ہفتہ, جون 21, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 11360

امریکی سپریم کورٹ کی پہلی سیاہ فام خاتون جج نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

0

امریکا میں سپریم کورٹ کی پہلی سیاہ فام خاتون جج کیٹان جی براؤن جیکسن نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اپریل میں امریکی سینیٹ میں سیاہ فام خاتون جج کی تعیناتی کے حق میں 53 اور مخالفت میں 47 ووٹ دیے گئے تھے۔

صدر جو بائیڈن نے پچھلے سال کیٹان جی کو ڈسٹرکٹ کولمبیا کی کورٹ آف اپیلز میں جج تعینات کیا تھا۔

واضح رہے کہ 51 سالہ کیٹان جی 1789 میں قائم ہونے والی امریکی سپریم کورٹ کی 116 ویں جج، چھٹی خاتون جج اور تیسری سیاہ فام جج ہیں ان سے قبل دو سیاہ فام مرد سپریم کورٹ میں جج بن چکے ہیں۔

اس سے قبل سیاہ فام خاتون 8 برس تک فیڈرل ڈسٹرکٹ جج کے عہدے پر بھی تعینات رہ چکی ہیں۔

یاد رہے کہ صدر جو بائیڈن نے 2020 میں اپنی صدارتی انتخابی مہم کے دوران وعدہ کیا تھا کہ وہ ایک سیاہ فام خاتون کو سپریم کورٹ میں تعینات کریں گے۔

پی ٹی آئی کو پریڈ گراؤنڈ جلسے کی مشروط اجازت مل گئی

0

پاکستان تحریک انصاف کو دارالحکومت اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں عوامی جلسے کی این او سی جاری کر دی گئی۔

اسلام آباد انتظامیہ نے این او سی میں کہا ہے کہ احتجاج کے دوران ریاست کے خلاف نعرے بازی نہیں ہوگی، پریڈ گراؤنڈ میں احتجاج مقررہ وقت میں ختم کرنا ہوگا اور دھرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

پی ٹی آئی کو پریڈ گراؤنڈ جلسے کا این او سی جی ایچ کیو کی اجازت سے مشروط کیا گیا۔ جلسے کے دوران اسلام آباد ایکسپریس وے سمیت سڑکیں بند نہیں کی جائیں گی۔

این او سی میں کہا گیا کہ مظاہرین کو پُرامن  منتشر کرنا پی ٹی آئی کی ذمہ داری ہوگی، اسٹیج پر آنے والے افراد کی لسٹ 12 گھنٹے قبل ایڈمنسٹریشن کو دینا ہوگی، آرگنائزر پرائیویٹ سکیورٹی انتظامات سے متعلق ایس ایس پی آپریشنز کو آگاہ کرے گا۔

اجازت نامہ میں کہا گیا ہے کہ سی سی ٹی کیمرے لگائے جائیں گے، کسی قسم کے تشدد، جھگڑے اور اموات کی صورت میں آرگنائزر ذمہ دار ہوگا، راستے بند نہیں کیے جائیں گے ورنہ خلاف ورزی پر ایکشن لیا جائے گا اور طاقت کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بیان حلفی جمع کرا دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دینے سے گریز کرنے پر مرکزی سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر نے سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔

اس عمر کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت عمران خان کی عوام میں مقبولیت سے خوفزدہ ہے، حکومت 2 جولائی کو اسلام آباد جلسے کی منظوری میں حیلے بہانے کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں اور جلسوں سے ڈر رہے ہیں، اس خوفزدہ امپورٹڈ ٹولے کا کیا بنے گا۔

خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 2 جولائی کو اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں بڑے عوامی جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔

’جان لینا اس کی بیماری ہے‘

0

بھارتی فلم ’ایک ولن‘ سیریز کی دوسری فلم ’ایک ولن ریٹرنز‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

