ہوم بلاگ صفحہ 9689

سعودی عرب: ‘6 ماہ بعد ملک بدر کردیا جائے گا’ تارکین وطن خبردار!

0

ریاض: سعودی حکومت نے غیرقانونی کاروبار کرنے والے تارکین وطن کو خبردار کیا ہے کہ پکڑے جانے پر 6 ماہ قید کی سزا ہوگی اور پھر ملک بدر کردیا جائے گا۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ(جوازات) کی جانب سے مملکت میں مقیم غیرملکیوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

محکمہ نے انتباہ جاری کیا کہ سعودی عرب میں مقیم ایسے تارکین وطن جو غیر قانونی طور پر اپنا ذاتی کام کرتے ہیں قانونی طور پرجرم ہیں، ان کے خلاف ایکشن ہوگا۔

جوازات نے اس جرم کی سزا 50 ہزار ریال جرمانہ، 6 ماہ قید اور ڈی پورٹ بتائی ہے۔

سعودی محکمہ پاسپورٹ نے یہ پیغام مختلف زبانوں میں جاری کیا تاکہ غیرملکی سمجھ سکیں اور سعودیوں کے ناموں سے ذاتی کام کرتے ہیں وہ اس نوعیت کی سرگرمیوں سے باز آجائیں۔

خیال رہے کہ مملکت میں غیر ملکیوں کے لیے قانونی طور پر ذاتی کاروبار کرنا منع ہے، وہ تارکین وطن جو سعودی عرب میں تجارت کرنے کے خواہاں ہیں ان کے لیے باقاعدہ سرمایہ کاری کا لائسنس حاصل کرنا ہوتا ہے۔

سندھ کے خلاف سینٹرل پنجاب کی پہلی کامیابی

0

راولپنڈی: نینشل ٹی ٹوئنٹی کپ کے سولہویں میچ میں سینٹرل پنجاب نےسندھ کو (ڈک ورتھ لوئس میتھڈ) کے تحت بارہ رنز سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ہوم سٹی سینٹرل پنجاب نے ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت سندھ کو 12 رنز سے شکست دے دی، سینٹرل پنجاب کی نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں سندھ کے خلاف پہلی کامیابی ہے، اس سے قبل دونوں ٹیمیں تین مرتبہ مدمقابل آئیں تاہم تینوں مرتبہ فتح سندھ کے نام رہی۔

سینٹرل پنجاب کی جانب سے 169 رنز کے تعاقب میں سندھ نے 14.4 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے تھے کہ تیز بارش کے باعث میچ روک دیا گیا،اس موقع پر ڈی ایل ایس پر اسکور 122 تھا، بارش نہ رکنے پر سینٹرل پنجاب کوفاتح قراردےدیا گیا۔

شرجیل خان 36 رنز بنا کر سندھ کے ٹاپ اسکور رہے، جارح مزاج بلے باز نے ابتدائی دو وکٹوں کے لیے خرم منظور اور شان مسعود کے ہمراہ بالترتیب 48 اور 28 رنز کی شراکت قائم کی تاہم ان کے بعد سندھ کا کوئی بھی کھلاڑی بڑی شراکت داری قائم نہ کرسکا۔

خرم منظور 14، شان مسعود 12، سرفراز احمد 7، محمد طحہٰ 8 اور انور علی 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، سعود شکیل 14 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا، سینٹرل پنجاب کے نوجوان اسپنر قاسم اکرم نے 4 اوورز میں 20 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، ثمین گل نے 2 اور وہاب ریاض نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

انڈر پاس اور شاہراہ عمر شریف سے منسوب کرنے کا اعلان

0

کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی نے شہید ملت روڈ پر قائم ہونے والے انڈر پاس اور حیدر علی روڈ کو عمرشریف سے منسوب کرنے کا اعلا ن کردیا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان جاری کیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ شہید ملت روڈ پر قائم ہونے والے انڈر پاس اور حیدر علی روڈ کو عمر شریف کے نام سے منسوب کردیا گیا ہے۔

