہد نے لکھی ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری کے فرائض میثم نقوی نے انجام دیے ہیں، ’مائی ری‘ روزانہ شام 7 بجے نشر کیا جاتا ہے۔

یوکرین اور فلسطین میں کیا فرق ہے؟

0

کولمبیا کے صدر گسٹاو پیٹرو نے اقوام متحدہ میں سوال اٹھایا ہے کہ ‘یوکرین اور فلسطین میں کیا فرق ہے؟

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیٹرو نے اس بات پر زور دیا ہے کہ عالمی طاقتوں کی توجہ یوکرین پر روسی حملے پر مرکوز ہے جبکہ اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین اور فلسطین میں کیا فرق ہے؟ کیا یہ وقت نہیں کہ دونوں جنگوں کو ختم کیا جائے اور دوسری جنگوں کو بھی، اس مختصر وقت کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں جو ہمیں کرہ ارض پر زندگی بچانے کے لیے راستے بنانے کے لیے ہیں۔

کولمبین صدر نے دونوں تنازعات کے خاتمے کے لیے دو امن کانفرنسوں کا مطالبہ بھی کیا۔

گسٹاو پیٹرو نے امریکی امیگریشن پالیسیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لاطینی امریکا سے آنے والے تارکین وطن کے "خروج” کے خلاف امریکی کریک ڈاؤن پر واضح طور پر تنقید کی۔

موٹر ویز پر کم سے کم جرمانہ کتنا ہوگا؟ فیصلہ ہوگیا

0

حکومت نے ملک بھر کی قومی شاہراہوں اور موٹر ویز پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کیخلاف جرمانوں کی رقوم میں اضافے کا فیصلہ کرلیا، جس کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق موٹر وے اور قومی شاہراہوں پر جرمانوں کی شرح میں تقریباً چار گنا اضافہ کردیا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

Motorway

نوٹیفکیشن کے مطابق موٹروے پرکم سے کم جرمانہ 150 سے بڑھاکر 500 روپے کردیا گیا ہے اور تیزرفتاری پرجرمانہ 750 سے بڑھا کر 25 سو روپے مقرر کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ممنوعہ علاقے میں اوورٹیک کرنے کا جرمانہ 300 سے بڑھا کر 15سو روپے کردیا گیا، ایمرجنسی گاڑیوں کو راستہ نہ دینے کا جرمانہ 500 سے بڑھ کر 5 ہزار روپے ہوگا۔

Challan

نوٹیفکیشن کے مطابق پولیس گاڑی کی لائٹس استعمال کرنے کا جرمانہ 5 ہزار روپے، دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے کا جرمانہ 500 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

موٹر وے پولیس حکام کے مطابق اس کے علاوہ ہیوی لائٹس کے استعمال پر جرمانہ 2000 روپے ہوگا اور ان جرمانوں کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا۔

بھارتی فلموں کے پہلے سپراسٹا دیو آنند کا بنگلہ مسمار کردیا جائے گا

0

بھارتی فلموں کے پہلے سپراسٹا کا درجہ رکھنے والے آنجہانی اداکار دیو آنند کے ممبئی میں واقع گھر کو مسمار کردیا جائے گا۔

ممبئی کے پوش علاقے جوہو میں واقع دیو آنند کے شاندار بنگلے کو جلد ہی گرادیا جائے گا جہاں انھوں نے اپنی زندگی کے 40 سال گزارے ہیں۔ جہاں 22 منزلہ کثیرالمنزلہ عمارت تعمیر کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔

بھارتی فلمی ویب سائٹ کی خبر کے مطابق اپنی اچھوتے انداز سے فلم بینوں کے دلوں پر انمٹ نقوش چھوڑنے والے اداکار کا بنگلہ فروخت کردیا گیا ہے، جہاں انھوں نے اپنی بیوی کلپنا کارتک اور بچوں سنیل اور دیوینا کے ساتھ حسین وقت گزارا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ شہر کے پرائم لوکیشن پر واقع اس بنگلے مشہور صنعت کار گروپ کی جانب سے خریدا گیا ہے اور اس کے لیے 350 سو کروڑ سے 400 کروڑ بھارتی روپے کی خطیر رقم ادا کی گئی ہے۔

بنگلے کی فروخت کی تکمیل کے لیے کاغذی کارروائی جاری ہے جس کے جلد ہی مکمل ہونے کا امکان ہے۔

اس جگہ کو خریدنے والے یہاں 22 منزلہ عمارت تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، فیملی ذرائع کا کہنا تھا کہ بنگلے کو بیچنے کا فیصلہ اس لیے کیا گیا کہ ممبئی میں ان کے خاندان کے کسی فرد کی رہائش موجود نہیں ہے۔

آنجہانی اداکار کا بیٹا زیادہ تر امریکا میں رہتا ہے جب کہ ان کی بیٹی اپنی ماں کے ساتھ تامل ناڈو کے ضلع اوٹی میں رہائش پذیر ہیں۔

’کرن ارجن‘ شاہ رخ، سلمان سے قبل بالی وڈ کے سگے بھائیوں کو آفر کی گئی تھی!