بالی ووڈ فلم ’ایک ولن ریٹرنز‘ میں جان ابراہم، دیشا پٹانی، ارجن کپور اور تارا ستاریا مرکزی کردار نبھا رہے ہیں، فلم کی ہدایت کاری کے فرائض موہت سوری نے انجام دیے ہیں۔

فلم کے پروڈیوسرز ایکتا کپور، بھوشن کمار، کرشن کمار اور شوبھا کپور ہیں۔

فلم کے ٹریلر میں سیریز کی پہلی فلم کے ولن کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ’ایک ولن‘ کی واپسی ہوئی ہے۔

ٹریلر میں بتایا گیا ہے کہ ’آپ لوگوں کو لگا ہوگا کہ ولن کی کہانی ختم ہوگئی پر آٹھ سال بعد ایک ولن واپس آگیا ہے اور جان لینا اس کی بیماری ہے۔‘

فلم کے ٹریلر میں بتایا گیا ہے کہ یہ صرف ان لڑکیوں کو ٹارگٹ کرتا ہے جن کے یکطرفہ عاشق ہوں اور یہ دل ٹوٹے عاشقوں کا مسیحا بننا چاہتا ہے۔‘

ٹریلر میں جان ابراہم اور ارجن کپور ایک دوسرے کو ولن قرار دے رہے ہیں لیکن ٹریلر کے اختتام تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ ولن کون ہے؟ تاہم اس کا پتا فلم دیکھنے کے بعد ہی لگایا جاسکتا ہے کہ ولن کون ہے؟

فلم ایک ولن ریٹرنز 29 جولائی کو بڑے پردے پر ریلیز کی جائے گی۔

مداحوں کی جانب سے جان ابراہم اور دیشا پٹانی پر فلمائے گانے ’میں نے تیرا نام دل رکھ دیا‘ کو بھی پسند کیا جارہا ہے۔

شائقین کیلئے خوشخبری، پاکستان فٹبال پر چھائے نحوست کے بادل چھٹ گئے

0
فٹبالرز

اسلام آباد: پاکستان فٹبال پر چھائے نحوست کے بادل چھٹ گئے، فیفا نے پاکستان کی انٹرنیشنل رکنیت بحال کردی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق انٹرنیشنل فیڈریشن فٹبال ایسوسی ایشن فیفا نے پاکستان فٹبال پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے، جس کے بعد پاکستانی ٹیموں پر انٹرنیشنل فٹبال کے دروازےکھل گئے ہیں اور ملکی سطح پر فٹبال سرگرمیوں کا سلسلہ بھی بحال ہوگا۔

خیال رہے کہ فٹبال ہاؤس پر اشفاق گروپ کا قبضہ معطلی کا سبب بنا تھا۔

فیفا کے فیصلے کے بعد نارملائزیشن کمیٹی الیکشن کیلئے پیش رفت کرے گی۔ چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک نے کہا کہ فٹبال برادری کو مبارکباد، این سی کی انتھک محنت اور فٹبال فیملی کی دعائیں رنگ لے آئیں ہیں، فیفا نےاین سی کے مینڈیٹ میں بھی ایک سال کی توسیع کردی ہے

یہ بھی پڑھیں: پاکستان فٹبال فیڈریشن پرعائد پابندی میں‌ توثیق

ہارون ملک نے کہا کہ فٹبال کی بحالی، پی ایف ایف الیکشنز کا انعقاد اور اثاثہ جات کی واپسی ترجیح ہوگی۔

حکومت کا ٹیکسٹائل ملز کو گیس کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ

0
ٹیکسٹائل

لاہور: حکومت نے پنجاب کی ٹیکسٹائل ملز کو گیس کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو ایک ہفتہ کیلئے گیس کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے بعد ٹیکسٹائلز ملز کو آج رات 12 بجے گیس کی فراہمی بند کردی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کیپٹو پاور پلانٹس رکھنے والی ٹیکسٹائل ملز کے گیس بند کی جائے گی، گیس بندش کا فیصلہ پاور، فرٹیلائزر سیکٹر کو گیس کی فراہمی بلاتعطل جاری رکھنے کیلئے کیا گیا ہے۔