قبل ازیں مرتضیٰ وہاب نے عمر شریف کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انتقال پر تعزیت کی۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ’عمرشریف عظیم شخصیت اوربڑےفنکار تھے، انہوں نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا‘۔

صوبائی وزیراطلاعات سعید غنی بھی عمر شریف کے اہل خانہ سے تعزیت کے لیے اُن کی رہائش گاہ پہنچے۔

وزیراطلاعات سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمر شریف کو اُن کی خواہش کے عین مطابق عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار کے احاطے میں دفن کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ  سندھ حکومت نے تدفین کے انتظامات شروع کردیے ہیں۔

جرمنی میں انتقال کر جانے والے معروف پاکستانی اداکار عمر شریف کی میت منگل کے روز کراچی پہنچنے کا امکان ہے، جرمنی سے اُن کی میت پیر کی رات روانہ کی جائے گی۔ جرمنی کے شہر نیوریمبرگ سےکراچی کافضائی فاصلہ8 گھنٹے ہے۔

اطلاع کے مطابق عمر شریف کی میت کو سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے، عمرشریف کے بیٹے اور اہلیہ کراچی سے براہ راست امریکا روانہ ہوئے تھے، جو آج رات کو جرمنی پہنچیں گے۔

ذرائع کے مطابق اتوارکی تعطیل کے باعث ضروری کارروائی پیر کے روز مکمل کی جائےگی،  میت لانےکیلئے کمرشل پروازیا ایئر ایمبولینس کا استعمال کیاجاسکتا ہے۔

اس ضمن میں سول ایوی ایشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ  ’ایئرایمبولینس سے متعلق تحریری درخواست موصول نہیں ہوئی، درخواست موصول ہوئی تو طیارے یا ایئرایمبولینس کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترنے کی اجازت دی جائے گی۔

خاموش، ‘امی سو رہی ہیں’، مردہ ماں کے ساتھ دن گزارنے والی کمسن بچیاں

0

پیرس: شمالی فرانس میں اندوہناک واقعہ رونما ہوا ہے، جہاں دو کمسن بہنوں نے والدہ کی موت سے بے خبر ان کی لاش کے ساتھ کئی دن گزار دیئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق دلخراش واقعہ فرانسیسی شہر رینس میں پیش آیا جہاں ایک گھر میں خاتون اچانک چل بسیں، خاتون کی دو بیٹیاں جن کی عمر پانچ اور سات سال ہے’ یہی سمجھتی رہیں کہ ان کی والدہ سورہی ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق بچیوں کے بغیر اطلاع کے طویل غیرحاضری پراسکول کی جانب سے پولیس کو اطلاع دی گئی، جب پولیس گھر پر پہنچی تو بچیوں نے پولیس اہلکاروں سے کہا کہ ‘خاموش رہو، امی سورہی ہیں’، تاہم پولیس اہلکار اصرار کرکے گھر کے اندر داخل ہوئے تو انہیں خاتون کی لاش ملی۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق خاتون کی موت طبعی تھی،اکتیس سالہ خاتون کا آبائی تعلق افریقی ملک آئیوری کوسٹ سے تھا۔

پولیس کی جانب سے بچیوں کو اسپتال لے جایا گیا جہاں سے انہیں بچوں کی نگہداشت کے ادارے میں داخل کیا گیا ہے، کمسن بہنوں کی نفسیاتی دیکھ بھال بھی کی جارہی ہے۔

فی الحال یہ بات واضح نہیں ہوسکی کہ بچیاں کتنے دنوں تک اپارٹمنٹ کے اندر اپنی والدہ کی لاش کے ساتھ رہی، معاملے سے متعلق سامنے آنے والی کچھ رپورٹس میں پوسٹ مارٹم رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ خاتون کے انتقال کو اڑتالیس گھنٹے سے زائد کا وقت گزر چکا تھا۔