0

بھارتی فلمی صنعت میں 90 کی دہائی کا دور کافی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے، اس عرصے میں بالی وڈ کی کئی شاہکار فلمیں ریلیز ہوئیں جنھوں نے شائقین کو آج بھی اپنا گرویدہ بنایا ہوا ہے۔

ان ہی فلموں میں سے ایک آئیکونک فلم ’کرن ارجن‘ تھی جس میں آج کے میگا اسٹارز شاہ رخ اور سلمان خان نے بھائیوں کا کردار اتنی خوبی سے نبھایا تھا کہ فلم بین اور ناقدین اس کی مثال دیتے ہیں۔

تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کے لیے پہلا انتخاب بالی وڈ کے دو سگے بھائی سنی دیول اور بابی دیول تھے جب کہ فلم کا ٹائٹل بھی ’کے ناتھ‘ تھا۔

سنی دیول نے مذکورہ فلم میں کام کرنے کی حامی بھی بھر لی تھی لیکن جب انھیں پتا چلا کہ ’کرن‘ کے کردار کے لیے بوبی دیول کو کاسٹ کیا جائے گا تو وہ فلم میں کام کرنے سے پیچھے ہٹ گئے۔

’غدر ٹو‘ کے اداکار کا ماننا تھا کہ ان کی وجہ سے بوبی کا کردار دب جائے گا، کیوں کہ اسی دوران ان کے چھوٹے بھائی فلم ’برسات‘ سے بالی وڈ میں ڈیبیو کرنے جارہے تھے۔ اسی بنا پر سنی دیول نے یہ فلم چھوڑ دی جس کے بعد بوبی نے بھی اس میں کام کرنے سے منع کردیا۔

بعدازاں ہدایت کار راکیش روشن نے ’کرن‘ کے رول کے لیے اجےدیوگن سے رابطہ کیا پر وہاں بھی بات نہ بنی، پھر قرعہ فعال بالی وڈ کے بادشاہ اور دبنگ خان کے نام نکلا۔

فلم ’کرن ارجن‘ میں شاہ رخ خان اور سلمان خان آن اسکرین سگے بھائیوں کے کردار میں آئے اور ان کی کیمسٹری نے فلم کو ایسا سپرہٹ بنایا کہ بالی وڈ کو اب تک کرن ارجن جیسے بھائیوں کی جوڑی نصیب نہیں ہوئی۔

کیتھولک اور مسلمان

0

دنیا کی تاریخ میں آسمانی مذاہب کی بات کی جائے تو عام تعلیمات کے علاوہ ان کے ماننے والوں کی عبادات اور بعض فرائض کی بنیاد اور طریقہ بھی قدرے مشترک ہے۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ مختلف مذاہب کے پیروکاروں نے ہزاروں سال کے دوران آپس میں کئی جنگیں‌ لڑی ہیں اور مذہبی تفریق اور اس کی بنیاد پر مباحث آج بھی جاری ہیں، مگر مذہب ہو، سیاست، قومیت یا ثقافت اور سماج سے جڑا کوئی مسئلہ یا کوئی بھی تنازع ہو، تحمّل اور برداشت کے ساتھ اس پر مکالمہ ضرور مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

عالمی شہرت یافتہ مصنّف پاؤلو کوئیلہو کا ناول الکیمسٹ شاید آپ نے بھی پڑھا ہو، ان کی کتاب Like the Flowing River سے یہ مختصر تحریر آپ کے حسنِ مطالعہ کی نذر ہے جو ہمیں سکھاتی ہے کہ ہم کس طرح مثبت سوچ کا اظہار کرسکتے ہیں۔ ملاحظہ کیجیے۔

"میں دوپہر کے کھانے پر ایک کیتھولک پادری اور ایک نوجوان مسلمان سے بات کر رہا تھا۔”