سوئی ناردرن گیس کمپنی نے گیس بندش کے بارے میں ملز کو آگاہ کردیا ہے۔

اپٹما نے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے ٹیکسٹائل ملز کو گیس کی فراہمی فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے، اپٹما کا کہنا ہے کہ گیس بندش سے بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یونیورسٹی سے کیوں نکالا؟ طالب علم کے ہاتھوں دو پروفیسر قتل

0

عراق میں یونیورسٹی کے سابق طالب علم نے دو پروفیسر کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا جبکہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی کے طالب علم نے کیمپس کے سامنے فیکلٹی آف لا کے ڈین پر فائرنگ کی جن کے سر اور سینے میں گولیاں لگیں انہیں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

بعدازاں عراقی طالب علم نے اربیل کے ایک محلے میں واقع فیکلٹی آف انجینئرنگ کے پروفیسر کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پروفیسر ہلاک ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ’طالب علم ایک یونیورسٹی سے نکالے جانے اور دوسری یونیورسٹی میں ٹرانسفر کی درخواست مسترد ہونے پر ناراض تھا۔‘

اربیل کے گورنراومید خوشناؤ نے بتایا کہ ’طالب علم نے پہلے فیکلٹی آف لا کے ڈین کاوان اسماعیل پرصلاح الدین یونیورسٹی میں فائرنگ کی اور پھر صلاح الدین یونیورسٹی کی فیکلٹی آف انجینیئرنگ میں مکینکل کے پروفیسر ادریس عزت کے گھر میں گھس کرانہیں نشانہ بنایا‘۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان عادی مجرم اور کئی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔‘

فیکلٹی آف انجینیئرنگ کی ڈین نجاۃ احمد نے بتایا کہ’ پروفیسرادریس کی اہلیہ بھی یونیورسٹی میں پروفیسر ہیں اور وہ شمالی اربیل کی سوران یونیورسٹی میں پڑھاتی ہیں، پروفیسرادریس کی اہلیہ نے دھمکی دینے پر نوجوان کے خلاف رپورٹ درج کرائی تھی اورعدالت سے رجوع کیا تھا‘۔

پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ سابق طالبعلم کا ارادہ پروفیسر ادریس کی اہلیہ کو قتل کرنے کا تھا جو اس وقت گھر پر موجود نہیں تھیں۔

”پاکستان امریکا کیساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے“

0

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سے امریکا کے اسسٹنٹ سیکریٹری نارکوٹکس ٹاڈڈی رابنسن نے ملاقات کی جس میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اور امریکی سفارتخانے کے دیگر حکام شریک تھے۔

ملاقات میں پاک امریکا دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت ہوئی، دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جب کہ تعلقات کے فروغ کیلیے وسیع البنیاد ڈائیلاگ کی ضرور ت پر بھی زور دیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے منی لانڈرنگ، منشیات اسمگلنگ روک تھام اور انسانی اسمگلنگ سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔

امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری ٹاڈڈی رابنسن نے کہا کہ پاک امریکا وسیع البنیاد اور دیرنیہ تعلقات ہیں۔

’گروکل کی ہوائیں بدل رہی ہیں‘ زارا نور کی تصاویر وائرل

0

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ زارا نور عباس کی نئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

اداکارہ زارا نور عباس نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کی سن 2000 میں ریلیز ہونے والی فلم ’محبتیں‘ کا ڈائیلاگ شیئر کیا اور ساتھ ہی فلم کے افسانوی اسکول گروکل کی لوکیشن پرجاکر تصاویر بھی بنوائیں۔