کمال اننگز، شعیب ملک نے ناقدین کے منہ بند کردئیے

0

راولپنڈی: ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں نظر انداز کئے جانے والے شعیب ملک نے شاندار اننگز کھیل کر اپنی فٹنس ثابت کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے شعیب ملک نے ایک بار پھر ذمے دار کھلاڑی ہونے کا ثبوت دیا اور مشکل حالات میں انتہائی عمدہ اننگز کھیل کر سینٹرل پنجاب کو دو قیمتی پوائٹنس دلوادئیے۔

نیشنل کپ کے کھیلے جارہے 16ویں میچ میں سینٹرل پنجاب نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، سندھ نے میچ کے آغاز سے ہی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے سینٹرل پنجاب کے کھلاڑیوں کو چلتا کیا، 95 کے مجموعے اسکور پر ان کے 5 کھلاڑی پویلین پہنچ چکے تھے۔

اس موقع پر تجربہ کار آل راونڈ شعیب ملک کا بلا رنز اگلنے لگا، ملک کے سامنے سندھ کے تمام بولرز بے بس نظر آئے انہوں نے میدان کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیل کر اپنی ٹیم کا مجموعہ 168 تک پہنچادیا۔

شعیب ملک نے شاندار نصف سینچری اسکور کرتے ہوئے 47 بالز کے عوض 85 رنز ناٹ آؤٹ کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں پانچ چھکے اور آٹھ چوکے شامل تھے۔

گورنر خیبرپختون خواہ نے کروڑوں روپے سرکاری خزانے میں‌ جمع کرادیے

0

پشاور: خیبرپختون خواہ کے گورنر شاہ فرمان نے کروڑوں روپے کا صوابدیدی فنڈ استعمال کرنے کے بجائے سرکاری خزانے میں واپس جمع کرادیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر خیبر پختون خواہ نے مثالی قدم اٹھاتے ہوئے کروڑوں روپے کا صوابدیدی فنڈ استعمال کرنے کی بجائے سرکاری خزانے میں واپس جمع کروادیا۔

ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق شاہ فرمان کی ہدایت پر 9 کروڑ 60 لاکھ 21 ہزار 2 سو بائیس روپے خرچ کرنے کے بجائے حکومتی خزانہ میں جمع کرا دئے گئےجو قبائلی اضلاع میں گورنر کی صوابدید پر استعمال کے لئے گورنر سیکرٹریٹ کے بجٹ میں جاری کئے گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 کروڑ 60 لاکھ 21 ہزار 2 سو بائیس روپے کا مجموعی فنڈ مرحلہ وار مالی سال 2019-20، 2020-21 اور 2021-22 میں جاری کیا گیا تھا۔ گورنر کے پی شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ سابقہ فاٹا اب کے پی کا حصہ ہے اورصوبائی حکومت ہی آئینی و قانونی طور پر قبائلی اضلاع کی تعمیر و ترقی سمیت تمام امور کی زمہ دار ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ فاٹا انضمام کے بعد قبائلی اضلاع کیلئے فنڈز کو بطور گورنر صوابدید استعمال کرنا درست نہیں سمجھتا تھا اس لیے یہ رقم واپس جمع کروادی، فاٹا انضمام کے انتظامی و قانونی معاملات کو نمٹانے میں اپنا موثر آئینی کردار ادا کرتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ سابقہ فاٹا جو خیبرپختون خواہ میں انضمام سے قبل وفاق کے زیرانتظام علاقہ ہوا کرتا تھا اور گورنر کے پی ان علاقوں کے لئے وفاقی حکومت کے نمائندہ ہوتے تھے، جنہیں اختیارات اور بے شمار فنڈز کے ساتھ ساتھ ایک بھاری رقم صوابدیدی فنڈ کے طور پر جاری کی جاتی تھی۔

ٹویٹر اکاؤنٹ‌ کی بحالی کے لیے ٹرمپ عدالت پہنچ گیے، درخواست میں‌ طالبان کا تذکرہ

0

واشنگٹن: امریکا کے سابق صدر ٹرمپ نے ٹویٹر اکاؤنٹ بحال کروانے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔

امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے وفاقی جج کو ٹویٹر اکاؤنٹ بحال کرنے کے حوالے سے درخواست دی، جس میں آئی ڈی بحال کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے فلوریڈا کی ضلعی عدالت میں درخواست دائر کی، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ ٹویٹر انتظامیہ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر حکم امتناع جاری کیا جائے۔

انہوں نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ’ٹویٹر انتظامیہ کو امریکی کانگریس نے میرا اکاؤنٹ معطل کرنے پر مجبور کیا‘۔

ٹرمپ نے کہا کہ ’افغان طالبان کو تو ٹویٹر نے اظہار رائے کی اجازت دی ہوئی ہے مگر میرے ٹویٹس کو صدر ہوتے ہوئے بھی ڈیلیٹ کیا گیا اور مجھ پر ٹویٹ کے ذریعے جعلی، اشتعال انگیزی پھیلانے کے الزام عائد کیے گیے‘۔

امریکی صدر کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست پر ٹویٹر نے فوری کوئی ردعمل نہیں دیا البتہ کمپنی ذرائع نے بتایا کہ وہ اپنے فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور عدالت میں لیگل ٹیم کو بھی بھیجیں گے۔

واضح رہے کہ ٹویٹر، فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب  نے 6 جنوری کو کیپٹل ہل کے باہر پیش آنے والے واقعے کے بعد ٹرمپ کے اکاؤنٹس عارضی طور پر بند کیے تھے، بعد ازاں انہیں مستقل بند کرنے کا اعلان کیا گیا۔

سوشل میڈیا کمپنیز نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ٹرمپ کے اشتعال انگیز ٹوئٹس، اسٹیٹس پالیسی کی خلاف ورزی ہیں، ایسے پیغامات سے نقصِ امن کو خطرہ ہوسکتا ہے، اسی پیش نظر پابندی عائد کی گئی ہے۔

ریچھ کی چوری پکڑی گئی، ویڈیو وائرل

0

مچھلیوں کے شکار کے بڑا شوقین ریچھ نے پندرہ کلو وزنی پارسل کیوں چوری کیا؟ جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست ٹینیسی میں ریچھ نے خاتون کے پورچ سے 33 پاؤنڈ وزنی تقریبا 15 کلو گرام وزنی پارسل چوری کرلیا، شبہ کسی اور پر کیا جاتا، جائے وقوعہ پر موجود سی سی ٹی وی کیمروں نے تمام حرکات ریکارڈ کرلی جس کے نتیجے میں خاتون کو اس کا سامان مل گیا۔

واقعہ کچھ یوں ہے کہ امریکی ریاست ٹینیسی میں ریچھ ٹہلتا ہوا ایک خاتون کے گھر میں داخل ہوا جہاں اس نے کوریئر سروس کی جانب سے گھر کے پورچ میں رکھے پارسل کو سونگھا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ریچھ پارسل پیکج کو سونگھنے کے بعد اپنے ہمراہ کھینچتا ہوا لے گیا، خاتون نے حیران کن واقعے سے متعلق میڈیا کو بتایا کہ میں نہیں جانتی کہ ریچھ کو پارسل کی جانب کس چیز نے راغب کیا؟ کیونکہ اس میں ایسی کوئی چیز نہیں تھی جسے کھانے میں جانوروں کی دلچسپی ہو۔

تاہم خاتون نے بتایا کہ اس پارسل پیکج میں مچھلی کے تالاب کے لیے بوتلوں میں بند کیمیکل تھا، شاید یہی اس پارسل کی چوری کی وجہ بنی ہو۔