"جب بیرا طشت لے کر آیا تو ہم سب نے اپنا کھانا نکالا، سوائے اُس مسلمان کے جو قرآنی احکام کے مطابق اس سال کے روزے سے تھا۔ جب دوپہر کا کھانا ختم ہوا، اور لوگ جانے لگے تو دیگر مہمانوں میں سے ایک سے رہا نہ گیا اور وہ کہنے لگا: ‘آپ نے دیکھا کہ یہ مسلمان کتنے کٹّر ہیں! مجھے خوشی ہے کہ آپ کیتھولک لوگ ان کی طرح نہیں ہیں۔”

’’لیکن ہم ہیں!‘‘ پادری نے جواباً کہا۔ ‘وہ خدا کے اتارے گئے فرائض ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے جیسا کہ میں کرتا ہوں۔ ہم صرف مختلف قوانین کی پیروی کرتے ہیں۔‘‘ اور اس نے گفتگو ختم کرتے ہوئے کہا: ‘ یہ افسوس کی بات ہے کہ لوگ صرف اختلافات کو دیکھتے ہیں، جو ان کو ایک دوسرے سے دور کرتے ہیں۔ اگر آپ زیادہ محبّت بھرے انداز سے دیکھیں تو آپ کو نظر آئے گا کہ بنیادی طور پر ہم میں کیا مشترک ہے، پھر دنیا کے نصف مسائل تو ایسے حل ہو جائیں گے۔’

سلمان خان کے نئے ٹیلنٹ کی ویڈیو وائرل

0
سلمان خان

بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کے نئے ٹیلنٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بالی ووڈ اداکار سلمان خان جہاں اپنی دبنگ اداکاری کی وجہ سے مشہور ہیں وہیں ان میں ایک اور منفرد ٹیلنٹ بھی پایا جاتا ہے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔

سوشل میڈیا پر اداکار سلمان خان کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں پورٹریٹ بناتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں سلمان خان کو چارکول پینسل کی مدد سے 2 انسانی شکلوں کو بناتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکار کبھی پینسل سے تو کبھی پورٹریٹ کو مکمل کرنے کے لیے اپنے ہاتھوں اور انگلیوں کا بھی استعمال کرتے ہیں۔

سلمان خان کے اس چھپے ٹیلنٹ کو جان کر کہیں ان کے مداح حیران ہورہے ہیں تو کہیں انہیں سراہا بھی جارہا ہے اور مداحوں کی جانب سے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ سلمان خان ’ویلکم‘ کے مجنوں بھائی (انیل کپور) بن گئے ہیں، تصویر ایسے بناؤ کے چار لوگ نہیں کوئی بھی نہیں سمجھ پائے۔

دوسرے صارف نے لکھا کہ ’اگر اسے آرٹسٹ کہتے ہیں تو پھر آرٹسٹ کو کیا کہیں گے۔‘ تیسرے صارف نے لکھا کہ ’اصل زندگی کے مجنوں بھائی۔‘

واضح رہے کہ سلمان خان کی رواں سال فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ ریلیز ہوئی تھی جس میں ہیروئن کا کردار پوجا ہیگڑے نے ادا کیا تھا۔

سلمان خان کی آنے والی فلم ’ٹائیگر تھری‘ ہے جس کی کاسٹ میں کترینہ کیف، عمران ہاشمی ودیگر شامل ہیں۔

سونے کی درآمدات بڑھنے لگیں

0
سونا درآمد

اسلام آباد : ملک میں سونے کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں سالانہ بنیادوں پر44.13 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی اور اگست میں 4.971 ملین ڈالر مالیت کا سونا درآمد کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 44.13 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3.449 ملین ڈالرمالیت کاسونا درآمد کیا گیا تھا۔

مقداری لحاظ سے اس مدت میں سونے کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر56.33 فیصد کی کمی ہوئی، جولائی اور اگست میں 102 کلوگرام سونا درآمد کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 65 کلوگرام تھا۔

اگست 2023 میں 2.985 ملین ڈالرمالیت کا سونا درآمد کیا گیا جو گزشتہ سال اگست کے 2.426 ملین ڈالرکے مقابلہ میں 23.02 فیصد زیادہ ہے، مقداری لحاظ سے اگست میں 52 کلو گرام سونے کی درآمد ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال اگست میں 49 کلو گرام تھی۔

جولائی کے مقابلہ میں اگست میں سونے کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر50.30 فیصد کی نمو ہوئی، جولائی میں 1.986 ملین ڈالرمالیت کے سونے کی درآمدات ریکارڈ کی گئی تھی جو اگست میں بڑھ کر2.985 ملین ڈالر ہوگئی۔