زارا نور عباس نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’گروکل کی ہوائیں بدل رہی ہیں مزیدار بات یہ ہے کہ اس دن شاہ رخ خان کے بالی وڈ انڈسٹری میں 30 سال منائے جا رہے تھے اور میں اس جگہ گئی جہاں فلم محبتیں کے بیرونی مناظر شوٹ کیے گئے تھے ٹی وی پر نظر آںے والی ان جگہوں کو حقیقت میں دیکھ کر شاندار لگ رہا ہے۔‘

واضح رہے کہ ’محبتیں‘ میں دکھایا جانے والا اسکول گروکل اصل میں انگلینڈ کی کاؤنٹی ولٹ شائر میں واقع لونگ لیٹ نامی ایک پرانا محل ہے۔

زارا نور عباس نے اپنی دوسری پوسٹ میں بھی فلم کا ڈائیلاگ لکھا کہ ’مر بھی جائیں پیار والے، مٹ بھی جائیں پیار والے، زندہ رہتی ہیں ان کی محبتیں۔‘

اس مشہور فلم کی کہانی اسکول میں پڑھنے والے طالب علموں کے گرد گھومتی ہے جن کی محبت کو اسکول کے سخت مزاج پرنسپل (امیتابھ بچن) کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور انہیں میوزک ٹیچر (شاہ رخ خان) کی مدد حاصل ہوتی ہے جو پرنسپل کی آنجہانی بیٹی سے محبت کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ 25 جون کو شاہ رخ خان کے مداحوں نے دنیا بھر میں ان کے بالی وڈ میں 30 سال پورے ہونے کا جشن منایا تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب پر سپریم کورٹ کو اسٹے آرڈر دینا چاہیے

0

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں صرف ایک ہی کام ہورہا ہے کہ حمزہ شہباز کسی طرح خود کو وزیراعلیٰ بنادے، سپریم کورٹ سے اپیل ہے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں اسٹے دینا چاہیے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حمزہ شہباز کے انتخاب کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ حمزہ شہباز کا وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب غیرآئینی تھا، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر تمام پاکستانیوں کو مبارکباد دیتا ہوں، عدالت کے فیصلے نے ثابت کیا حمزہ شہباز کا انتخاب غیرآئینی تھا۔

انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کو اتنے عرصے تک وزیراعلیٰ پنجاب بننے کا کوئی حق نہیں تھا، عدالتی فیصلے میں کچھ چیزیں ایسی ہیں جس کی وضاحت چاہیے، وضاحت نہیں آئی تو پاکستان میں سیاسی بحران بڑھتا جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ عدالت نے مان لیا حمزہ شہباز کا انتخاب غیرآئینی تھا تو آج وزیراعلیٰ کیسے ہے؟، عدالتی فیصلے کے بعدحمزہ شہباز کس قانون کے تحت وزیراعلیٰ رہ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی وضاحت کیلئے سپریم کورٹ جارہے ہیں، لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کا 24 گھنٹے میں دوبارہ انتخاب کا حکم دیا، حمزہ شہباز کا انتخاب غیرآئینی تھا تو آج بھی وہ کیسے وزیراعلیٰ رہ سکتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ حمزہ شہباز آج بھی وزیراعلیٰ ہے تو اس کے ہوتے دوبارہ انتخاب کیسے شفاف ہوگا، شریف خاندان کی تاریخ ہے یہ کوئی کام ایمانداری کیساتھ نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان جو بھی کام کرتا ہے اس میں دونمبری کرتا ہے، کاروبار ہو یا الیکشن اس میں دونمبری شریف خاندان کا وطیرہ رہا ہے، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کردار بھی متنازع ہے عدالت میں جاچکے ہیں، حمزہ شہباز اور ڈپٹی اسپیکر کے ماتحت الیکشن مزید بحران پیدا کریگا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے 24 گھنٹے میں ری پولنگ کا وقت دیا ہے، ہمارے کئی ممبران پاکستان میں نہیں ہے، ایسے 6 ممبرز کو جانتا ہوں جو حج کرنے گئے ہوئے ہیں، 24 گھنٹے میں تو دور دراز علاقوں سے بھی ممبران نہیں آسکتے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن میں گئے، الیکشن کمیشن کو ہمارے ممبران کو نوٹیفائی کرنا چاہیے تھا تاکہ ووٹ کرتے، ای سی نے متنازع فیصلہ کیا کہ ضمنی انتخاب تک مخصوص نشستوں کو نوٹیفائی نہیں کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عدالت گئے، ای سی کے فیصلے کو مسترد کیا گیا، الیکشن کمیشن نے ابھی تک 5 مخصوص نشستوں کو نوٹیفائی نہیں کیا، 20 نشستوں پر ضمنی انتخاب ہورہا ہے وہ بھی ووٹ کاسٹ نہیں کرسکیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ حمزہ شہباز کی موجودگی میں انتخاب ہوگا تو وہ بھی شفاف نہیں ہوں گے، حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب دھاندلی سے جیتنے کی کوشش کررہا ہے، حمزہ شہباز پولیس کو استعمال کررہا ہے، بلیک میلنگ کررہا ہے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ قانونی ٹیم سے مشاورت کی ہے، کل صبح ہم سپریم کورٹ کے پاس جارہے ہیں وضاحت چاہتے ہیں، پاکستان میں پہلے ہی سیاسی بحران ہے، کل وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب ہوا تو خدشہ ہے سیاسی بحران مزید بڑھےگا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی حالات ایسے ہیں کوئی ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہیے کہ بحران مزید بڑھے، پنجاب میں صرف ایک ہی کام ہورہا ہے کہ حمزہ شہباز کسی طرح خود کو وزیراعلیٰ بنادے، سپریم کورٹ سے اپیل ہے وزیراعلیٰ پنجاب کےانتخاب میں اسٹے دینا چاہیے۔