اسحاق ڈار کا الیکشن کمیشن کو اہم خط، شوکت ترین کے سینیٹر بننے کے خواب مدہم

0

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو اہم خط لکھ دیا، جس میں لکھا کہ میری سینیٹ کی خالی نشست کا مقدمہ عدالت میں زیر التوا ہے، اس لیے سینیٹ رکن کا حلف نہیں اٹھا سکا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھیجے گئے خط میں لکھا کہ ’ 40دنوں میں حلف لینےکا اطلاق مجھ پرنہیں ہوتا، ای سی نے نوٹیفکیشن کیاتھاجسے8مئی2018کو عدالت نے معطل کیا‘۔

انہوں نے بتایا کہ عدالت میں اس حوالے سے میرامقدمہ زیرالتوا ہے، جس کے تحت الیکشن کمیشن کے جاری کیے جانے والے نوٹی فکیشن کو معطل کردیا گیا ہے، جب تک عدالتی فیصلہ نہیں آتاسینیٹ کاحلف نہیں لے سکتا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا شوکت ترین کو سینیٹ کا ٹکٹ دینے کا فیصلہ

اسحاق ڈار نے خط میں یکم ستمبر کے صدارتی آرڈیننس کا بھی حوالہ دیکھ ہوئے لکھا کہ جب تک عدالتی فیصلہ نہیں آتا میری رکنیت معطل رہےگی۔ لیگی رہنما نے خط میں لاہور ڈویژن بینچ کےفیصلےکا ذکر بھی کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسحاق ڈار نے اس خط کی کاپی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو بھی ارسال کی ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے وزیر خزانہ شوکت ترین کی مدت ختم ہونے سے قبل انہیں اسحاق ڈار کی خالی نشست پر سینیٹ الیکشن لڑوانے کا فیصلہ کیا تھا، وفاقی حکومت کواسحاق ڈارکی سینیٹ نشست خالی ہونےکا انتظار تھا۔

سابق وفاقی وزیر خزانہ کی جانب سے بھیجے جانے والے خط کے بعد حکومت کا شوکت ترین کو سینیٹر منتخب کرانے کا خواب پورا نہ ہونے کا خدشہ ہے۔ اس حوالے سے ذرائع نے کہا کہ خط کے بعد شوکت ترین اسحاق ڈارکی سیٹ پر سینیٹر منتخب نہیں ہوسکتے۔

بھارت: لڑکی کی آنکھوں سے آنسو کی جگہ پتھر نکلنے لگے، حیران کن ویڈیو

0

اترپردیش: بھارت میں ایک پندرہ سالہ لڑکی کی آنکھوں سے آنسوؤں کی جگہ پتھر نکلتے ہیں، ویڈیو دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔

تفصیلات کے مطابق ریاست اترپردیش کے ایک گاؤں گادیا بلداسپور کی رہائشی 15 سالہ چاندنی کی آنکھوں سے آنسو کی بجائے پتھر بہنے لگے ہیں۔

والدین کا کہنا ہے کہ 17 جولائی سے اچانک چاندنی کی آنکھوں سے آنسوؤں کی جگہ پتھر نکلنے لگے ہیں، اور اس کی آنکھوں سے روز دس سے پندرہ پتھر نکلتے ہیں، جب کہ اب تک وہ تقریباً 70 پتھر جمع کر چکے ہیں۔

اس لڑکی کی آنکھوں سے پتھر نکلنے کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی ہے، جسے دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے، تاہم ڈاکٹرز اس کرشمے کو تسلیم کرنے سے انکاری ہیں۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ یا تو یہ لڑکی خود آنکھوں میں پتھر ڈال کر نکالتی ہے، یا کوئی دوسرا پتھر اس کی آنکھ میں ڈالتا ہے۔ ماہر امراض چشم کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں کوئی سائنسی تحقیق موجود نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ لڑکی اپنی آنکھوں میں پتھر ڈالتی ہے تاکہ انھیں آنسوؤں کی طرح باہر نکال کر لوگوں کی توجہ حاصل کر سکے۔

ڈاکٹر نیرج گپتا کا کہنا ہے کہ اس طرح کی چیز میڈیکل میں موجود ہی نہیں ہے یہ ممکنہ طور پر فریبی عمل ہے۔