بیل آؤٹ پیکج: آئی ایم ایف نے سری لنکا کو مطالبات کی فہرست تھمادی

0

کولمبو: عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے تاریخ کے بدترین مالی بحران کا شکار سری لنکا کو بیل اؤٹ پیکج دینے سے قبل مطالبات پورے کرنے کی فہرست تھمادی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق آئی ایم ایف نے سری لنکن حکومت کے ساتھ گزشتہ دس روز سے جاری مذاکرات کے اختتام پر اعلامیہ جاری کردیا ہے، جس میں عالمی مالیاتی ادارے نے سری لنکن حکومت سے قرض کے حصول کیلئے ملک میں کرپشن کم کرنے، ٹیکسوں میں اضافہ اور ایندھن پر سبسڈی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ سری لنکن حکام نے اقتصادی اصلاحات کے پروگرام کی تشکیل میں کافی پیش رفت کی ہے، تاہم انہیں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

مالیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ سری لنکا نے ٹیکس میں کی گئی کٹوتیوں کو واپس لیا ہے اور توانائی پر بھی سبسڈیز کو کم کیا ہے، جب کہ رواں سال ایندھن کی قیمتوں میں 400 فیصد تک اضافہ ہوا ہے، لیکن انہیں مالیاتی خسارہ ٹھیک کرنے اور دور رس ٹیکس اصلاحات کی فوری ضرورت ہے۔

سری لنکن حکام کے ساتھ بیل آؤٹ پیکیج پر بات چیت جاری رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا کی صورتحال مزید ابتر، دل دہلا دینے والی ویڈیو منظر عام پر

خیال رہے کہ سری لنکا آئی ایم ایف سے چھ ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج کیلئے مذاکرات کررہا ہے، سری لنکا کو آنے والے مہینوں میں کم از کم 6 ارب ڈالر کی ضرورت ہے تاکہ ملکی مالیات کو مستحکم کیا جا سکے۔

خیال رہے کہ سری لنکا کے پاس اس وقت ڈالرز کی شدید قلت ہے، جس کی وجہ سے انڈین  بیرون ملک سے ایندھن، خوراک اور ادویات سمیت اشیا ضروریہ خریدنے سے قاصر ہے۔